امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وہائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر ملاقات کی اور ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں شخصیات نے اس تنازعے کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔
EPAPER
Updated: June 19, 2025, 10:03 PM IST | Washington
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وہائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر ملاقات کی اور ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں شخصیات نے اس تنازعے کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے اور’ ’وہ ایران کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، شاید دوسروں سے بہتر، اور وہ اس صورت حال سے خوش نہیں ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایسا نہیں ہے کہ ان کے تعلقات اسرائیل سے بہتر ہیں، وہ (پاکستان) ان دونوں کو حقیقت میں جانتا ہے، لیکن وہ، شاید، ایران کو بہتر جانتا ہے، لیکن وہ دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ اور انہوں (فیلڈ مارشل عاصم منیر) نے مجھ سے اتفاق کیا۔ ‘‘انہوں نے یہ بات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وہائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ امریکی صدر نے یہ اہم ملاقات وہائٹ ہاؤس کے کیبنٹ روم میں کی۔ تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران سے متعلق دونوں کے درمیان کیا بات ہوئی البتہ پاکستان فوج کے بیان کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جہاں دونوں لیڈران نے اس تنازعے کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھئے: کنیڈا: ہندوستان شمالی امریکہ میں سکھ علیحدگی پسند تحریک کو نشانہ بنا رہا ہے
اگرچہ ملاقات کا وقت ابتدائی طور پر ایک گھنٹہ طے تھا، لیکن یہ دو گھنٹوں سے زیادہ جاری رہی جس نے بیان کے مطابق گفتگو کی گہرائی اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ دو طرفہ تعلقات کی گرمجوشی کی عکاسی کرتے ہوئے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو دونوں کیلئے کسی موزوں تاریخ پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وہائٹ ہاؤس میں یہ اعلیٰ سطحی ملاقات کابینہ کے کمرے میں دوپہر کے کھانے کے دوران طے کی گئی جس کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا۔ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کے ہمراہ وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ کے امور کیلئے امریکی خصوصی نمائندے، اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی وزیراعظم نے مظالم میں ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا: رجب طیب اردگان
بحث کا دائرہ دو طرفہ تعاون کو کئی شعبوں میں بڑھانے کے مواقع پر بھی محیط تھا جس میں تجارت، اقتصادی ترقی، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی، کریپٹو کرنسی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ طویل مدتی اسٹریٹجک ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات پر مبنی باہمی مفاد کے تجارتی شراکت داری کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی۔ صدر ٹرمپ نےعاصم منیر کی پیچیدہ علاقائی حالات کے دوران قیادت اور فیصلہ سازی کی تعریف کی۔ پاکستان فوج کے بیان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مضبوط کرنے کی جاری کوششوں میں ایک اہم موقع تھاجو امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آیت اللہ علی خامنہ ای کی مجاہدانہ للکار، اسرائیل ،امریکہ دونوں کو وارننگ
ملاقات کے دوران، چیف آف آرمی اسٹاف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے صدر ٹرمپ کے تعمیری اور نتائج پر مبنی کردار کی تعریف کی۔ ساتھ عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کی ریاستی حکمت عملی اور ان کی عالمی برادری کے سامنے درپیش پیچیدہ چیلنجز کو سمجھنے اور ان کا حل تلاش کرنے کی صلاحیت کو تسلیم کیا۔ پاکستانی بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس کے بدلے میں پاکستان کی علاقائی امن اور استحکام کیلئے جاری کوششوں کی تعریف کی اور دونوں ریاستوں کے درمیان مضبوط انسداد دہشت گردی تعاون کی تعریف کی۔ دونوں طرف نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں جاری تعاون کے عزم کی توثیق کی۔ ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ روکنے کا شکریہ ادا کرنے کیلئے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کے دفاعی نظام پر دباؤ، انٹرسیپٹر میزائلوں کی کمی
کھانے کے بعد انہوں نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ( ہند پاک ) جنگ روکنے میں اہم کردار ادا کیا اورمیں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لئےباعثِ اعزاز سمجھتا ہوں۔ جنگ بندی کیلئے انہوں نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی بھی تعریف کی اور کہا:’’دو بہت ذہین افراد نے اس جنگ کو جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا، یہ ایک جوہری جنگ بن سکتی تھی۔ ‘‘ وہائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے صحافی کی جانب سے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے حوالے سے پوچھا گیا تو ٹرمپ نے کہا کہ ’’میں نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ روکی ہے۔ ‘‘