شرد پوار کی موجودگی میں سپریہ سلے اور جینت پاٹل نے واضح کیا۔
EPAPER
Updated: May 22, 2026, 10:12 AM IST | Mumbai
شرد پوار کی موجودگی میں سپریہ سلے اور جینت پاٹل نے واضح کیا۔
اجیت پوار کی موت کے بعد یہ بحث شروع ہوئی تھی دونوں این سی پی آپس میں ضم ہو جائیں گی اور این سی پی (شرد) این ڈی اے میں شامل ہو کر اقتدار میں آجائے گی ۔ مہینوں چلنے والی اس بحث کو بدھ کے روز حتمی طور پر ختم کر دیا گیا جب شرد پوار کی موجودگی میں این سی پی (شرد) کی ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں پارٹی کے تمام اہم لیڈران اور عہدیدار موجود تھے۔
اس میٹنگ میں یہ اصرار کیا گیا کہ یہ بات واضح کی جائے کہ دونوں پارٹیاں آپس میں ضم ہو رہی ہیں یا نہیں؟ آخر کار این سی پی (شرد) کی کارگزار صدر سپریا سلے اور سینئر لیڈر جینت پاٹل نے واضح کیا کہ ان دو پارٹیوں کاانضمام نہیں ہوگا۔ اس میٹنگ میں شرد پوار بھی موجود تھے، لیکن شرد پوار نے اس معاملے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ ان کے سامنے سپریہ سلے اور جینت پاٹل نےپارٹی کی پوزیشن واضح کردی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کے اشتراک سے فروغ علم و ہنر کیلئے مشاورتی نشست
روہت پوار کا بیان
دریں اثنا، اس سارے پس منظر میں ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے روہت پوار نے کہا ہے کہ ’’ میں این سی پی (شرد) چھوڑ دوں گا لیکن بی جے پی کے ساتھ نہیں جائوںگا۔دراصل ان سے پوچھا گیا تھاکہ دونوں گروپوں کے انضمام کی بات اب ٹھنڈی پڑ گئی ہے، لیکن این سی پی (شرد) کے لیڈر حکومت کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں، اگر آپ کو (روہت پوارکو)چھوڑ دیں تو این سی پی (شرد) کا کوئی دوسرا لیڈر حکومت پر زیادہ تنقید کرتا نظر نہیں آتا، اسلئے لوگوں کو اب بھی یہی لگتا ہے کہ یہ درپردہ اب بھی یہ بحث چل رہی ہے، فرض کریں کہ اگر این سی پی (شرد) این ڈی اے میں شامل ہو گئی تو آپ کا کیا موقف ہوگا؟ جواب میں روہت پوار نے کہا اگر این سی پی( شرد)کل این سی پی (اجیت) میں ضم ہوجاتی ہے اور این ڈی اے کے ساتھ جاتی ہے تو میں کوئی اور متبادل تلاش کروں گالیکن میں بی جے پی کے ساتھ نہیں جاؤں گا۔ روہت پوار کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔ان سے پوچھا گیاکہ کیا دوسرے متبادل کا مطلب ہے کہ آپ کانگریس کے ساتھ جائیں گے؟لیکن انہوں نے اس سوال پر بات کرنے سے گریز کیا۔ روہت پوار نے کہا کہ میں دیکھوں گا کہ میں کوئی اور متبادل تلاش کروں لیکن بی جے پی کے ساتھ نہیں جاؤں گا۔ بھلے ہی مجھے این سی پی (شرد) چھوڑنی پڑے۔