• Tue, 08 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امراوتی میں ۲۴؍گھنٹے کے اندر شیرنی کے حملے میں ۲؍افراد ہلاک

Updated: September 08, 2026, 12:31 PM IST | Ali Imran | Amravati

محکمہ جنگلات کی ٹیم نے پیر کو کچھ گھنٹوں کی تلاش و کوشش کے بعد شیرنی کو قید کرنے میں کامیاب۔

A lioness confined in a cage. Picture: INN
پنجرے میں قید شیرنی۔ تصویر: آئی این این

امراوتی ضلع میں شیرنی کی دہشت سے کسانوں اور گاؤں والوں میں خوف کا ماحول ہے۔ چاندر بازار تعلقہ کے سونوری میں اتوار کی رات شیرنی کے حملے میں ۲۲؍سالہ لڑکی کی موت کے بعد شیرجگاؤں قصبہ علاقے میں شیرنی نے ایک اور کسان کو ہلاک کیا۔ اس سے قبل یہی شیرنی ۲۷؍اگست کو مورشی تعلقہ کے ایک کسان کو بھی اپنا چکار بنا چکی۔ جبکہ گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں میں اس شیرنی نے ۲؍افراد کی جان لے لی، جس سے علاقے کے شہریوں میں شدید غصہ تھا۔

یہ بھی پڑھئے:مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے۱۰؍ اسکولوں کو مثالی بنانے کا منصوبہ

انسانی جانوں پر منڈلاتے خطرے اور  شہریوں میں بڑھتی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے محکمہ جنگلات کی ٹیم نے بالآخر اس شیرنی کو دھر دبوچنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔  موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ ۱۱؍دنوں میں ۳؍ افراد کی جان لینے والی یہ شیرنی چاندور بازار اور مورشی تعلقہ کے مختلف حصوں میں سرگرم بتائی جارہی تھی۔ اطلاعات یہ بھی تھیں کہ شیرنی گزشتہ دنوں کئی جانوروں کا شکار کر چکی ہے۔ جس کی وجہ سے کسانوں اور گاؤں والوں میں تشویش کا ماحول تھا۔ اس دوران چاندور بازار تعلقہ کے سونوری میں اتوار ۶؍ستمبر کو ۲۲؍سالہ ارمیلا باجی راؤ ایوانے پر ایک شیرنی نے حملہ کیا۔ ارمیلا اپنی ماں کے ساتھ گاؤں کے قریب ایک کھیت میں بکریوں کیلئے چارہ لانے گئی تھی۔ جب وہ چارہ کاٹ رہی تھی کہ اچانک شیرنی ان کی طرف آتی ہوئی نظر آئی۔ جیسے ہی ارمیلا کی ماں کو پتہ چلا کہ شیرنی قریب آ رہی ہے، وہ جان کے خوف سے گاؤں کی طرف بھاگی۔ تاہم شیرنی نے اس پر حملہ کیا اور اسے تقریباً ۱۵؍ سے ۲۰؍ فٹ گھسیٹ کر جھاڑیوں میں لے گئی۔ ارمیلا کی ماں کے گاؤں جا کر شور مچانے کے بعد گاؤں والے موقع پر پہنچے۔ گاؤں والوں کا ہنگامہ سن کر شیرنی وہاں سے بھاگ گئی۔ تاہم تب تک ارمیلا کی موت ہوچکی تھی۔ شیرنی نے اپنا دوسرا شکار شیرجگاؤں قصبہ کے دامو آورے کو بنایا جب وہ کھیت میں کام کررہا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:۷؍ سال میں قرض داروں کی تعداد ۱۲؍ سے ۲۸؍کروڑ ہوگئی، کانگریس کی شدید تنقید

پیر کی دوپہر شیرجگاؤں قصبہ کے قریب کھیت میں کام کرنے والے کسان کو شکار بنانے کے بعد شیرنی وہیں آس پاس گھوم رہی تھی۔ جس کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم نے سرچ آپریشن تیز کیا اور ڈرون کی مدد سے شیرنی کی تلاش شروع کی۔اسی درمیان محکمہ جنگلات کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ شیرنی ایک کھیت میں موجود ہے۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے وہاں پہنچ کر شیرنی کو ڈارٹ دےکر بے ہوش کیا اور پنجرے میں بند کر دیا ۔ تاہم جنگل کے قریب آباد لوگ اب بھی یہ سوال کررہے ہیں کہ اس طرح کب تک ہم جنگلی جانوروں کا شکار بنتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK