مختلف تنظیموں کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ریاست گیر مہم میں ممبئی سب سے پیچھے۔ اورنگ آباد سب سے آگے۔ اب تک۲؍ لاکھ۲۴؍ ہزار اعتراضات اور مشورے پورٹل پر بھیجے گئے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 10:41 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
مختلف تنظیموں کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ریاست گیر مہم میں ممبئی سب سے پیچھے۔ اورنگ آباد سب سے آگے۔ اب تک۲؍ لاکھ۲۴؍ ہزار اعتراضات اور مشورے پورٹل پر بھیجے گئے۔
یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے تعلق سے جاری بیداری مہم اور کیو آر کوڈ اسکین کرنے میں مزید جوش وخروش اور ہر شخص کو اپنا کام سمجھ کر اس میں حصہ لینے کی ضرورت ہے ۔
یو سی سی کے تعلق سے کمیٹی تشکیل دینے اور حکومت کے اعلان کو ایک ماہ گزر چکے ہیں ۔۱۵؍ نومبر کی شام تک ممبئی اور پوری ریاست سے ۲؍ لاکھ۲۴؍ ہزار اعتراضات اور مشورے پورٹل پر بھیجے گئے ہیں جو وقت اور معاملے کی سنگینی کے لحاظ سے بہت کم ہیں۔ ریاستی حکومت کے اعلان کے بعد ایک ماہ سے جاری اس مہم میں کیو آر کوڈ اسکین کرکے مشورے اور تجاویز بھیجنے کے تعلق سے جو اعداد وشمار آئے ہیں ان سے واضح ہوتا ہے کہ جتنا اہم اور سنگین یہ مسئلہ ہے اس اعتبار سے اب تک اس طرف توجہ نہیں دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کے ساحلوں پر چھٹھ پوجا سے متعلق اشیاءکے وسرجن پر پابندی کا مطالبہ
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے عہدیدار مولانا محمود خان دریابادی نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ اس فہرست میں ممبئی سب سے پیچھے ہے۔ بقول مولانا محمود اگر یہ کہا جائے کہ ٹاپ ۶؍ اور ۷؍میں بھی ممبئی نہیں ہے تب بھی غلط نہیں ہوگا جبکہ اورنگ آباد سب سے آگے ہے، حالانکہ ممبئی ہر معاملے میں پیش پیش رہتا ہے اور اہلیان ممبئی ایسے کسی بھی مسئلے میں پورے ملک کے لئے مثال بنتے ہیں، اس لئے اس جانب ممبئی والوں کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
مولانا دریابادی نے یہ بھی بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر جو۲؍ لاکھ۲۴؍ ہزار اعتراضات اور مشورے بھیجے گئے ہیں ان میں ایک لاکھ۷۰؍ ہزار پرسنل لاء بورڈ کا کیو آر کوڈ اسکین کرکے بھیجا گیا ہے جبکہ۵۴؍ ہزار دیگر کیو آر کوڈ کے ذریعے ۔ اس لئے علماء ، ائمہ ، تنظیموں کے ذمہ دار اور ذمہ دار شخصیات مزید توجہ کے ساتھ اس کام پر لگیں تاکہ بہت بڑی تعداد میں اعتراضات اور مشورے بھجوائے جاسکیں۔
یہ بھی پڑھئے: ریاست میں فون ٹیپنگ کے الزامات پر سیاسی گھمسان
سنگینی کو محسوس کرنے کی ضرورت ہے
رضا اکیڈمی کی جانب سے جاری کردہ کیو آر کوڈ کو ۱۹؍ ہزار ۹۶۶؍افراد نے ہی اتوار کی سہ پہر تک اسکین کیا ہے۔ رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری کے مطابق یہ اعداد وشمار بہت کم ہیں۔ یہ بہت افسوسناک ہے، حالانکہ یہ امید ہے کہ تاریخ میں توسیع کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اس جانب توجہ خصوصی توجہ دی جائے گی، اسی لئے مسلسل میٹنگیں کی جارہی ہیں، ہر سطح پر متوجہ کیا جارہا ہے، بار بار توجہ دلائی جارہی ہے، یہ بھی سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یو سی سی دراصل شریعت میں مداخلت کی کوشش ہے، اس کو سمجھئے اور اعتراضات اور مشوروں کے ذریعے یہ بتائیے کہ ہم سب اس سے اتفاق نہیں رکھتے، یہ آئین مخالف ہے اور ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس لئے ہر شخص توجہ دے، اہل خانہ اور اپنے شناساؤں کو بھی توجہ دلائے۔