Inquilab Logo Happiest Places to Work

بدھ کو ایران امریکہ جنگ بندی کا آخری دن، تلخیوں کے باوجود اسلام آباد میں گفتگو

Updated: April 20, 2026, 9:39 AM IST | Mumbai

مذاکرات کی تاریخ طے نہیں، ایران نے تجاویز ملنے اور سفارتی کوششوں میں پیش رفت کی تصدیق کی مگر کہا ’’ابھی بہت فاصلہ طے کرنا باقی ہے۔‘‘ٹرمپ نے گفتگو کو ’’امن معاہدہ پر راضی ہونےکیلئے تہران کا آخری موقع ‘‘ قرار دیا، بصورت دیگر ’’پورے ملک کوتباہ‘‘ کردینے کی دھمکی دہرائی۔

Donald Trump. Photo: INN
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

ایران -امریکہ و اسرائیل کے درمیان جو ۲؍ ہفتوں کی جنگ بندی ہوئی ہے ، بدھ کو اس کا آخری دن ہے۔ اس سے پہلے اسلام آباد میں ایک بار پھر امن معاہدہ کی کوشش کے تحت اسی ہفتے مذاکرات متوقع ہیں۔ 

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کو اعلان کیا کہ بات چیت کیلئے امریکی مذاکرات کاروں کی ٹیم پیر کو اسلام آباد میں ہوگی جبکہ ایران نے واشنگٹن سے امن معاہدہ سے متعلق تجاویز ملنے کی تصدیق کی ہے۔ تہران نے کہا ہے کہ ان تجاویز پر غور کرنے کے بعد جواب دیا جائےگا جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کےا سپیکر باقر قالیباف نے کہا ہےکہ ’’امریکہ سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن اب بھی بہت فاصلہ ہے۔‘‘ امن معاہدہ کی کوششوں کے باوجود ٹرمپ کی دھمکیوں اور کوئی سمجھوتہ نہ ہونے کی صورت میں جنگ کے دوبارہ چھڑ جانے کےا ندیشوں کے بیچ ایرانی بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نے کہا ہے کہ جنگ اگر دوبارہ شروع کی گئی تو اس بار یہ عالمی جنگ میں تبدیل ہوجائےگی۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرائیل کے ذریعے پانی کے دو ٹھیکداروں کا قتل، یونیسیف کا برہمی کا اظہار

آج یا کل امن مذاکرات کی امید

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں اعلان کیا ہے کہ ’’میرے نمائندے اسلام آباد جارہے ہیں، وہ کل شام مذاکرات کیلئے موجود ہوں گے۔‘‘اس سے اندازہ لگایا جارہاہے کہ امن مذاکرات کا انعقاد پیر یا منگل کو ہی ہوسکتاہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹرمپ نے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا اور کہا کہ ’’ ایران نے کل آبنائے ہرمز میں گولیاں چلانے کا فیصلہ کیا جو سیزفائر کی خلاف ورزی ہے۔‘‘ اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس کے باوجود انہیں امید ہے کہ وہ امن معاہدہ تک پہنچ جائیںگے۔ 

ٹرمپ کا دھمکی آمیز رویہ

حالانکہ پوری دنیا یہ محسوس کررہی ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ چھیڑ کر پھنس گیا ہے اور اس سے نکلنے کیلئے کوشاں ہے تاہم ٹرمپ یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جنگ میں انہیں بالادستی حاصل ہے۔ اتوار کو بھی انہوں نے دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا اور کہا کہ ’’ ہم نےایران کو بہت مناسب ڈیل کی پیشکش کی ہے، امید ہے وہ قبول کریں گے، ایران نے اسے نہ کیا تو امریکہ ایران کے تمام پاور پلانٹس اور پلوں کو تباہ کردے گا۔‘‘ ایک دوسرے بیان میں انہوں نے پوراملک تباہ کر دینے کی دھمکی دی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران پر وقار انداز میں جنگ ختم کرنے کا خواہاں : صدر پیزشکیان

امریکی ناکہ بندی نہیں ہٹے گی تو ایرانی ٹیم مذاکرات کیلئے نہیں جائےگی

  تہران :  ٹرمپ کی دھمکیوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امن مذاکرات کیلئے اپنی ٹیم اسلام آباد بھیجنے کافیصلہ ابھی نہیں کیا ہے۔  ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تہران نے واضح کیا ہے کہ ’’امریکی ناکہ بندی‘‘ برقرار ہے، ایرانی ٹیم کو بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا جائےگا۔  واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے جواب میں امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں     کی ناکہ بندی کررکھی ہے اوروہاں  جہازوں کی آمدورفت روک دی ہے۔  تہران نے واضح کیاہے کہ  امریکہ کی شرطوں پر امن مذاکرات نہیں کریگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK