Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’۱۵؍ دنوں میں پانی کے مسئلے پر وہائٹ پیپر جاری کیا جائے‘‘

Updated: April 24, 2026, 11:21 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

رکن اسمبلی رئیس شیخ کا بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کو انتباہ، عوام کا مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج شروع کیا جائے گا۔

Member of Assembly Rais Shaikh and local people presenting a letter to the Municipal Commissioner. Photo: INN
میونسپل کمشنر کو مکتوب دیتے ہوئے رکن اسمبلی رئیس شیخ اور مقامی افراد۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے علاقوں میں پانی کے بڑھتے ہوئے  بحران نے سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے، جس پر اب سیاسی سطح پر بھی سخت ردعمل سامنے آنے لگا ہے۔ رکن اسمبلی رئیس شیخ نے میونسپل انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ۱۵؍ دن کے اندر پانی کی فراہمی سے متعلق وائٹ پیپر جاری نہ کیا گیا تو زبردست عوامی احتجاج شروع کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھیونڈی کے کئی علاقوں میں ان دنوں پانی کی قلت ہے جس کی وجہ سے مقامی باشندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کلیان: ایمرجنسی ایمبولنس پہنچنے میں تاخیر کا الزام، معمر خاتون نے دم توڑ دیا

رئیس شیخ نے کہا ہے کہ شہر کی موجودہ آبادی کے لحاظ سے روزانہ ۱۱۵؍ ایم ایل ڈی پانی کی فراہمی کافی ہے، مگر ناقص منصوبہ بندی اور سپلائی کے معاملے میں بدانتظامی کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ اس صورتحال نے شہریوں کو سخت مشکلات سے دوچار کر دیا ہے اور عوام میں بے چینی و ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے۔ لوگوں کو روز مرہ کے استعمال کیلئے پانی حاصل کرنے کیلئے تگ ودو کرنی پڑ رہی ہے۔ 

یہ بیان انہوں نے میونسپل کمشنر انمول ساگر کو یادداشت پیش کرنے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق مومن سمیت دیگر کارپوریٹر بھی موجود تھے۔

رکن اسمبلی رئیس شیخ نے مزید انکشاف کیا کہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ اضافی ۱۰۰؍ ایم ایل ڈی پانی سپلائی منصوبہ بھی فائلوں میں سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس اہم منصوبے میں تاخیر کی اصل وجوہات کیا ہیں اور عوام کو اس بارے میں کب آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ پانی جیسے بنیادی مسئلے پر کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر مقررہ مدت میں رپورٹ جاری نہ ہوئی تو عوامی اشتراک سے بھرپور تحریک چلائی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری میونسپل انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: مراٹھی زبان کے تنازع پر ایڈوکیٹ سداورتے اور ایم این ایس کارکنان میں تصادم

میونسپل کمشنر انمول ساگر نے رئیس شیخ سے میمورنڈم قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ پانی کی سپلائی کے تعلق سے حتی الامکان اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن اپنے طور پر مختلف سطحوں پر پانی سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے بہت جلد نظام میں بہتری آئے گی اور عوام کی مشکلات دور ہوں گی۔

یاد رہے کہ بھیونڈی میں پانی کی قلت کے سبب عوام پہلے بھی احتجاج کر چکے ہیں۔ ان دنوں شہر کے غیبی نگر، شانتی نگر، ونجار پٹی، اور اچت پاڑہ جیسے علاقوں میںپانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK