Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’پیپر لیک اور ریزرویشن گھوٹالے پر یوگی حکومت نے جواب نہیں دیا‘‘

Updated: June 29, 2026, 11:24 AM IST | Allahabad

اکھلیش یادوکا الزام ،الٰہ آباد میں پریس کانفرنس کی، کئی موضوعات پر یوگی حکومت کو گھیرا،اقتدار میں آنے پرامتحانی نظام کو محفوظ و شفاف بنانے کا وعدہ کیا۔

Akhilesh Yadav and Samajwadi Party leaders can be seen at the press conference. Photo: INN
اکھلیش یادو اور سماجوادی پارٹی کے لیڈران پریس کانفرنس میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے اتوار کوالٰہ آباد( پریاگ راج) میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ریاستی حکومت پر بھرتی کے عمل میں بے ضابطگیوں، پرچہ لیک ہونے اور ریزرویشن میں گھوٹالے کے الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی مدت کار کے ۱۰؍ سال مکمل ہونے والے ہیں، لیکن نوجوانوں، طلبہ اور پسماندہ، دلت اور اقلیتی (پی ڈی اے) طبقے کو انصاف نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’پربھنی میں کبھی کوئی غدار کامیاب نہیں ہوا اور نہ آئندہ ہوسکے گا‘‘

اکھلیش یادو نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین کے تحت حاصل حقوق اور عزت و احترام کے ساتھ منظم انداز میں کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سماج وادی پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ’’پی ڈی اے ریزرویشن گھوٹالہ آڈٹ‘‘ میں۲۲؍بھرتی امتحانات میں ریزرویشن سے متعلق بے ضابطگیوں کا ذکر کیا گیا ہے، لیکن حکومت نے اب تک کسی بھی الزام کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایودھیا سے متعلق جاری ’’سماجوادی آڈٹ-۲: رام نگری میں گورکھ دھندا‘‘ کتابچہ میں بھی کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں، جن کا حکومت جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں بھرتی کے عمل کا سلسلہ اشتہار، امتحان، پرچہ لیک، عدالت، لاٹھی چارج اور آخرکار بھرتی منسوخ ہونے تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ داروغہ بھرتی، نل کوپ چالک بھرتی، ٹی ای ٹی، ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ بورڈ امتحانات، سپاہی بھرتی، آر او-اے آر او، نیٹ-پی جی اور لیکھ پال بھرتی سمیت کئی امتحانات پرچہ لیک کے واقعات سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داروغہ بھرتی چھ سال تک التوا کا شکار رہی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر ریاست میں سماج وادی پارٹی کی حکومت بنی تو امیدواروں کو عمر کی حد میں رعایت دی جائے گی، جیسا کہ پہلے بھی کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ہر بھرتی کے لئے سالانہ بھرتی کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔ امیدواروں کو ان کے قریب ترین امتحانی مراکز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ خواتین اور معذور امیدواروں کو اپنے آبائی ضلع میں امتحان دینے کی سہولت دی جائے گی۔

اکھلیش یادو نے یہ بھی وعدہ کیا کہ ہماری حکومت آئی تو امتحانی نظام کو مکمل طور پر محفوظ اور شفاف بنایا جائے گا۔ پرچہ تیار کرنے، اس کی طباعت، نقل و حمل، اسٹرانگ روم اور امتحانی مراکز تک پورے عمل کی نگرانی سی سی ٹی وی اور ڈیجیٹل ٹریکنگ کے ذریعے کی جائے گی۔ پرچہ لیک کے ذمہ دار افراد کے خلاف فاسٹ ٹریک عدالتوں کے ذریعے فوری کارروائی کر کے سخت سزا کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: نوآبادیاتی دور کے جیل نظام کا خاتمہ، ریاستی حکومت نے تمام ۱۱۶؍ ذیلی جیلوں کو بند کیا

انہوں نے کہا کہ اگر انتظامی یا دیگر وجوہات کی بنا پر کسی امتحان کا دوبارہ انعقاد کرنا پڑا تو امیدواروں سے دوبارہ کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہلے ’نیشن فرسٹ‘کی بات کرتے تھے، ان کے لیے اب ’ڈونیشن فرسٹ‘ ہو گیا ہے۔

ایودھیا میں مندر کی تعمیر سے متعلق معاملات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی عقیدے اور سناتن دھرم کا احترام کرتی ہے، لیکن مذہب کی آڑ میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی قبول نہیں کی جا سکتی۔لکھنؤ میں کوچنگ ادارے میں آتشزدگی کے واقعے پر انہوں نے کہا کہ اگر مناسب فائر سیفٹی کے انتظامات موجود ہوتے تو اتنا بڑا جانی نقصان نہ ہوتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آگ سے زیادہ بچوں کی موت دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پریاگ راج میں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کیلئے آنے والے غریب طلبہ کے لیے بھی مناسب سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک پر تبصرہ کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کا محکمہ خود مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں بنیادی صحت مراکز کی تعداد مؤثر طور پر کم ہوتی جا رہی ہے، جبکہ گورکھپور اور پریاگ راج میں پرائمری اسکولوں کے بند ہونے کا مسئلہ بھی اٹھایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK