پارلیمنٹ سے امتحانی پرچہ لیک مخالف ترمیمی قانون کی منظوری کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی کی انسٹاگرام ویڈیو پر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دِپکے نے طنزیہ تبصرہ کیا۔ دِپکے نے لکھا:’’آپ کی جِلد(skin) ملک کے مستقبل سے زیادہ روشن ہے۔ ‘‘
EPAPER
Updated: July 31, 2026, 5:32 PM IST | Aurangabad
پارلیمنٹ سے امتحانی پرچہ لیک مخالف ترمیمی قانون کی منظوری کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی کی انسٹاگرام ویڈیو پر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دِپکے نے طنزیہ تبصرہ کیا۔ دِپکے نے لکھا:’’آپ کی جِلد(skin) ملک کے مستقبل سے زیادہ روشن ہے۔ ‘‘
مہاراشٹر کے ضلع چھترپتی سمبھاجی نگر( اورنگ آباد) میں اپنے آبائی شہر واپس پہنچنے کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے بانی ابھیجیت دِپکے نے جمعہ کو ایک بار پھر وزیرِ اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور امتحانی پرچہ لیک مخالف ترمیمی قانون پر مودی کی رات گئے جاری کی گئی انسٹاگرام ویڈیو کا مذاق اڑایا۔ مودی کی پوسٹ کے تبصرے میں دِپکے نے لکھا:’’آپ کی جِلد ملک کے مستقبل سے زیادہ روشن ہے۔ ‘‘
تصویر: آئی این این
یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ سے پبلک ایگزامینیشنز (پریوینشن آف اَن فیئر مینز) ترمیمی بل، ۲۰۲۶ء کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک سیلفی طرز کی ویڈیو جاری کی، جسے انہوں نے ہندوستان کے امتحانی نظام کا اعتماد بحال کرنے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ جمعرات کی رات تقریباً نصف شب سے قبل پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو اب تک۶؍ کروڑ۳۰؍ لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ ویڈیو میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ بل سخت سزاؤں، ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور تیز رفتار تحقیقات کے ذریعے امتحانی دھوکہ دہی کے خلاف جدوجہد کو مزید مضبوط بنائے گا، جبکہ ماضی کی حکومتیں اس مسئلے پر مؤثر موقف اختیار کرنے میں ناکام رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: جادوپور یونیورسٹی: بُک اسٹال کی کتابوں کو ’’ملک دشمن‘‘ قرار دے کر جلانے کی دھمکی
مودی نے کہا:’’ہم ایک قابلِ اعتماد امتحانی نظام قائم کرنےکیلئے مسلسل ایک کے بعد ایک قدم اٹھا رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، تیز رفتار نظام قائم کئے جا رہے ہیں اور ریاستوں سے مشاورت کے ذریعے امتحانی عمل کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا:’’پرچہ لیک مافیا، اس میں ملوث کوئی بھی گروہ، اور ملک کے بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ ‘‘دوسری جانب، ایک ماہ سے زائد عرصے تک سی جے پی کی احتجاجی مہم کی قیادت کرنے کے بعد اپنے گھر واپس آنے والے ابھیجیت دِپکے نے تقریباً ایک گھنٹے بعد جواب دیتے ہوئے لکھا:’’آپ کی جلد ملک کے مستقبل سے زیادہ روشن ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ نے تعددِ ازدواج پر پابندی کی درخواست پر مرکز سے جواب مانگا
ترمیمی قانون میں کیا ہے؟
ترمیم شدہ قانون کے تحت امتحانی دھوکہ دہی میں ملوث افراد کیلئے قید کی مدت بڑھا کر ۵؍سے۱۰؍ سال تک کر دی گئی ہے، جبکہ۵۰؍ لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مقررہ مدت میں تحقیقات مکمل کرنا لازمی ہوگا اور ریاستوں کو پرچہ لیک کے مقدمات کیلئے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنا ہوں گی۔ یہ قانون رواں سال مختلف امتحانات، خصوصاً NEET-UG کے پرچہ لیک کے الزامات، متعدد طلبہ کی خودکشیوں اور ملک گیر طلبہ احتجاج کے بعد متعارف کرایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان: پارلیمنٹ میں انسدادِ پیپر لیک ترمیمی بل منظور
سی جے پی نے قانون پر کیا اعتراض کیا؟
پارلیمنٹ سے بل کی منظوری سے قبل ہی سی جے پی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ ترامیم زیادہ تر پرچہ لیک ہونے کے بعد سزا دینے پر مرکوز ہیں، نہ کہ لیک کو روکنے پر۔ اشوتوش رانکا نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا:’’آپ پرچہ لیک کے بعد کے تمام اقدامات، جیسے فاسٹ ٹریک عدالتیں، سخت سزائیں اور جرمانوں کی بات کر رہے ہیں، لیکن یہ نہیں بتا رہے کہ پرچہ لیک کو روکنےکیلئے کیا اقدامات کئےجا رہے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) میں اصلاحات کی جائیں اور امتحانی نظام میں مزید شفافیت لائی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: سابق بس ڈرائیور کے پاس سے ۲۸؍ کروڑ نقد برآمد
یہ پہلی بار نہیں
ابھیجیت دِپکے اس سے قبل بھی وزیرِ اعظم مودی کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر تنقید کر چکے ہیں۔ اپنے آبائی شہر واپس آنے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم کو سیاست چھوڑ کر کل وقتی انفلوئنسر بن جانا چاہئے، کیونکہ ان کی مسلسل رات گئے پوسٹ کی جانے والی سیلفی ویڈیوز کافی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ دِپکے نے کہا:’’میرا خیال ہے کہ وہ ایک انفلوئنسر کے طور پر بہت کامیاب رہیں گے۔ وہ اس کردار میں بہترین کام کر رہے ہیں۔ شاید انہیں وزیرِ اعظم کا عہدہ چھوڑ کر انفلوئنسر بن جانا چاہئے، جبکہ حکومت چلانے کی ذمہ داری کوئی اور سنبھالے۔ ‘‘