Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء: ہیٹی کی جرسی پر تنازع، فیفا نے تبدیل کرنے کی ہدایت دی

Updated: June 11, 2026, 5:06 PM IST | Mexico City

۵۰؍ برس بعد فیفا ورلڈ کپ میں واپسی کرنے والی ہیٹی کی قومی فٹ بال ٹیم کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل غیرمتوقع تنازع کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فیفا نے ٹیم کی جرسی میں موجود بعض تصویری عناصر پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ متنازع ڈیزائن ہیٹی کے انقلاب اور ورٹیرس کی تاریخی جنگ سے متاثر تھا، جسے فیفا نے اپنے آلات اور کٹ سے متعلق ضوابط کے تناظر میں سیاسی پیغام رسانی کے طور پر دیکھا۔ جرسی تیار کرنے والی کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ ڈیزائن کا مقصد سیاسی پیغام دینا نہیں بلکہ ہیٹی کے عوام کی قربانیوں اور قومی تاریخ کو خراجِ پیش کرنا تھا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں نصف صدی بعد واپسی کرنے والی ہیٹی کی قومی فٹ بال ٹیم کو اپنے پہلے میچ سے قبل ایک غیرمتوقع تنازع کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔ عالمی فٹ بال تنظیم فیفا نے ٹیم کی جرسی میں موجود بعض تاریخی اور انقلابی علامتوں پر اعتراض کرتے ہوئے ان میں تبدیلی کی ہدایت جاری کی ہے۔ ہیٹی ۱۹۷۴ء کے بعد پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے اور اسے گروپ سی میں اسکاٹ لینڈ، برازیل اور مراکش کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ تاہم ٹورنامنٹ کے آغاز سے چند روز قبل فیفا نے ٹیم کی جرسی کے ایک مخصوص ڈیزائن کو اپنے ضوابط کے منافی قرار دیا۔ ہیٹی کی جرسی تیار کرنے والی کمپنی ’’سیٹا‘‘ (Saeta) کے مطابق ٹیم کی نیلی، سفید اور سرخ جرسیوں میں قومی ٹیم کا لوگو نمایاں طور پر شامل کیا گیا تھا، جبکہ قمیض کے نچلے حصے میں ہیٹی کی تاریخ اور آزادی کی جدوجہد سے متعلق تصویری خاکے بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھئے: جنگ کے سائے: سپر فینز ورلڈ کپ میں ایرانی فٹ بال ٹیم کی کامیابی کے لیے پرامید

فیفا نے خاص طور پر جرسی کے دائیں حصے میں موجود ان تصاویر پر اعتراض کیا جو ۱۸۰۳ء کی تاریخی جنگِ ورٹیرس (Battle of Vertières) اور ہیٹی کے انقلاب سے متاثر تھیں۔ یہی انقلاب بعد میں ہیٹی کی آزادی اور دنیا کی پہلی سیاہ فام جمہوریہ کے قیام کا سبب بنا تھا۔ تاریخی طور پر ہیٹی کے انقلابی لیڈر Jean-Jacques Dessalines نے ۱۸۰۳ء میں فرانسیسی پرچم کے سفید حصے کو پھاڑ کر ایک نیا قومی پرچم تشکیل دیا تھا، جو آج بھی ہیٹی کی قومی شناخت اور آزادی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اسی واقعے کی یاد میں ہر سال ۱۸؍ مئی کو ہیٹی میں یومِ پرچم منایا جاتا ہے۔
فیفا کے اعتراض کے بعد منگل کو ہونے والے سرکاری فوٹو سیشن میں ہیٹی کے کھلاڑی ایسی جرسیوں میں نظر آئے جن سے متنازع تصاویر ہٹا دی گئی تھیں۔ جرسی بنانے والی کمپنی سیٹا نے ایک بیان میں کہا، ’’کئی ماہ کے دوران مختلف ڈیزائن تیار کیے گئے اور فیفا کے معیاری منظوری کے عمل کے تحت پیش کیے گئے۔ حتمی ڈیزائن کا مقصد ہیٹی کے ان مردوں اور عورتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جو روزانہ ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کا مقصد کسی بھی صورت سیاسی پیغام دینا نہیں تھا۔‘‘ کمپنی نے مزید کہا کہ ’’جائزے کے دوران فیفا نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ کچھ بصری عناصر کی مختلف انداز میں تشریح کی جا سکتی ہے، اس لیے ڈیزائن میں ترمیم کی درخواست کی گئی۔ اگرچہ یہ تشریح ہمارے اصل ارادے سے مختلف تھی، تاہم ہم نے فیفا کے فیصلے اور ضوابط کا احترام کرتے ہوئے مطلوبہ تبدیلیاں کر دی ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ویزا دینے سے انکار ورلڈ کپ میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے: طارمی

فیفا نے اس معاملے پر تفصیلی عوامی بیان جاری نہیں کیا، تاہم تنظیم کے قواعد کے مطابق ٹیموں کی جرسیوں اور دیگر سازوسامان میں سیاسی، مذہبی یا متنازع علامتوں کے استعمال کی اجازت نہیں دی جاتی۔ ہیٹی کی ٹیم اب اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز ۱۳؍ جون کو بوسٹن میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کرے گی۔ اس کے بعد ۱۹؍ جون کو فلاڈیلفیا میں برازیل جبکہ ۲۴؍ جون کو اٹلانٹا میں مراکش کے خلاف میدان میں اترے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK