Updated: July 20, 2026, 9:11 AM IST
| East Rutherford
امریکہ کے شہر ایسٹ ردرفورڈ، نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹائنا کو اضافی وقت میں۱-۰ سے شکست دے کر تاریخ میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ مقررہ ۹۰؍ منٹ تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، تاہم اضافی وقت کے ۱۶۰؍ ویں منٹ میں فیران ٹوریس نے فیصلہ کن گول کر کے اسپین کو کامیابی دلا دی۔ لیونل میسی کا ممکنہ آخری ورلڈ کپ یادگار فتح کے بجائے شکست پر اختتام پذیر ہوا، جبکہ اسپین نے ۲۰۱۰ءکے بعد دوبارہ عالمی ٹائٹل جیت لیا۔
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں اسپین نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ارجنٹینا کو اضافی وقت میں ۱-۰ سے شکست دے کر عالمی فٹ بال کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت میں دفاعی حکمت عملی غالب رہی اور کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ کھیل کے بیشتر حصے میں اسپین نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا اور مسلسل حملے کیے، لیکن ارجنٹائنا کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز نے کئی شاندار بچاؤ کر کے اپنی ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ دوسری جانب ارجنٹائنا کی جارحانہ لائن اسپین کے مضبوط دفاع کے سامنے بے بس دکھائی دی اور مقررہ ۹۰؍ منٹ میں خاطر خواہ مواقع پیدا نہ کر سکی۔
یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈ کپ: جوڈ بیلنگھم نے نئی تاریخ رقم کر دی
فیصلہ کن لمحہ اضافی وقت کے ۱۶۰؍ ویں منٹ میں آیا، جب متبادل کھلاڑی فیران ٹوریس نے گیند کو جال میں پہنچا کر اسپین کو برتری دلا دی۔ اس گول کے بعد ارجنٹائنا نے واپسی کی بھرپور کوشش کی، تاہم اسپین کے منظم دفاع نے تمام حملے ناکام بنا دیے اور آخری سیٹی کے ساتھ ہی اسپین دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا۔ میچ کے آخری مراحل میں ارجنٹائنا کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو ریڈ کارڈ بھی دکھایا گیا، جس کے بعد دفاعی چیمپئن کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ اختتامی سیٹی کے بعد دونوں ٹیموں کے چند کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا، تاہم صورتحال جلد قابو میں آ گئی۔
یہ کامیابی اسپین کے لیے کئی حوالوں سے تاریخی ثابت ہوئی۔ ۲۰۱۰ء کے بعد یہ اسپین کا دوسرا فیفا ورلڈ کپ ٹائٹل ہے، جبکہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاع اور نظم و ضبط کی بہترین مثال پیش کی۔ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے کی قیادت میں اسپین نے مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھا اور عالمی فٹ بال میں اپنی برتری ایک بار پھر ثابت کر دی۔
یہ بھی پڑھئے: پیلے کی۱۹۵۸ء فیفاورلڈ کپ فائنل میں پہنی گئی جرسی ۴ء۹؍ ملین امریکی ڈالر میں نیلام
دوسری جانب ۳۹؍ سالہ لیونل میسی کیلئے یہ ورلڈ کپ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری عالمی مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اگرچہ ارجنٹائنا مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے میں ناکام رہا، تاہم میسی کی قیادت میں ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا۔ فائنل میں شکست کے بعد میسی جذباتی دکھائی دیے اور ان کی تصاویر دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گئیں۔