Updated: December 29, 2025, 7:05 PM IST
| Dubai
گلوب ساکر ایوارڈز ۲۰۲۵ء میں بارسولنا نے ۱۸؍ سالہ الامین جمال نے دو بڑے اعزازات جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ ان کی تقریر میں کرسٹیانو رونالڈو کا ذکر اور رونالڈو کا ردِعمل تقریب کا یادگار لمحہ بن گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کی باہمی عزت نے شائقین کے دل جیت لئے۔
الامین جمال۔ تصویر: آئی این این
بارسلونا کے نوجوان فٹبالر الامین جمال (لامین یامل) نے اتوار کو دبئی میں منعقد ہونے والے گلوب ساکر ایوارڈز ۲۰۲۵ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو بڑے اعزازات اپنے نام کئے۔ انہیں بہترین فارورڈ اور بہترین انڈر ۲۳؍ مرد کھلاڑی کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تاہم، اس تقریب کی سب سے بڑی بات جمال کی کم عمری میں کامیابیوں کی فہرست نہیں بنی بلکہ ان کی ایوارڈ تقریر میں کرسٹیانو رونالڈو کا ذکر اور اس پر رونالڈو کے ردِعمل نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ اگرچہ رونالڈو کا تاریخی تعلق بارسلونا کے حریف کلب اور ان کے دیرینہ مقابل لیونل میسی سے جوڑا جاتا ہے مگر اس موقع پر انہوں نے حریف کلب کے ایک ابھرتے ہوئے اسٹار کیلئے بھرپور احترام کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھئے:رابرٹ لیوانڈووسکی نے بارسلونا سے رخصتی کا اشارہ دیا!

الامین جمال نے بارسلونا کے ساتھ ایک شاندار سال گزارا، جس میں لا لیگا سمیت کئی اہم ٹائٹلز شامل ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر وہ اسپین کے ساتھ نیشنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے کے بھی قریب پہنچے، تاہم فائنل میں پینلٹیز پر پرتگال نے کامیابی حاصل کی، جس کی قیادت رونالڈو کر رہے تھے۔ اکثر بارسلونا کے عظیم کھلاڑی میسی سے موازنہ کئے جانے پر جب جمال سے پوچھا گیا کہ وہ کس کے برابر ہونا چاہیں گے، تو ان کے جواب نے رونالڈو کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دی۔ جمال نے کہا:’’کرسٹیانو رونالڈو جیسے کھلاڑیوں نے جو کچھ حاصل کیا، وہ اس لئے کہ وہ خود بننا چاہتے تھے اور دوسروں سے موازنہ نہیں کرتے تھے۔ میں بھی اپنا راستہ خود بنانا چاہتا ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ثاقب الغنی نے ثابت کردیا کہ ٹیلنٹ بڑے شہر کا محتاج نہیں ہوتا
یہ سنتے ہی کیمرہ سامنے کی قطار میں اپنی منگیتر جارجینا روڈریگز کے ساتھ بیٹھے رونالڈو کی جانب گیا، جو اس بیان پر مسکراتے ہوئے اپنی خاموش منظوری دیتے نظر آئے۔ دوسری جانب، النصر کے اسٹرائیکر رونالڈو کیلئے بھی یہ رات یادگار رہی۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کے بہترین کھلاڑی اور اب تک کے سب سے زیادہ گول اسکورر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ واضح رہے کہ اس سال جون میں نیشنز لیگ کے فائنل سے قبل رونالڈو نے جمال کے بارے میں کہا تھا کہ لوگ ان پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’وہ صرف ۱۷؍ سال کا ہے، ایک بچہ ہے جس میں بہتری کی بے پناہ گنجائش ہے۔ ہمیں اسے پریشان نہیں کرنا چاہئے۔ اس کے سامنے ایک طویل کریئر ہے اور وہ یقیناً کئی بار نیشنز لیگ جیتے گا۔‘‘