Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایمباپے کے دو گول، فرانس نے سویڈن کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

Updated: July 01, 2026, 11:40 AM IST | New York

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو ۰۔۳؍گولسے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

Mbappe. Photo: INN
ایمباپے۔ تصویر: آئی این این

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو ۰۔۳؍گولسے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔  نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل گرفت قائم رکھی اور سویڈن کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

پہلے ہاف کے دوران فرانسیسی کھلاڑیوں نے متعدد خطرناک حملے کیے، تاہم انہیں کامیابی ۴۵؍ویں منٹ میں ملی جب اسٹار فارورڈ کیلین ایمباپے نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ پہلا ہاف فرانس کے حق میں۰۔۱؍گول کے اسکور پر اختتام پذیر ہوا۔ وقفے کے بعد بھی فرانسیسی ٹیم نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور ۵۳؍ویں منٹ میں بریڈلی بارکولا نے گول کر کے برتری دُگنی کر دی۔

یہ بھی پڑھئے: پیراگوئے نے فٹ بال کی دنیا میں تاریخی کرشمہ کر دیا!

میچ کے ۷۴؍ویں منٹ میں ایمباپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا، جس کے بعد سویڈن کی واپسی کی تمام امیدیں ختم ہو گئیں۔ فرانس نے ۰۔۳؍گول کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ پیراگوئے سے ہوگا۔

میکسیکو نے ایکواڈور کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
 جولین کوئینونیس اور راؤل جیمنیز کے ایک، ایک گول کی بدولت میزبان میکسیکو نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے راؤنڈ آف ۳۲؍کے مقابلے میں ایکواڈور کو۰۔۲؍گول  سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف ۱۶) میں جگہ بنا لی۔ ایستادیو ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں میکسیکو کی جانب سے جولین کوئینونیس اور راؤل نے ایک، ایک گول کیا۔

میکسیکو نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پانچویں منٹ میں نوجوان اسٹرائیکر گلبرٹو مورا نے گول کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ ۲۲؍ویں منٹ میں جولین کوئینونیس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد ۳۱؍ویں منٹ میں راؤل جیمنیز نے دائیں پیر سے شاندار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک میکسیکو نے۰۔۲؍گول  کی برتری کے ساتھ میچ پر اپنی مضبوط گرفت برقرار رکھی۔

یہ بھی پڑھئے: `ہم اب فرسٹ کلاس ٹیم نہیں رہے: جرمن کوچ ناگلزمین کا اعتراف

دوسرے ہاف کے ۶۷؍ویں منٹ میں کارنر پر مونتیس نے ہیڈر کے ذریعے گول کرنے کی کوشش کی، لیکن حریف گول کیپر نے اسے ناکام بنا دیا۔ ۷۴؍ویں منٹ میں ایکواڈور کے روڈریگیز کو گول کرنے کا اچھا موقع ملا، مگر وہ بھی اپنی ٹیم کا کھاتہ نہ کھول سکے۔ میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل انجری ٹائم  میں ایکواڈور کے پیئرو ہنکاپی کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK