• Fri, 16 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج ہی اپنا جائزہ لیجئے کہ آپ اِن زمروں میں سے کس میں ہیں!

Updated: January 16, 2026, 7:23 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ذیل میں طلبہ کے چار زمرے (کیٹگریز) درج ہیں۔ اپنے اب تک کے فیصد کی مناسبت سے طے کریں کہ آپ کس زمرے میں ہیں۔ پھر اسی اعتبار سے منصوبہ بنائیں تاکہ پڑھائی زیادہ مؤثر ثابت ہو۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بورڈ امتحانات کے قریب آتے ہی طلبہ گھبراہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ انہیں سب سے زیادہ اس بات کا خوف ہوتا ہے کہ ’’اب وقت بہت کم رہ گیا ہے۔‘‘ امتحان سے پہلے کے ۳۰؍ یا ۴۰؍ دن میں سب سے اہم یہ ہوتا ہے کہ ہر طالب علم ایک منصوبہ اور حکمت عملی اپنا کر پڑھائی کرے۔ اس کیلئے سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ جب سے آپ دسویں (یا بارہویں) میں آئے ہیں، تب سے جتنے بھی امتحانات ہوئے ہیں مثلاً ششماہی، پریلیم (اول، دوم، سوم) ان میں آپ کے مجموعی طور پر کتنے فیصد مارکس آئے ہیں۔ کیا آپ کا فیصد ۵۰؍ سے کم رہا ہے؟ ۵۰؍ سے زیادہ رہا ہے؟ ۶۰؍ سے زیادہ رہا ہے؟ یا ۷۰؍ سے زیادہ رہا ہے؟ آپ ان ۴؍ اقسام میں سے کسی ایک کا حصہ ہوں گے۔ لہٰذا اب آپ کو اسی حساب سے پڑھائی کرنی ہے کیونکہ وقت کم ہے اور کم وقت میں اچھی طرح پڑھائی کرنے کیلئے ایک اچھا منصوبہ درکار ہوتا ہے۔ یاد رکھیں کہ ہر طالب علم کی ذہانت الگ ہے اس لئے ہر کسی کا پڑھائی کا طریقہ بھی الگ ہے۔ یہاں انہیں طریقوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نیا سال، نئی سوچ؛ منفرد عزائم ہی بنا ئینگےآپ کو منفرد!

below 50%
جن طلبہ کو ششماہی امتحان، پریلیم (اول،د وم، سوم) میں ۵۰؍ فیصد سے کم مارکس ملے ہیں۔ ان کا ہدف ہونا چاہئے بورڈ امتحان میں کم سے کم ۵۰؍ فیصد یا اس سے زائد مارکس ۔ پڑھائی کی یہ تکنیک اپنائیں:
(۱)ابواب کا انتخاب
تمام اسباق پڑھنے کی کوشش نہ کریں۔ ہر مضمون میں ان ابواب کا انتخاب کریں جن میں سے زیادہ سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ اسی طرح بار بار جو سوال پوچھے جاتے ہیں، اُن پر زیادہ توجہ دیں۔ تعریفیں، فرق اور خاکوں (Diagrams)کو ذہن نشین کرلیں۔
(۲)رِیڈ، کور، رائٹ، چیک (آر سی ڈبلیو سی)
رِیڈ (پڑھو)، کور (ڈھانکو، یا چھپاؤ)، رائٹ (لکھو)، اور پھر اسے چیک (جانچو) کرو۔ سب سے پہلے کوئی جواب یادکریں، کتاب بند کریں، اپنے الفاظ میں لکھیں، کتاب کھول کر جانچیں کہ آپ نے جو لکھا، وہ درست ہے یا نہیں۔
(۳) ڈایاگرام فرسٹ 
عبارتیں یاد کرنا مشکل محسوس ہوسکتا ہے، اس کے مقابلے ڈایاگرام یاد کرنا آسان ہوتا ہے اور پورے نمبر ملنے کے امکان ہوتے ہیں۔ اس کی مشق کریں۔ لیبلنگ بالکل درست ہونی چاہئے۔ 
آپ کا مقصد کیا ہونا چاہئے؟
بہتر نمبروں سے کامیابی۔ جوابی پرچوں کو خالی نہ چھوڑنا۔
اسٹڈی پلان اور ٹائم ٹیبل
روزانہ ۵؍ سے ۶؍ گھنٹے پڑھائی کریں۔ 
جو اسباق منتخب کئے ہیں، ہر سبق کو ۲؍ گھنٹہ دیں۔
ایک گھنٹہ: جوابات لکھنے کی مشق تاکہ امتحان میں مشکل نہ ہو۔
ایک گھنٹہ: جو اسباق یاد کئے ہیں ان کا اعادہ اور لکھنے کی مشق۔
۳۰؍ منٹ: ایم سی کیو اور ایک لفظی جوابات کو یاد کرنا۔
امتحان کیلئے پرو ٹِپ
ہر سوال حل کریں۔ نکات میں لکھیں۔ صاف تحریر ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سالِ رفتہ: ایک سال، گیارہ اہم ایجادات اور دریافتیں

above 50%
جن طلبہ کو ششماہی امتحان، پریلیم (اول،د وم، سوم) میں ۵۰؍ فیصد سے زیادہ مارکس ملے ہیں۔ ان کا ہدف ہونا چاہئے بورڈ امتحان میں کم سے کم ۶۰؍ فیصد یا اس سے زائد مارکس ۔ یہ تکنیک اپنائیں:
(۱)کوسچین پیٹرن میپنگ
اس تکنیک کے تحت گزشتہ ۱۰؍ سال کے پرچوں کا بغور جائزہ لیں۔ ان باتوں کی نشاندہی کریں: بڑے جوابات، بار بار پوچھے جانے والے نیومیریکلز، اور وضاحت کریں / بیان کریں جیسے سوالات۔ اب ان پر توجہ دیں، اور انہیں اچھی طرح یاد کرلیں۔
(۲)آنسر فریم ورک میتھڈ
آپ جواب کس طرح لکھتے ہیں، اس پر توجہ دیں۔ ہر طویل جواب لکھتے وقت ان باتوں کا خیال رکھیں: مختصر تعارف، نکات یا ذیلی عنوانات اور مختصر نتیجہ۔ اس طرح منظم طریقے سے جواب لکھنے سے ممتحن کو جوابی پرچہ جانچنے میں آسانی ہوتی ہے۔
(۳) ڈیلی رِیٹن کال 
پڑھائی کے ہر سیشن کے بعد جو کچھ یاد کیا، اسے ۱۰؍ نکات میں لکھیں۔ اس کے بعد نصابی کتاب یا نوٹس سے موازنہ کریں کہ آپ نے درست لکھا ہے یا نہیں۔ غلطی ہو تو اسے درست کریں۔
آپ کا مقصد کیا ہونا چاہئے؟
۶۰؍ فیصد سے ۶۵؍ فیصد مارکس حاصل کرنا۔
اسٹڈی پلان اور ٹائم ٹیبل
روزانہ ۶؍ سے ۷؍ گھنٹے پڑھائی کریں۔ 
ہر وہ سبق جس میں کمزور ہیں، اسے روزانہ ۲؍ گھنٹے دیں۔ 
ڈیڑھ گھنٹہ اعادہ کیلئے مختص کریں۔ اعادہ بہت ضروری ہے۔
ایک گھنٹہ: جو کچھ یاد کیا، اسے لکھنے کی مشق کریں۔
۳۰؍ سے ۴۵؍ منٹ: گزشتہ سال کے پرچے حل کریں۔
امتحان کیلئے پرو ٹِپ
کسی بھی سوال پر حد سے زیادہ وقت صرف نہ کریں۔

یہ بھی پڑھئے: ملئے ان ۸؍ افراد سے جنہوں نے مصنوعی ذہانت کو ذہانت عطا کی

above 60%
جن طلبہ کو ششماہی امتحان، پریلیم (اول،د وم، سوم) میں ۶۰؍ فیصد سے زیادہ مارکس ملے ہیں۔ ان کا ہدف ہونا چاہئے بورڈ امتحان میں کم از کم ۷۰؍ فیصد یا اس سے زائد مارکس ۔ یہ تکنیک اپنائیں:
(۱)تھری لیئر ریویژن سسٹم
اعادہ کیلئے ۳؍ مرحلہ نظام کو اپنائیں: اول، پوری کتاب کا مطالعہ کریں۔ دوم، اس دوران مختصر نوٹس بناتے جائیں، اور پھر انہیں پڑھیں۔ سوم، کلیدی الفاظ ذہن نشین کرلیں۔ اس طرح ۳؍ مرحلوں میں آپ کا پورا نصاب کم وقت بھی مکمل ہوجائے گا۔ 
(۲)ایرر لاگ ٹیکنیک
جواب لکھنے کے بعد جب انہیں چیک کریں، اور غلطیاں نظر آئیں تو انہیں ایک ڈائری میں لکھ لیں۔ خاص طور پر وہ غلطیاں ہر گز نہ دہرائیں جو چھوٹی ہیں اور بار بار ہوتی ہیں۔ یہی غلطیاں اچھے مارکس حاصل کرنے میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
(۳) مقررہ وقت میں جواب لکھنا
جب پڑھائی اور اعادہ ہوجائے تو ٹائمر سیٹ کرکے پرچہ حل کریں۔ یاد رکھیں کہ مقررہ وقت میں پرچہ مکمل کرنا ہے۔ جواب لکھنے میں زیادہ وقت صرف نہ کریں۔ اصل امتحان جیسا ماحول بناکر لکھیں۔ 
آپ کا مقصد کیا ہونا چاہئے؟
۷۰؍ فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنا ہدف ہونا چاہئے۔
اسٹڈی پلان اور ٹائم ٹیبل
روزانہ ۶؍ سے ۷؍ گھنٹے پڑھائی کریں۔ 
۲؍ گھنٹہ اعادہ کیلئے مختص کریں۔ یہ سب سے ضروری کام ہے۔
۲؍ گھنٹہ لکھنے کی مشق کریں۔ امتحان میں رفتار ہی کام آتی ہے۔
ڈیڑھ گھنٹہ: اپنا ہی ماک ٹیسٹ لیں اور خود پرچہ جانچیں۔
ایک گھنٹہ: جہاں کمزور ہیں، ان کمزوریوں کو دور کریں۔
امتحان کیلئے پرو ٹِپ
چھوٹی غلطیاں ہرگز نہ کریں۔ مارکس کم ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: موسم سرما کے مسائل +اگزام کی تیاری= ایکٹیو اَور فِٹ رہنا ہے آپ کو

above 70%
جن طلبہ کو ششماہی امتحان، پریلیم (اول،د وم، سوم) میں ۷۰؍ فیصد سے زیادہ مارکس ملے ہیں۔ ان کا ہدف ہونا چاہئے بورڈ امتحان میں کم از کم ۸۰؍ فیصد یا اس سے زائد مارکس ۔ یہ تکنیک اپنائیں:
(۱)ماک ٹیسٹ
گھر ہی میں امتحانی ماحول پیدا کریں۔ اور اسی میں روزانہ پرچہ حل کریں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہوکہ آپ بورڈ امتحان کا پرچہ لکھ رہے ہیں۔ مقررہ وقت میں پرچہ ختم کریں اور پھر جانچیں۔ جو غلطیاں ہوئی ہیں انہیں درست کریں تاکہ بورڈ میں یہ غلطیاں نہ ہوں۔ 
(۲)ٹیچ ٹو ریوائژ میتھڈ
اس تکنیک سے کوئی بھی جواب پکا یاد ہوجاتا ہے۔ اعادہ کی غرض سے کسی دوست کو کوئی جواب یا کانسپٹ سمجھائیں۔ دوست نہ ہو تو بلند آواز میں اپنے آپ کو سمجھائیں۔ اس تکنیک میں کمزور پہلو فوراً سامنے آجاتے ہیں جنہیں فوراً دور کیا جاسکتا ہے۔
(۳) کی ورڈ پولشنگ
آپ نے پڑھائی بھی کرلی ہے اور اعادہ بھی ہوگیا ہے اس لئے اب آپ کی توجہ کی ورڈز (کلیدی الفاظ) پر ہونی چاہئے۔ ہر جواب کے کی ورڈز آپ کو یاد ہونے چاہئیں اس لئے ان پر توجہ دیں۔
آپ کا مقصد کیا ہونا چاہئے؟
کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مارکس کا حصول۔
اسٹڈی پلان اور ٹائم ٹیبل
روزانہ ۶؍ سے ۷؍ گھنٹے پڑھائی کریں۔
۲؍ گھنٹہ: اعادہ کیلئے دونوں، نوٹس اور نصابی کتاب، ریفر کریں۔
۲؍ گھنٹہ: لکھنے کی مشق۔ امتحان میں رفتار سب سے اہم ہوتی ہے۔
ڈیڑھ گھنٹہ: ماک ٹیسٹ میں ہوئی غلطیاں درست کریں۔ 
ایک گھنٹہ: کمزوریوں کی نشاندہی اور اعادہ۔ 
امتحان کیلئے پرو ٹِپ
تحریر پر زیادہ توجہ ہو۔ وقت مقررہ میں پرچہ ختم کریں۔

یہ بھی پڑھئے: The Words That Ruled 2025

اِن باتوں کا خیال رکھیں
۳۰؍ دن کا منصوبہ
(۱) پہلے ۱۵؍ دن: نصاب کی تکمیل + اعادہ
(۲) اگلے ۱۰؍ دن: گزشتہ سال کے پرچے + جواب لکھنے کی مشق
(۳) آخری ۵؍ دن: اعادہ + ذہنی سکون

(۱) پہلے ۱۵؍ دن: نصاب کی تکمیل + اعادہ
جو ابواب یاد کرنے رہ گئے ہیں انہیں مکمل کریں۔ روزانہ جو بھی پڑھا، اس کا اعادہ کریں۔ بھاری بھرکم کتابوں کے مطالعہ کے بجائیں مختصر نوٹس کی مدد لیں۔ فارمولے وغیرہ ذہن نشین کلریں۔ مائنڈ میپس استعمال کریں۔ بنیادی شکوک و شبہات اسی مرحلے میں دور کریں تاکہ آگے الجھن نہ ہو۔
(۲) اگلے ۱۰؍ دن: گزشتہ سال کے پرچے + جواب لکھنے کی مشق
سابقہ امتحانی پرچوں کو حل کر کے سوالات کا انداز سمجھیں۔ مقررہ وقت میں جوابات لکھنے کی مشق کریں تاکہ رفتار بہتر ہو۔ بار بار آنے والے سوالات اور اہم موضوعات پر خاص توجہ دیں۔ اپنی غلطیوں کا تجزیہ کریں اور کمزور حصوں کو فوراً دہرائیں۔ مواد کے ساتھ ساتھ تحریر، ترتیب اور اہم الفاظ پر بھی دھیان دیں۔
(۳) آخری ۵؍ دن: اعادہ + ذہنی سکون
صرف اہم نوٹس، فارمولے اور کلیدی نکات کا اعادہ کریں۔نئے موضوعات شروع کرنے سے گریز کریں تاکہ ذہنی دباؤ نہ بڑھے۔ مناسب نیند، متوازن غذا اور پرسکون روٹین اختیار کریں۔ ہلکی مشق یا اعادہ کریں تاکہ سبق ذہن میں تازہ رہے۔پُرسکون ذہن اور پختہ اعتماد کے ساتھ امتحان میں شامل ہوں۔
یاد رکھیں کہ آخری ۳۰؍ دن گھبراہٹ کے نہیں منصوبہ بندی، عمل اور اعتماد کے ہیں۔ اس لئے اپنے فیصد کی مناسبت سے درست حکمت عملی اپنائیں۔ پڑھائی کیلئے جو وقت مقرر کریں، اس میں پوری توجہ صرف اور صرف پڑھائی ہی کی جانب رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK