• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھوٹے بچوں کو نہلاتے وقت احتیاط برتنی چاہئے

Updated: January 21, 2026, 5:36 PM IST | Mumbai

بچوں کو نہلاتے وقت احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اکثر نئی ماں بچوں کو نہلاتے وقت پریشان نظر آتی ہے۔

When bathing children, necessary supplies should be collected first. Photo: INN
بچوں کو نہلاتے وقت ضروری سامان پہلے اکٹھا کرلینا چاہئے۔ تصویر: آئی این این

بچوں کو نہلاتے وقت احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اکثر نئی ماں بچوں کو نہلاتے وقت پریشان نظر آتی ہے۔ درج ذیل باتوں کا خیال رکھ کر آپ بآسانی بچوں کو نہلا سکتی ہیں:
تمام ضروری چیزیں ایک ساتھ جمع کرلیں۔
اپنے کندھے پر ایک بڑا سا تولیہ ڈال لیں تاکہ بعد میں اسے لینے کے لئے نوزائیدہ کو تنہا چھوڑنے کی نوبت ہی نہ آئے۔
ٹب کو گرم پانی سے بھر لیں، اس کے درجہ حرارت کو اپنے ہاتھ کے ذریعہ چیک کرلیں یہ نہ تو بہت گرم ہو، نہ ہی بہت ٹھنڈا۔

یہ بھی پڑھئے: جو مثبت سوچ تم رکھ لو تو بازی جیت جاؤ گے!

ایک اونی کپڑا لیں، اس میں صابن رکھ کر بچے کے جسم پر اچھی طرح ہلکے ہاتھوں سے ملیں۔ ٹب میں موجود پانی کا استعمال کریں۔
بچے کے ایک ایک حصہ کو صاف کریں، اس طرح آپ اپنے نونہال کے تمام حصوں کو دھو سکیں گی اور ایسا نہیں ہوگا کہ اسکی گردن دھونے سے رہ گئی یا کوئی اور حصہ دھونے سے رہ گیا۔ اگرچہ اس سلسلے میں کوئی رہنما اصول تو نہیں ہے مگر پھر بھی اس طریقے سے نہلایا جائے تو یہ کام آسان ہوجاتا ہے۔
بچے کی گردن، ہاتھ اور اوپر کے حصے کو پہلے صاف کریں۔
بچے کو اپنے بازو پر پلٹ کر رکھیں اس کے بازوؤں کے ذریعہ اسے سنبھالیں۔ اس سے آپ کے بچے کو ایک مکمل سپورٹ ملے گا۔ اب اس کی کمر اور نچلا حصہ صاف کیجئے پھر ٹانگوں کی طرف آیئے۔ اگر آپ اس طرح بچے کو پکڑنے میں آرام دہ محسوس نہیں کررہی ہیں تو آپ اس کی کمر اور ٹانگیں صاف کرتے وقت اسے بٹھا بھی سکتی ہیں۔
بچے کو پھر سیدھی سمت کر لیں۔ اس کے بعد کاٹن کے ذریعے بچے کا چہرہ صاف کریں۔ خیال رہے کہ چہرے پر صابن نہیں لگانا ہے۔ ہر آنکھ کے لئے الگ کاٹن استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھئے: بچّے نااہل یا تربیت کا فقدان؟ توجہ طلب سوال

آخر میں پانی کے ذریعے اس کے سَر کو اچھی طرح دھوئیں۔ خیال رہے کہ بچے کی آنکھ اور کان میں پانی نہ جائے۔
جب آپ یہ سب کرلیں تو ٹب میں موجود پانی کے برتن کے ذریعے بچے پر پانی ڈالئے مگر پانی کی تپش ضرور دیکھ لیں۔ کہیں اس سے بچے کو کوئی تکلیف تو نہیں ہوگی۔
اب بچے کو اٹھا کر اپنے کاندھے پر رکھے ہوئے تولیے میں لپیٹ لیں۔
بچے کو ٹب میں یا نہلاتے ہوئے کسی بھی جگہ تنہا نہ چھوڑیں۔ اگر آپ کو کوئی سامان لینے جانا ہے تو بچے کو بڑے تولئے میں لپیٹ کر اپنے ساتھ لے کر جائیں۔
نہلانے کے سلسلے میں تمام ضروری چیزیں بچے کو نہلانے سے قبل ہی اپنے پاس اکٹھا کرلیں تاکہ نہلانے کے بعد بچے کو زیادہ دیر کسی چیز کا انتظار نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھئے: عادتیں اچھی ہوں یا بُری شخصیت کا آئینہ دار ہوتی ہیں
بچے کو خشک کرتے ہوئے بہت احتیاط سے کام لینا ہے تاکہ اس کی نازک جلد کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
بچے کے ہاتھوں پر خصوصی توجہ دینی چاہئے، خاص طور پر انگلیوں کے درمیان والی جگہوں پر، ان میں میل ہوسکتی ہے۔
گردن یا انگلیوں کے مابین والے حصوں کو صاف کرتے وقت زور نہ لگائیں بلکہ بہت آرام سے صاف کریں کیونکہ رگڑنے سے انہیں نقصان پہنچ سکتا ہے۔ میل کو اگر کسی کاٹن کے کپڑے سے صاف کریں تو بہتر ہوگا۔
نوٹ: یہ معلومات رہنمائی کیلئے ہے۔ اس بارے میں ماہرین سے مشورہ کرنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK