• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جو مثبت سوچ تم رکھ لو تو بازی جیت جاؤ گے!

Updated: January 19, 2026, 3:39 PM IST | Zeba Shabbir Ahmed | Mumbai

اس میں کوئی شک نہیں کہ مثبت سوچ کامیابی کی کنجی ہے۔ اگر ہم اپنی سوچ کو مثبت بنا لیں تو نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر بناسکتے ہیں بلکہ خوشحال اور پُرامن معاشرہ بھی تشکیل پاسکتا ہے۔ الغرض مثبت سوچ ایک نعمت ہے جو انسان کو کامیابی سکون اور خوشی دیتی ہے۔ اس لئے اپنی سوچ کو مثبت بنا لیجئے۔

With positive thinking you can change your life. Photo: INN
مثبت سوچ سے آپ اپنی زندگی بدلنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

انسانی زندگی میں سوچ کا بہت اہم رول ہوتا ہے۔ انسان کی سوچ جیسی ہوتی ہے ویسی ہی اس کی شخصیت، رویہ اور کردار بنتا ہے کہا جاتا ہے کہ انسان جیسا سوچتا ہے ویسا ہی بنتا جاتا ہے۔
اگر آپ ایک منفی خیال کے حامل انسان ہے تو آپ ایک ناپسندیدہ ہستی اور ناشکری کرنے والا انسان بنتے ہیں۔ جبکہ مثبت سوچ انسان کی شخصیت کو نکھارتی ہے اور اس کے اندر ایک وقار پیدا کرتی ہے۔ مثبت سوچ رکھنے والا انسان مشکلات میں بھی امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتا اور ہر حال میں بہتری کی کوشش کرتا ہے۔ مثبت سوچ رکھنے والا انسان کسی بھی مسئلے کو رکاوٹ نہیں سمجھتا بلکہ سیکھنے کا ذریعہ سمجھتا ہے۔ مثبت سوچ انسان میں خود اعتمادی پیدا کرتی ہے اور خود اعتمادی انسانی شخصیت کا ایک اہم وصف ہے اور یہ مثبت سوچ کے بغیر ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بچّے نااہل یا تربیت کا فقدان؟ توجہ طلب سوال

مثبت سوچ ایک عادت ہے جسے انسان آہستہ آہستہ اپنے اندر پیدا کرسکتا ہے۔ اگر انسان چاہے تو اپنی سوچ بدل کر اپنی زندگی کو بہتر بناسکتا ہے۔ مثبت سوچ پیدا کرنے کے چند اہم طریقے درج ذیل ہیں:
اپنے خیالات پر قابو
سب سے پہلے منفی خیالات پر قابو پانا سیکھیں۔ جب بھی کوئی برا خیال ذہن میں آئے فوراً خود کو روک لیں اور اس کی جگہ اچھے خیالات کو ذہن میں جگہ دیں۔ یہ عمل ابتدا میں مشکل ضرور ہے مگر مسلسل مشق سے آسان ہوتا جائے گا۔
اچھے لوگوں کی صحبت اور منفی لوگوں سے گریز
جہاں تک ہوسکے ایسے لوگوں سے دور رہیں جو منفی خیالات رکھتے ہوں۔ اچھے لوگوں کی صحبت مثبت سوچ پیدا کرنے میں اہم رول ادا کرتی ہے جبکہ منفی سوچ رکھنے والوں کی سوچ انسان کو مایوسی کی طرف لے جاتی ہے۔
شکر گزاری کی عادت
شکر گزاری کی عادت اپنائیں۔ روزانہ اپنی زندگی کی نعمتوں پر شکر ادا کریں۔ جب ہم شکر گزار ہوتے ہیں تو اپنی محرومیوں کے بجائے خوشیوں پر دھیان دیتے ہیں۔ اس سے بھی مثبت سوچ جنم لیتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آخر کیوں ہم ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں؟
خود پر یقین رکھیں
کوئی بھی کام جب ہم شروع کرتے ہیں تو خود پر یقین رکھنا چاہئے۔ خود پر یقین رکھنے والا انسان خود اعتماد ہوتا ہے اور خود اعتمادی انسانی زندگی کا ایک اہم وصف ہے۔
اچھی کتابوں کا مطالعہ
انسان کو اپنے فارغ اوقات میں لغویات کے بجائے کسی اچھی کتاب کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ کتابیں انسان کی بہترین رفیق ہوتی ہیں اور مطالعہ کرنے سے انسان کی شخصیت اور وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔
اللہ پر بھروسہ اور دعا
انسان کو ہر حال میں اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہئے اور دعا اور صبر کا دامن ہر حال میں تھامے رکھنا چاہئے۔ مثبت سوچ انسان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر بھی اچھا اثر ڈالتی ہے۔ مثبت سوچ والے انسان ذہنی دباؤ، پریشانی اور خوف سے محفوظ رہتے ہیں۔ اور ان میں برداشت صبر اور حوصلہ زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: عادتیں اچھی ہوں یا بُری شخصیت کا آئینہ دار ہوتی ہیں

مثبت جملے دہرائیں
مثبت سوچ کو فروغ دینے کے لئے مثبت جملے دہرائیں۔ جیسے کہ ’’اچھے انسان کے ساتھ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے‘‘ ’’مَیں ضرور یہ کام کرسکتی ہوں‘‘ ’’مَیں خوش اور پُرسکون ہوں‘‘ وغیرہ۔ ایسے مثبت جملے آپ کو زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
’ناممکن‘ کو ممکن بنایا جاسکتا ہے
کسی بھی کام کو ’ناممکن‘ سمجھ کر چھوڑ دینا نادانی ہوگی۔ یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ کسی بھی کام کو انجام دینے کے بعد آپ کو اس میں کامیابی ملتی ہے یا ناکامی۔ کامیابی ملے تو خوشی کی بات ہے اور ناکامی ملنے پر بھی افسوس نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ناکامی کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ آپ کو تجربہ ملا۔ اس لئے آئندہ کسی بھی کام کا آغاز مثبت سوچ سے کریں۔ کیونکہ حوصلہ شکنی سے سفر ادھورا چھوڑ دینا منفی رویہ ہوتا ہے۔ مثبت سوچ کے حامل افراد کوشش جاری رکھتے ہیں اور ناممکن کو ممکن بناتے ہیں۔ اور مثبت سوچ آپ کو اِن لوگوں کی فہرست میں شامل کرسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: پیشہ ورانہ زندگی میں ٹائم مینجمنٹ کی اہمیت و افادیت

موازنہ نہ کریں
دوسروں کی خوبیوں سے اپنا موازنہ کرکے مایوس نہ ہوں۔ ہر شخص منفرد ہوتا ہے۔ آپ اپنی شخصیت پر توجہ دیں اور موازنہ سے بچیں۔ انسان موازنہ کرتے وقت اپنی شخصیت کے اہم پہلوؤں کو بھول جاتا ہے اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ اپنی خوبیوں پر غور کریں۔ مثبت سوچیں۔
مختصراً یہ کہا جاسکتا ہے کہ مثبت سوچ کامیابی کی کنجی ہے۔ اگر ہم اپنی سوچ کو مثبت بنا لیں تو نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر بناسکتے ہیں بلکہ خوشحال اور پُرامن معاشرہ بھی تشکیل پاسکتا ہے۔ الغرض مثبت سوچ ایک نعمت ہے جو انسان کو کامیابی سکون اور خوشی دیتی ہے۔ اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم منفی سوچوں سے بچیں اور مثبت سوچ کو اپنائیں۔
ہزاروں خوف دل میں ہو، مگر ہمت نہ ہارو تم
جو مثبت سوچ رکھ لو تم تو بازی جیت جاؤ گے!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK