• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خواتین اپنے مشغلے کو کاروبار کی شکل دے سکتی ہیں

Updated: January 21, 2026, 5:23 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

کاروبار شروع کرنا آسان کام نہیں ہے۔ اس کے لئے وسائل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس صورت میں خواتین چھوٹے پیمانے پر اپنے گھر ہی سے کاروبار کی شروعات کرسکتی ہیں۔ جس میں کامیابی ملنے کے بعد وہ مستقبل میں اس کا دائرہ بڑھا سکتی ہیں۔ اس طرح اُن کا ’بزنس وومن‘ بننے کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

If you know the art of baking, you can easily start this business. Photo: INN
اگر آپ بیکنگ کا ہنر جانتی ہیں تو اس کاروبار کی شروعات بآسانی کرسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

موجودہ دور میں خواتین کئی شعبوں میں اپنی شناخت بنا رہی ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ وہ کاروبار میں بھی اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔ حالانکہ کاروبار شروع کرنا آسان کام نہیں ہے۔ اس کے لئے وسائل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس صورت میں خواتین چھوٹے پیمانے پر اپنے گھر ہی سے کاروبار کی شروعات کرسکتی ہیں۔ جس میں کامیابی ملنے کے بعد وہ مستقبل میں اس کا دائرہ بڑھا سکتی ہیں۔ اس مضمون میں خواتین کی رہنمائی کے لئے اُن کاروبار کے متعلق بتایا جا رہا ہے جو گھر بیٹھے شروع کئے جاسکتے ہیں۔ جس میں بہت زیادہ سرمایہ کی ضرورت نہیں بلکہ اچھی آمدنی ضرور ہوسکتی ہے:

کلاتھنگ بزنس

چند خواتین کیلئے کپڑوں کی خریداری تفریح اور مشغلے کے علاوہ اضافی آمدنی کا ذریعہ بھی ہے اور وہ مارکیٹ سے سستے داموں ملبوسات خرید اپنے گھر میں سجا کر آس پڑوس کی خواتین کو دعوت دیتی ہیں کہ ’’آؤ! آپ کے پسندیدہ کپڑے، گھر بیٹھے اس سہولت سے فائدہ اٹھاؤ۔‘‘ اس طرح خواتین کے لئے اچھی آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اسی طرح کئی گھرانوں میں سلائی کڑھائی اور ڈیزائن کے فرائض بھی سر انجام دیتے ہوئے مکمل لباس تیار کرکے بھی دیا جاتا ہے۔ اس طرز پر آپ کے لئے یہ مشغلہ اضافی آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اگر آپ لباس کے انتخابات میں باذوق ہیں تو بلاشبہ آپ ’پرسنل شاپنگ‘ کو کاروبار کی صورت دے سکتی ہیں۔ اس کام کے لئے سوشل میڈیا کا بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام جیسی معروف سوشل میڈیا پر ایک پیج بنا سکتی ہیں۔ اس پر آپ کے پاس موجود کپڑوں کا فوٹو قیمت کے ساتھ اپلوڈ کریں۔ اس سہولت سے آپ زیادہ سے زیادہ گاہک بنا سکتی ہیں۔ دھیان رہے کہ سوشل میڈیا پر فراڈ بہت زیادہ ہوتا ہے اس لئے آرڈر لیتے وقت سامنے والی کی ساری تفصیل کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرلیں۔

یہ بھی پڑھئے: کم عمری ہی سے بچوں کو صحیح اور غلط کا فرق سمجھائیں

کشیدہ کاری

ایک زمانہ تھا کہ جب گھر کی سبھی خواتین کشیدہ کاری کے ہنر سے واقف ہوتی تھیں۔ اس فن کو آج بھی پسند کیا جاتا ہے۔ اگر آپ اس فن میں ماہر ہیں تو اسے کاروبار میں بدل لیجئے۔ تکیے کے غلاف پر پھول کاڑھنا، دیواروں کے لئے دیدہ زیب ڈیزائن تیار کرنا، دسترخوان پر بیل بنانا، پردے اور رضائیوں کو خوشنما بنانا وغیرہ گھر کی زینب بڑھاتے ہیں۔ اگر آپ بھی کسی ایسے فن سے آشنا ہیں تو اس اضافی صلاحیت کو گھر بیٹھے اپنی زائد آمدنی میں بھی تبدیل کرسکتی ہیں۔ انٹرنیٹ سے فائدہ اٹھا کر آپ گھریلو اشیاء کو عالمی مارکیٹ کی زینت بنا سکتی ہیں۔ ہاتھ سے بنی دیدہ زیب آرائشی اشیاء کے علاوہ آپ مٹی کے بنے برتن اور کھلونے بنا کر بھی زائد آمدنی کا ذریعہ بنا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈوپٹوں کو دیدہ زیب بنانے کا کام بھی کافی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ ڈوپٹے کے کنارے لیس لگانا، کروشیا سے مکھی یا پھول بنانا، آئینہ کے کام، مختلف دھاگوں سے ڈوپٹوں کو خوشنما بنانا وغیرہ،اِن دنوں نوعمر لڑکیاں کافی پسند کر رہی ہیں۔ اس کام سے بھی اچھی خاصی آمدنی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آخر کیوں ہم ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں؟

بیکنگ آزمائیں

اگر آپ باصلاحیت ہیں اور بیکنگ کی معلومات سے آشنا ہیں تو آپ اس کاروبار کو شروع کرنے میں بالکل بھی دیر نہ کریں کیونکہ آج کل کیک، پیسٹری، موز، بیکری آئٹمز کافی پسند کئے جارہے ہیں۔ اگر آپ کھانے پینے کی اِن اشیاء کو بنانے میں مہارت رکھتی ہیں تو بہت کم سرمایہ لگا کر اچھا منافع کما سکتی ہیں۔ گھریلو خواتین  مشغلے کے طور پر کبھی پڈنگ تو کبھی کرارے چپس، بسکٹ، پیسٹری، کیک بناتی ہیں، اگر مارکیٹنگ کے نقطۂ نظر سے دیکھیں تو اس سے اچھی آمدنی ہوسکتی ہے۔ فیس بک کے ذریعے بھی آپ گھر بیٹھے سہیلیوں اور دیگر خواتین کو بیکری آئٹمز فروخت کرسکتی ہیں۔ بشرطیکہ آپ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر صرف ان لوگوں تک رسائی حاصل کریں جنہیں آپ جانتی ہیں جو اس وقت مشکل نہیں ہے۔ یہی کام ٹویٹر کے ذریعے بھی کرسکتی ہیں۔ اس کاروبار میں آپ اپنی سہیلیوں کی بھی مدد کرسکتی ہیں۔ اسی طرح کھانا پکانے میں ماہر ہیں تو کیٹرنگ کے شعبے میں بھی قسمت آزما سکتی ہیں۔ آپ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کا آغاز کرسکتی ہیں، اپنے قریبی اسکول، دفاتر اور بیکری پر کھانا فراہم کرنا شروع کریں اور آہستہ آہستہ اس کا دائرہ بڑھائیں۔ کوکنگ اور کیٹرنگ کا بزنس ان دنوں خاصا مقبول بھی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: عادتیں اچھی ہوں یا بُری شخصیت کا آئینہ دار ہوتی ہیں

نرسری

اکثر خواتین باغبانی کی شوقین ہوتی ہیں۔ اگر آپ بھی باغبانی کا شوق اور تجربہ رکھتی ہیں تو پودوں کی نرسری لگا کر اس کاروبار کا آغاز کرسکتی ہیں۔ اگر آپ جڑی بوٹیوں پر تحقیق کا تجربہ رکھتی ہیں تو اس سے کاروبار کو بہتر طریقے سے انجام دینے میں مدد مل سکتی ہے جس سے آمدنی اچھی ہوگی۔

مختصراً یہ کہ خواتین اپنے مشغلے کو کاروبار کی شکل دے کر ’بزنس وومن‘ کا لقب پانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK