• Fri, 30 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپ کا گھر چین و سکون کا گہوارہ بن سکتا ہے اگر...

Updated: January 29, 2026, 6:31 PM IST | Shaik Frzana Mohammad Shahid | Mumbai

خواتین ِ خانہ کی اہمیت کو سمجھیں، گھر میں ان کے کردار کو جانیں اور ان کی گھر کو منظم رکھنے کی صلاحیت کو پہچانیں تو یقیناً احساس ہوگا کہ یہ خواتین گھر کی رونق ہیں۔

If women are encouraged, you will see amazing changes in the home. Photo: INN
اگر خواتین ِ خانہ کی حوصلہ افزائی کی جائے تو آپ کو گھر میں حیران کن تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ تصویر: آئی این این

اللہ رب العالمین نے یہ دنیا بہت ہی خوبصورت بنائی ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اس دنیا میں بے شمار حسین و جمیل چہرے ایسے ہیں جو قدرت کی کاریگری کی گواہی دیتے ہیں۔ رب نے انسان کو بے شمار صفات سے نوازا ہے لیکن زیادہ تر لوگ اپنی صفات سے واقف نہیں ہیں۔ نتیجتاً احساس کمتری کا شکار ہوجاتے ہیں اور اپنی پوری زندگی صرف اسی بات کی نذر کر دیتے ہیں کہ ہمیں کچھ نہیں آتا۔ عام طور پر ہمیں دوسروں کی خوبیاں نظر آتی ہیں، لیکن اپنی خوبیاں ہم خود ہی تلاش نہیں کر پاتے۔ یہ زندگی کی بہت ہی تلخ حقیقت ہے۔ جس کی وجہ سے اکثر لوگ ذہنی تناؤ (ڈپریشن) کا شکار ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’ریٖل‘ والی زندگی نے اصل زندگی کا حسن چھین لیا ہے

قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ جن لوگوں کو اپنی صفات کا علم ہوتا ہے، وہ ایک الگ ہی دنیا میں ہوتے ہیں، ان کے غرور، گھمنڈ اور انا کا کوئی سرا کسی کے بھی ہاتھ نہیں آتا۔ یہ کیسے لوگ ہیں... کس زعم میں جی رہے ہیں۔ انہیں شاید اس بات کا بالکل اندازہ نہیں ہے کہ یہ دنیا مکافات عمل ہے، اس ہاتھ دے اور اس ہاتھ لے۔ جب انسان اپنی شخصیت میں گم ہوجاتا ہے تو وہ پھر کہیں کا نہیں رہتا۔

جب ہم ایک عام انسان کی بات کرتے ہیں تو آپ کو کیسا محسوس ہوتا ہے کہ کیا واقعی وہ ایک عام انسان ہے؟ نہیں! کوئی بھی شخص عام نہیں ہے۔ ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خوبی پوشیدہ ہے۔ ایک ذرہ سے لے کر آفتاب تک ہر شے خوبیوں سے مزین ہے۔ پروردگار نے کسی بھی شے کو بے کار دنیا میں نہیں بھیجا۔ ہمیں صرف ضرورت ہے اپنی صفات کو اپنے اندر تلاش کرنے کی۔ اکثر آپ نے سنا ہوگا کہ گھروں میں رہنے والی خواتین کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کچھ نہیں کرتیں۔ یہ ایک عام بات ہے کہ جو خواتین باہر کہیں روزگار کے لئے نہیں جاتی ہیں ان کے بارے میں اگر آپ پوچھیں کہ وہ کیا کرتی ہیں تو گھر کے لوگ آپ کو صد فیصد یہی جواب دیں گے کہ ’’کچھ نہیں کرتیں!‘‘ جبکہ وہ عظیم خواتین علی الصباح سے رات تک پوری دیانتداری اور ایمانداری سے اپنا کام مسلسل کرتی رہتی ہیں۔ وہ گھر والوں کے لئے صبح کے ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک کا بہترین انتظام کرتی ہیں۔ گھر کے تمام کام جس میں گھر کی صفائی سے لے کر باورچی خانے کی ذمہ داریاں شامل ہوتی ہیں، بڑی تند ہی سے ادا کرتی ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ بازار سے سودا سلف کے ساتھ ان سب کی ضروریات کا خیال رکھتی ہیں۔ اس ’کچھ نہیں کرنے والی خاتون‘ کی صفات کا اگر موازنہ کسی بڑی کمپنی کے ڈائریکٹر سے کیا جائے تو وہ آپ کو با صلاحیت اور بہترین منتظم نظر آئے گی۔ خواتین خانہ کو ہمارا معاشرہ، ہمارا خاندان اور حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کی اپنی اولاد بھی یہی کہتی ہے کہ ’’ہماری امی کچھ نہیں کرتی۔‘‘ اگر سماج، قوم و ملت کا ہر شخص اس بات پر غور کرے تو ہمارے گھروں کا ماحول بدلتے دیر نہیں لگے گی۔ وہ سچ ہی کہتے ہیں: Charity begins at home

یہ بھی پڑھئے: غذا اور صحت: موسم سرما، آلودگی اور غذائیت

جب تک ہم اپنی گھر کی خواتین کو عزت نہیں دیں گے، جب تک انہیں گھر میں ان کو مقام نہیں دیں گے تب تک یہ جملہ ہمیشہ سنائی دے گا کہ امی کچھ نہیں کرتی۔ یہی وہ لمحہ فکر ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر بیٹھنا ہے، سوچنا ہے اور اس کا حل نکالنا ہے۔ اگر آپ کسی میٹروپولیٹن شہر کے باشندے ہیں تب تو یہ بات آپ کا ذہن قبول کرنے میں تاخیر کرے گا لیکن یہی اگر آپ شہر سے تھوڑا باہر ہیں تو یہ آپ سب کے لئے ایک چیلنج ہے کہ آپ اپنی گھر کی ماں، بہن، بیٹی کو عزت اور ان کا صحیح مقام دیں انہیں ’’یہ کچھ نہیں کرتیں‘‘ نہیں کہہ کر ان کی حوصلہ افزائی کریں، تو دیکھیں کہ یہ کیا کیا کارنامے انجام دیتی ہیں۔

اگر یہ عظیم خواتین آپ کی زندگی سے کچھ دنوں کے لئے باہر چلی جائیں تو آپ کے گھر کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ آپ کو کھانے سے لے کر پانی تک کے لئے دوسروں کا سہارا لینے کی ضرورت پڑ جائے گی۔ آپ کو صحیح معنوں میں دال اور آٹے کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: چھوٹے بچوں کو نہلاتے وقت احتیاط برتنی چاہئے

زندگی کا سب سے بڑا سچ یہی ہے کہ گھر کی خاتون ہی گھر کی رونق ہے۔ اسی کی وجہ سے آپ کا گھر جنت کا نشان ہے۔ اسی کی وجہ سے آپ گھر کے باہر سکون و اطمینان سے کام کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کو گھر میں سکون چاہئے تو اپنے گھر کی ماں، بیٹی اور بیوی کی عزت کیجئے۔ انہیں چھوٹی چھوٹی خوشیاں دیجئے۔ وہ ان چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو جمع کرکے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی خوشی ذہنی سکون، چین اور اطمینان دیں گی جس کی آج کی دنیا میں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

اپنی بیٹی کو پرواز کے لئے حوصلوں کے پَر دیں۔ بہن کو اعتماد کی مضبوط ڈور دیں۔ ماں کو عزت و عظمت کا تاج پہنائیں اور بیوی کی قدر و عزت کریں پھر آپ دیکھیں گے کہ آپ کا گھر امن، چین و سکون کا گہوارہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK