گوونڈی سٹیزنس ویلفیئر فورم اور ہوپ اینڈ جسٹس فاؤنڈیشن نے دیونار مذبح کے جنرل منیجر کومیمورنڈم دیا۔ ۱۷؍مئی سے قربانی کے جانور لائے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: May 08, 2026, 12:32 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
گوونڈی سٹیزنس ویلفیئر فورم اور ہوپ اینڈ جسٹس فاؤنڈیشن نے دیونار مذبح کے جنرل منیجر کومیمورنڈم دیا۔ ۱۷؍مئی سے قربانی کے جانور لائے جائیں گے۔
دیونار مذبح میں انتظامات، قربانی کے ایام پیش نظر بہتر طریقے سے شیڈ بنانا، پانی کی وافر مقدار میں سپلائی ، گیٹ پاس، لائٹنگ،پارکنگ، قربانی کرنے کے بعد گوشت لے جانے ،شدید گرمی سے بچاؤ کے لئے انتظامات اور جانوروں کی پکڑ دھکڑوغیرہ مسائل کےتعلق سے وکلاء اور گوونڈی سٹیزنس ویلفیئر فورم اور ہوپ اینڈ جسٹس فاؤنڈیشن کے اراکین نے دیونار مذبح کے جنرل منیجر کلیم پاشا پٹھان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔مذکورہ مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں میمورنڈم دیا اور وہ مطالبات جن کا تعلق حکومت سے ہے، فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا تاکہ جب ۱۷؍مئی سے قربانی کے جانور دیونار منڈی میں لائے جائیں تو تاجروں یا گاہکوں کے لئے کوئی مسئلہ نہ ہو۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ایس ٹی ڈپو بدحال، خستہ حال عمارت میں ہزاروں مسافروں کی زندگی داؤ پر
یاد رہے کہ قربانی کے جانوروں کو رکھنے کےلئے شیڈ بنانے اور دیگر انتظامات کی خاطر اس دفعہ میونسپل کارپوریشن نے ۲۰؍ کروڑ روپے منظور کئے ہیں مگر حیرت کی بات ہے کہ ہرسال اس مد میں خطیررقم مختص کئےجانے کےباوجود کئی طرح کے مسائل برقرار رہتےہیں۔ اگر اس جانب پیشگی توجہ دی جائے تو ان مسائل کا تدارک ممکن ہے۔
شرکائے وفد کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ تاجروں کے ساتھ دھوکہ بازی، ان سے زائدرقم لینا، باڑوں کی تقسیم اور کرائے پردینے میں بھی بدعنوانی کے ساتھ پارکنگ وغیرہ کے لئے بھی من مانی کی جاتی ہے۔ اس لئے اگر فوری طور پر اس جانب توجہ دی جائے تو نہ تاجروں کو پریشانی ہوگی اور نہ ہی قربانی کےجانور خریدنے آنے والوں کو۔ اسی طرح اگر جانوروں کی گاڑیاں روکنے والے شرپسندوں کے تعلق سےپولیس قبل ازوقت نگرانی کرے اوران کے خلاف سختی برتنے کے تئیں انتباہ دے توکوئی وجہ نہیں کہ خود ساختہ گئو رکشک قانون ہاتھ میںلینے کی جرأت کرسکیں۔
یہ بھی پڑھئے: نوی ممبئی: ۳؍ فلائی اوور کی تعمیر کی تجویز منظور
مذکورہ مطالبات کے تعلق سے دیونار مذبح کے جنرل منیجر کلیم پاشا پٹھان کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی کہ دیونارمذبح انتظامیہ کی جانب سے ہرممکن کوشش کی جاتی ہے کہ بہتر سےبہترانتظامات کئے جائیں تاکہ منڈی میں جانور لانے والے تاجروں کو یا یہاں خریداری کرنے کےلئے شہر اور مضافات سے آنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ دیونار انتظامیہ ابھی سے تیاری کررہا ہے۔امید ہے کہ جب ۱۷؍ مئی سے جانور لائے جائیں گے، اس سے قبل تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے۔
دیونار مذبح کے جنرل منیجر سے ملنے گئے وفد میں ایڈوکیٹ فیاض عالم شیخ، ایڈوکیٹ سلمان، ایڈوکیٹ سمرین، تنویرشیخ ، نفیس انصاری، سعید شیخ، ابوسعد، سمیع اللہ، صدام حسین اوردیگر شامل تھے۔