• Fri, 16 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ ٹیکنوکریٹک کمیٹی کا قاہرہ میں اجلاس؛ امریکہ کے حمایت یافتہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر مشاورت

Updated: January 15, 2026, 9:02 PM IST | Gaza/Cairo/Washington

امریکی ایلچی وِٹکوف نے اعلان کیا کہ صدر ٹرمپ کے ۲۰ نکاتی غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں غیر مسلح سازی، ٹیکنوکریٹک طرزِ حکمرانی اور تعمیرِ نو پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

Donald Trump and Steve Witkoff. Photo: X
ڈونالڈ ٹرمپ اور اسٹیو وٹکوف۔ تصویر: ایکس

فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ غزہ کے انتظامی معاملات سنبھالنے کیلئے حال ہی میں تشکیل دی گئی ٹیکنوکریٹک کمیٹی کے ممبران قاہرہ روانگی کی تیاری کررہے ہیں۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات یا جمعہ کو قاہرہ میں منعقد ہونے کی توقع ہے۔ غزہ پٹی میں اسرائیل کی تباہ کن فوجی مہم کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے تجویز کردہ اس کمیٹی کے ممبران کو ان کی تقرریوں کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور وہ مصری دارالحکومت میں پینل کے جمع ہونے کے بعد اپنے متعلقہ محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جنگ بندی کے دوران غزہ میں ۱۰۰؍ سے زائد بچے ہلاک ہو چکے ہیں: اقوام متحدہ

امریکی روزنامہ ’نیویارک ٹائمز‘ نے رواں ہفتے کے شروع میں رپورٹ کیا تھا کہ واشنگٹن جلد ہی اس ادارے کا باضابطہ اعلان کرنے والا ہے، جس کی سربراہی سابق فلسطینی نائب وزیرِ منصوبہ بندی علی شعث (Ali Shaath) کرسکتے ہیں۔ یہ کمیٹی ماہرینِ تعلیم، پیشہ ور افراد اور سول سوسائٹی کی شخصیات پر مشتمل ہے جن کا انتخاب سیاسی وابستگی کے بجائے تکنیکی مہارت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ کمیٹی، جنگ کے بعد غزہ کے انتہائی ضروری شہری شعبوں کا انتظام سنبھالے گی۔ واضح رہے اسرائیل کی جنگی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک ۷۱ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ ۷۱ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ محصور علاقے کا تقریباً ۹۰ فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے تخمینے کے مطابق غزہ کی تعمیرِ نو کیلئے تقریباً ۷۰ ارب ڈالر درکار ہوگے۔

یہ بھی پڑھئے: ایسی جنگ بندی بے معنی ہے جس میں بچوں کی ہلاکتیں جاری ہیں: یونیسف

فلسطینی اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، غزہ میں فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عمر شمالی کو ٹیلی کمیونیکیشن محکمہ کا نگراں بنایا جاسکتا ہے؛ ایگریکلچرل ریلیف ایسوسی ایشن کے سربراہ عبد الکریم عاشور زراعت اور میڈیکل ریلیف ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر عاید یاغی صحت کے امور سنبھالیں گے۔ دیگر قلمدانوں میں معیشت و تجارت، تعلیم، مالیات، پانی و میونسپل خدمات، سماجی امور، لینڈ ایڈمنسٹریشن اور عدلیہ شامل ہیں۔ عوامی نظم و ضبط کی بحالی کیلئے عبوری سیکوریٹی کی ذمہ داریاں محمد توفیق ہلیس اور محمد نسمان کے حوالے کی جانے کی توقع ہے۔ اس بارے میں فلسطینی اتھارٹی، مصر یا امریکہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری تبصرہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تنظیم ہند رجب نے اسرائیلی فوجی کیخلاف آسٹریا میں فوجداری مقدمہ دائر کیا

یہ ٹیکنوکریٹک ادارہ امریکہ کی زیرِ قیادت ایک ’’پیس کونسل‘‘ کی نگرانی میں کام کرے گا۔ یہ ایک وسیع منصوبے کا حصہ ہے جس میں مستقل جنگ بندی، قیدیوں کا تبادلہ، غزہ سے اسرائیلی انخلاء، حماس کی غیر مسلح سازی اور ایک بین الاقوامی استحکامی فورس کی تعیناتی شامل ہے۔ علیحدہ طور پر، حماس نے تصدیق کی کہ خلیل الحیہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد جنگ بندی مذاکرات کو آگے بڑھانے اور رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولنے پر گفتگو کیلئے رواں ہفتے قاہرہ پہنچا ہے۔

ٹرمپ کے غزہ منصوبے کے دوسرے مرحلے کا اعلان

مشرق وسطیٰ کیلئے امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف نے اعلان کیا کہ صدر ٹرمپ کے ۲۰ نکاتی غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں غیر مسلح سازی، ٹیکنوکریٹک طرزِ حکمرانی اور تعمیرِ نو پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وِٹکوف نے کہا کہ اس مرحلے میں ایک عبوری ٹیکنوکریٹک فلسطینی انتظامیہ قائم کی جائیگی جس کا نام ’’نیشنل کمیٹی فار دی ایڈمنسٹریشن آف غزہ‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس مرحلے میں مکمل غیر مسلح سازی کی طرف پیش قدمی کی جائے گی جس میں تمام غیر مجاز تنظیموں کی غیر مسلح سازی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ : سخت سردی میں تباہ حال عمارتوں کی دیواریں منہدم

انہوں نے حماس کو خبردار کیا کہ اگر وہ اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل کرنے میں ناکام رہا، بشمول آخری ہلاک شدہ یرغمالی کی واپسی، تو اسے ’’سنگین نتائج‘‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مصر، ترکی اور قطر کی جانب سے ان ابتدائی مراحل میں ثالثی کی ستائش کی جس نے انسانی امداد کی ترسیل یرغمالیوں کے تبادلے میں آسانی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK