Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایں خانہ ہمہ آفتاب است، خود بھی حافظ، والد، چچا اور دادا بھی حافظ

Updated: March 20, 2026, 11:42 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

یہ انعام خداوندی ہے۔ بعض خاندانوں میں رب العالمین کی مشیت سے یہ ہوتا ہے کہ ایک چراغ سے کئی چراغ روشن ہوتے ہیں۔ حافظ معید احمد خان ایسے ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے اس سال تیسری تراویح پڑھائی ہے۔ وہ کمپیوٹرانجینئرنگ کررہے ہیں۔

Moeed Ahmed Saeed Ahmed Khan has led Taraweeh prayers for 15 days this year. (Photo: Inquilab)
معید احمد سعید احمد خان نےامسال ۱۵؍روزہ تراویح پڑھائی ہے۔ (تصویر: انقلاب)

معید احمد سعید احمد خان (۱۸) کا تعلق اس خانوادے سے ہے جس میں ان کے والد، دادا اور ۳؍ چچا سمیت ۸؍ سے ۱۰؍ حفاظ موجود ہیں لیکن نئی نسل میں سے کسی نے یہ سعادت حاصل نہیں کی تھی۔ جب وہ ساتویں جماعت میں زیر تعلیم تھے تب اپنے خاندان میں کوئی نیا حافظ نظر نہ آنے پر ان کے والد کو خیال آیا کہ کلام اللہ کے حاملین کے حوالے سے یہ سلسلہ یہیں منقطع ہوتا  نظر آرہا ہے اس لئے انہوں نے اپنے سب سے چھوٹے فرزند کو کلام پاک حفظ کرانے کا فیصلہ کیا۔ معید نہ صرف اس کیلئے فوری طور پر تیار ہوگئے بلکہ خوب محنت کرکے تقریباً سوا ۲؍ برس کے عرصہ میں قرآن شریف مکمل حفظ کرلیا۔

یہ بھی پڑھئے: ملئے حافظ مفتی ثناء اللہ قاسمی سے جنہیں ان کی والدہ نے حفظ کروایا

معید احمد رکن انقلاب سعید احمد خان کے فرزند ہیں اور گزشتہ ۳؍ سال سے تراویح پڑھانے کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس سال انہوں نے مالونی میں ایک عمارت کی ٹیرس پر ۱۵؍ روزہ تراویح پڑھائی ہے جس کا اہتمام عمارت کے ذمہ دار اور مکین ناظم صدیقی کرتے ہیں۔

اس تراویح میں ایک ہی سامع ہوتا ہے اور عام طور پر قرآن سنانے کی ذمہ داری معید احمد کی ہی ہوتی ہے جو رمضان میں بعد فجر، ظہر اور مغرب سے عشاء تک روزانہ ۶؍ سے ۷؍ پاروں کی تلاوت کرتے ہیں۔ جبکہ عام مہینوں میں روزانہ ۳؍ سپاروں کی تلاوت کا معمول ہے۔ اگر کسی وجہ سے وقت نہ ملا تو رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی کرتے ہوئے اپنے والد کو دو سے ڈھائی پارے سناتے ہیں۔

معید احمد بتاتے ہیں کہ وہ کُل ۵؍ بھائی بہن ہیں جن میں سے صرف انہوں نے حفظ کیا ہے، حالانکہ ان کے ۳؍ چچا بھی حافظ ہیں لیکن چچا کے بچوں میں سے کسی نے بھی حفظ نہیں کیا ہے۔ چچازاد بھائیوں میں چند کم عمر لڑکے بھی ہیں اور معید کے حفظ کرنے سے تحریک پاکر چچائوں نے ارادہ کیا ہے کہ مناسب عمر کو پہنچنے پر اپنے بچوں کو قرآن حافظ بنائیں گے۔معید کے مطابق جب قرآن شریف حفظ کرانے کا فیصلہ ہوا تو ان کی والدہ کا مشورہ تھا کہ ان کے بڑے بھائی کو حفظ کرایا جائے کیونکہ وہ صحت میں ان سے بہتر ہیں۔ تاہم انتخاب خداوندی یہی تھا۔ دراصل معید کھانے کے معاملے میں کافی پیچھے ہیں اور گوشت بھی نہیں کھاتے جس کی وجہ سے حفظ کے دوران ان کی صحت کی فکر میں ان کی والدہ ان کے کھانے پینے کا خاص خیال رکھتی تھیں تاکہ حفظ میں خلل نہ پڑنے پائے۔

یہ بھی پڑھئے: حفظ، عالمیت، افتاء، تخصص فی الحدیث اور بی کام یعنی حافظ مفتی جنید

ان کے حفظ کا معاملہ بھی عام طلبہ سے مختلف رہا کیونکہ انہوں نے مکتب کے بجائے قرآن کا زیادہ تر حصہ اپنے والد کی نگرانی میں گھر پر مکمل کیا۔ وہ بتاتے ہیں کہ انہیں مدرسہ میں پڑھنے کیلئے بھیجا گیا تھا جہاں انہوں نے ۸؍ پارے مکمل کئے تھے۔ اس دوران ان کے والد حافظ سعید خود بھی ان کا سبق سنا کرتے تھے اور ان سے کچھ خاص مطمئن نہیں تھے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ انہیں گھر پر ہی اپنی نگرانی میں حفظ کرائیں گے۔ اس کیلئے یہ بھی طے ہوا کہ اسکول کی پڑھائی تو جاری رکھی جائے گی لیکن ۲؍ برس تک اس پر توجہ کم دیں گے تاکہ حفظ مکمل ہوجائے۔ اس طرح جب وہ نویں جماعت میں پہنچے تو ان کا حفظ مکمل ہوگیا اور جس سال انہوں نے ۱۰؍ ویں کے بورڈ کا امتحان دیا اس وقت رمضان چل رہا تھا اس کے باوجود انہوں نے پہلی تراویح پڑھائی تھی۔

گھر پر حفظ کرنے کے معمول کے تعلق سے ان کے والد حافظ سعید بتاتے ہیں کہ ’’اچھی بات یہ رہی کہ میری غیر حاضری کے باوجود وہ مغرب کے بعد سے شب ۱۰؍ بجے تک مسجد میں ہی رہ کر اعادہ کرتے تھے یعنی ساتھ میں کوئی نگراں موجود نہ ہونے کے باوجود تساہلی نہیں برتی اور آج بھی یہی معمول برقرار ہے کہ مغرب سے رات ۱۰؍ بجے تک مسجد میں ہی قرآن شریف کی تلاوت کرتے رہتے ہیں اور کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ مسجد کو یہی مقفل کرکے آتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: گیس سلنڈرکی قلت سے مڈڈے میل اسکیم متاثر

معید جو کمپیوٹر انجینئرنگ کررہے ہیں، کے مطابق وہ صبح کالج جاتے ہیں اور دوپہر تقریباً ۳؍ بجے تک گھر پہنچتے ہیں اس کے بعد سے مغرب تک جو وقت دستیاب رہتا ہے تو اس میں وقت کی تنظیم کرکے کالج کی پڑھائی کرلیتے ہیں اور کوئی دن ایسا نہیں جاتا جس میں تلاوت نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK