Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی آئی ایم گریجویٹ نے اپنی پہلی تنخواہ نقد رقم کی صورت میں والدین کے حوالے کی، جذباتی ویڈیو وائرل

Updated: June 05, 2026, 9:13 PM IST | Pune

انسٹاگرام پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اشوجیت کامبلے نے بتایا کہ انہیں یہ خیال اپنے والد کے ساتھ ہونے والی ایک گفتگو کے بعد آیا، جس میں ان کے والد نے ذکر کیا تھا کہ ماضی میں لوگ کس طرح اپنی پہلی تنخواہ نقد رقم کی شکل میں اپنے والدین کے ہاتھ میں تھمایا کرتے تھے؛ یہ ایک ایسی روایت تھی جو ڈجیٹل بینکنگ کے دور میں اب تقریباً غائب ہوچکی ہے۔

Photo: X
وائرل ویڈیو سے لیا گیا ایک عکس۔ تصویر: ایکس

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ (آئی آئی ایم IIM) کے ایک گریجویٹ کو ایم بی اے (MBA) کے بعد ملنے والی اپنی پہلی تنخواہ نقد رقم کی صورت میں اپنے والدین کے حوالے کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو پر ہزاروں صارفین کی جانب سے جذباتی ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔

حال ہی میں آئی آئی ایم سے تعلیم مکمل کرنے والے اشوجیت کامبلے نے اپنی تنخواہ ذاتی طور پر اپنے والدین کو دینے کیلئے پونے کا سفر کیا۔ انسٹاگرام پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ خیال اپنے والد کے ساتھ ہونے والی ایک گفتگو کے بعد آیا، جس میں ان کے والد نے ذکر کیا تھا کہ ماضی میں لوگ کس طرح اپنی پہلی تنخواہ نقد رقم کی شکل میں اپنے والدین کے ہاتھ میں تھمایا کرتے تھے؛ یہ ایک ایسی روایت تھی جو ڈجیٹل بینکنگ کے دور میں اب تقریباً غائب ہوچکی ہے۔ کامبلے نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”میں نے صرف اسی دلی مقصد کو پورا کرنے کیلئے پونے کی فلائٹ پکڑی۔“

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Ashwajeet Kamble (@ashwajeet.live)

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اپنے والد کے ماضی کی اس یاد کو دوبارہ تازہ کرنے کی خواہش میں، کامبلے نے اپنی تنخواہ اے ٹی ایم سے نکالی اور اسے ذاتی طور پر والدین کے حوالے کیا۔ انہوں نے لکھا: ”میں آج جو کچھ بھی ہوں، صرف ان کی بدولت ہوں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ تکنیکی طور پر یہ ان کی زندگی کی پہلی تنخواہ نہیں تھی، لیکن آئی آئی ایم سے گریجویٹ ہونے کے بعد یہ ان کی پہلی تنخواہ تھی، جس نے اس موقع کو خاندان کیلئے خاص بنا دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب اشوجیت اپنے والدین کو نقد رقم پیش کرتے ہیں تو وہ جذباتی ہو جاتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۱۰؍میں سے۷؍ نوجوانوں کو پہلی نوکری حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا: ’اِنڈیڈ‘ رپورٹ

اپنے خاندان کے اس سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کامبلے نے کہا کہ یہ لمحہ برسوں کی قربانیوں اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ویڈیو میں خاندان کے ساتھ نظر آنے والا شخص ان کا بڑا بھائی ہے، جس نے حال ہی میں تقریباً ۶ سال کی تیاری اور متعدد کوششوں کے بعد یو پی ایس سی (UPSC) امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے اور انڈین فاریسٹ سروس (IFS) میں شمولیت اختیار کی ہے۔

کامبلے نے بتایا کہ ان برسوں کے دوران، ان کے والد ہی گھر کے بنیادی مالی کفیل رہے، جبکہ وہ خود ویڈیو ایڈیٹنگ، تھری ڈی (3D) ڈیزائننگ اور انجینئرنگ پروجیکٹس جیسے فری لانس کام کے ذریعے آمدنی میں تعاون کرتے رہے۔ انہوں نے اس وائرل لمحے کو خاندان کی استقامت، باہمی تعاون اور ایک دوسرے کے خوابوں پر یقین کا عکس قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: پونے آئی ٹی کمپنیاں جانچ کے دائرے میں،۸؍ ماہ میں پانچویں فرم بند،۵۰۰۰؍ بیروزگار

سوشل میڈیا صارفین نے ستائش کی

سوشل میڈیا صارفین نے اس اقدام کی دل کھول کر تعریف کی۔ بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ پیسے ہاتھ میں دینے کے اس جسمانی عمل کی جذباتی قدر ڈجیٹل ٹرانسفر (آن لائن بھیجنے) سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ”یہ بہت اچھا ہوا کہ آپ نے ٹرانسفر کے بجائے نقد رقم دینے کا انتخاب کیا۔ اس احساس کو ہر کوئی نہیں سمجھ سکتا۔“ ایک اور صارف نے لکھا کہ ”ایک ماں اور ایک بیٹی ہونے کے ناطے، میں آپ کے اور آپ کی امی کے جذبات کو سمجھ سکتی ہوں۔“

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK