Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی نوجوان روزانہ دو گھنٹے سے زیادہ سوشل میڈیا پر صرف کرتے ہیں: رپورٹ

Updated: June 02, 2026, 10:03 PM IST | New delhi

ہندوستان میں ڈجیٹل سرگرمیوں سے متعلق ایک نئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ۱۸؍ سے ۲۴؍ سال کی عمر کے شہری نوجوان روزانہ اوسطاً ۱۲۰؍ منٹ سے زائد وقت سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں، جو مجموعی شہری اوسط ۹ء۹۷؍ منٹ سے کہیں زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق خواتین صارفین نہ صرف ای کامرس اور کوئیک کامرس پلیٹ فارمز پر مردوں سے زیادہ وقت صرف کر رہی ہیں بلکہ کئی اہم ڈجیٹل زمروں میں ان کی مصروفیت بھی نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

Photo: INN
تسویر: آئی این این

دنیا بھر میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور ڈجیٹل زندگی کے پھیلاؤ کے درمیان ہندوستان میں صارفین کے آن لائن رویوں سے متعلق ایک نئی رپورٹ نے دلچسپ رجحانات سامنے رکھے ہیں۔ VTION اور Internet and Mobile Association of India IAMAI کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق، شہری ہندوستان کے نوجوان سوشل میڈیا کے سب سے زیادہ فعال صارفین بن چکے ہیں اور روزانہ دو گھنٹے سے زیادہ وقت مختلف پلیٹ فارمز پر صرف کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ۱۸؍ سے ۲۴؍ سال کی عمر کے شہری نوجوان اوسطاً روزانہ ۱۲۰؍ منٹ سے زائد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، جو شہری ہندوستان کے مجموعی اوسط استعمال ۹ء۹۷؍  منٹ فی دن سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحان نوجوان نسل کی بدلتی ہوئی طرزِ زندگی، آن لائن رابطوں، مختصر ویڈیوز، ڈجیٹل تفریح اور معلومات کے حصول کے نئے ذرائع کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے : شہری شعور کو سنجیدگی سے اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے:ہرش گوئنکا

مطالعے میں یہ بھی سامنے آیا کہ عمر کے مختلف گروپوں میں ڈجیٹل سرگرمیوں کے انداز نمایاں طور پر مختلف ہیں۔ جہاں نوجوان طبقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سب سے زیادہ سرگرم ہے، وہیں ۳۵؍ سال یا اس سے زیادہ عمر کے صارفین تفریحی پلیٹ فارمز پر زیادہ وقت صرف کر رہے ہیں۔ اس عمر کے افراد روزانہ اوسطاً ۲ء۷۷؍ منٹ تفریحی مواد دیکھنے اور سننے میں گزارتے ہیں، جس سے یہ زمرہ سب سے زیادہ مقبول ڈجیٹل سرگرمیوں میں شامل ہو گیا ہے۔ رپورٹ نے خواتین صارفین کے بڑھتے ہوئے ڈجیٹل اثر و رسوخ پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق خواتین ای کامرس اور کوئیک کامرس پلیٹ فارمز پر مردوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ وقت گزارتی ہیں۔ ۱۸؍ سے ۲۴؍ سال کی عمر کے گروپ میں خواتین کی مصروفیت مرد صارفین کے مقابلے میں ۴۷؍ فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے : ’من کی بات‘ میں مودی نے طلبہ سے ایسٹرونومی کلبوں سے وابستہ ہونے کی اپیل کی

رپورٹ کے مطابق صرف صارفین کی تعداد ہی اہم نہیں بلکہ پلیٹ فارم پر گزارا جانے والا وقت بھی ڈجیٹل رویوں کی بہتر عکاسی کرتا ہے۔ اسی تناظر میں خواتین کئی اہم زمروں میں مردوں کے مقابلے میں اوسطاً ۴۲؍ فیصد زیادہ تعامل اور سرگرمی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ بڑے شہروں میں رہنے والی ۲۵؍ سے ۳۴؍ سال کی خواتین روزانہ اوسطاً ۲ء۳۵؍ منٹ ای کامرس اور فوری خریداری کے ایپس پر صرف کرتی ہیں، جبکہ اسی عمر کے مرد صرف ۸ء۲۴؍  منٹ خرچ کرتے ہیں۔ یہ فرق آن لائن خریداری اور گھریلو ضروریات کی ڈجیٹل منتقلی میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ پلیٹ فارم کی سطح پر بھی یہی رجحان نظر آیا۔ کوئیک کامرس پلیٹ فارم بلنک اٹ کے صارفین میں خواتین کا حصہ ۵۷؍ فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ میشو میں ۶۱؍ فیصد اور منترا میں ۵۴؍ فیصد صارفین خواتین پر مشتمل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے : ابھیشیک بنرجی پر حملے کی سخت مذمت

دوسری جانب پیغام رسانی یا میسجنگ پلیٹ فارمز بھی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ ہیں۔ شہری صارفین اوسطاً روزانہ ۶ء۵۸؍ منٹ مختلف میسجنگ ایپس پر صرف کرتے ہیں، جو ڈجیٹل رابطوں کی مسلسل اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ رپورٹ میں ابھرتے ہوئے ڈجیٹل شعبوں کی تیز رفتار ترقی کی بھی نشاندہی کی گئی۔ قرض اور کریڈٹ سے متعلق ایپلی کیشنز کے ماہانہ فعال صارفین میں ۳۰؍  فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز نے ۱۰۰؍ فیصد سے زیادہ نمو درج کی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اے آئی پر مبنی ٹولز اور خدمات تیزی سے ہندوستانی صارفین کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنتی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے : ملیح آباد: کسمنڈی کلاں کے سروے میں مسجد اور قبروں کے شواہد پائے گئے

عالمی سطح پر بھی یہی رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، مختصر ویڈیو پلیٹ فارمز، آن لائن خریداری اور ڈجیٹل ادائیگیوں نے صارفین کے رویوں میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے۔ ہندوستان، جو دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ صارفین والے ممالک میں شامل ہے، اس تبدیلی کے مرکز میں دکھائی دیتا ہے اور نوجوان نسل اس ڈجیٹل انقلاب کی سب سے بڑی محرک بن کر ابھر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK