• Sat, 24 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کا چھوٹے سے چھوٹا حملہ بھی ایران کے خلاف اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا: ایرانی حکام

Updated: January 24, 2026, 5:01 PM IST | Tehran/Washington

اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں، حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف ایران کے ’’پرتشدد کریک ڈاؤن‘‘ کی مذمت کرنے کیلئے ایک قرارداد پیش کی گئی جس کی ہندوستان اور چین سمیت ۷ ممالک نے مخالفت کی۔

Donald Trump and Ali Khamenei. Photo: INN
ڈونالڈ ٹرمپ اور علی خامنہ ای۔ تصویر: آئی این این

ٹرمپ کی دھمکیوں اور امریکی فوجی اثاثوں کی مشرقِ وسطیٰ کی جانب نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد ایران نے امریکہ کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سرزمین پر کسی بھی حملے کو ’’ہمہ گیر جنگ‘‘ تصور کیا جائے گا۔ جمعہ کے دن ایک سینیئر ایرانی عہدیدار نے رازداری کی شرط پر بتایا کہ ممکنہ کشیدگی کے پیشِ نظر ایران کی مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ تہران ’’آنے والے دنوں میں‘‘ خطے میں امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے اور اضافی امریکی افواج کی آمد کی نگرانی کر رہا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ اس فوجی اجتماع کا مقصد حقیقی تصادم نہیں ہے، لیکن ہماری فوج بدترین صورتحال کیلئے تیار ہے۔ اسی لئے ایران میں ہر چیز ہائی الرٹ پر ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں ۲ لاکھ ۳۰ ہزار سے زائد خواتین اور لڑکیاں طبی سہولیات سے محروم: اقوامِ متحدہ کا انتباہ

’’محدود، جراحی یا حرکی حملہ؛ ہمارے لئے سب جنگ ہے‘‘

غیر معمولی طور پر سخت لہجے میں ایرانی عہدیدار نے کہا کہ تہران کسی بھی امریکی حملے کی ’’وسعت یا نوعیت‘‘ کے درمیان کوئی فرق نہیں کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کے کسی بھی قسم کے حملہ کا ایران کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس بار ہم کسی بھی حملے کو چاہے وہ محدود ہو، لامحدود ہو، سرجیکل ہو یا کائنیٹک، وہ اسے جو بھی نام دیں، اپنے خلاف ایک ہمہ گیر جنگ کے طور پر دیکھیں گے۔ اور ہم اس کا حساب چکانے کیلئے سخت ترین ممکنہ طریقے سے جواب دیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک دن قبل کہا تھا کہ امریکہ کا ایک ’’بحری بیڑا‘‘ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ انہیں اسے استعمال نہیں کرنا پڑے گا۔ رپورٹس کے مطابق، طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن، ڈیسٹرائرز اور لڑاکا طیاروں سمیت امریکی جنگی جہاز گزشتہ ہفتے ایشیا پیسیفک سے اپنی پوزیشن تبدیل کرنا شروع کرچکے ہیں۔ حکام نے یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اضافی فضائی دفاعی نظام تعینات کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ-ایران ٹکراؤ کا خطرہ پھر بڑھ گیا، بحری بیڑہ روانہ

انسانی حقوق کونسل میں تہران کے خلاف قرارداد؛ ہندوستان نے مخالفت کی 

اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) کے حالیہ اجلاس میں، حکومت مخالف مظاہروں سے نمٹنے کے طریقہ کار پر ایران ایک بار پھر شدید تنقید کی زد میں آیا۔ جمعہ کے دن، کونسل میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں ایران کے ’’پرتشدد کریک ڈاؤن‘‘ کی مذمت کی گئی اور تہران سے ’’بے رحمانہ جبر‘‘ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ۴۷ رکنی کونسل کے ۲۵ ممبران نے اس قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیا جبکہ ہندوستان اور چین سمیت ۷ ممالک نے اس کی مخالفت کی۔ ۱۴ ممبران نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد میں ایران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور من مانی گرفتاریوں کو روکے۔ اسی کے ساتھ کونسل نے جوابدہی کیلئے شواہد جمع کرنے کیلئے اقوامِ متحدہ کے آزاد تفتیش کاروں کے اختیارات میں مزید دو سال کی توسیع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات جاری رہیں گی، تحقیقاتی کمیشن کا بیان

کشیدگی کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کیلئے سیکڑوں پروازیں معطل

مشرق وسطیٰ میں وسیع تر بحران کے خطرے کے پیشِ نظر، کئی ایئر لائنز نے خطے میں اپنے آپریشنز محدود کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ ’ایئر فرانس‘ نے ’’جیو پولیٹیکل صورتحال‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے دبئی کیلئے پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا۔ ’کے ایل ایم‘ نے بھی تل ابیب، دبئی، دمام اور ریاض سمیت متعدد علاقائی مقامات کیلئے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایران، عراق اور اسرائیل کی فضائی حدود سے گریز کرے گی۔ اس سے پہلے جرمنی کی ’لوفتھانزا‘ ایئرلائنز نے ۲۹ مارچ تک تہران کیلئے تمام پروازوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی زرعی برآمدات تباہی کے دہانے پر، غزہ نسل کشی کا نتیجہ

ایران کی میزائل پوزیشن پر توجہ

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ہی ایران کا انحصار زیادہ تر اپنی میزائل ڈیٹرنس پر رہے گا۔ اطلاعات کے مطابق تہران اپنے میزائل پروگرام کی تعمیرِ نو میں مصروف ہے اور چین سے امونیم پرکلوریٹ اور دیگر کیمیائی اجزاء درآمد کر رہا ہے، جنہیں بیلسٹک میزائلوں کیلئے ٹھوس ایندھن تیار کرنے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایران چین کے ایچ کیو-۹بی فضائی دفاعی نظام کو خریدنے پر غور کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK