Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان مشرق میں صحافی اشوک ورما کے بیٹے پر فائرنگ

Updated: June 12, 2026, 12:36 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

گولی پیر میں لگی،متاثرہ نوجوان کا نجی اسپتال میں علاج جاری،۴ ؍نوجوان گرفتار،معمولی تنازع کے بعدجھگڑا بڑھ گیا۔

This is how the four accused in the Kalyan firing were punished. Photo: INN
کلیان میں فائرنگ کے چاروں ملزمین کو کچھ اس طرح سزا دی گئی۔ تصویر: آئی این این

گاڑی کو کٹ مارنے کے معمولی تنازع پر دو نوجوانوں کے درمیان شروع ہونے والا جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ تکرار کے بعد دونوں گروہوں میں گالم گلوچ اور مارپیٹ شروع ہو گئی جس کے دوران موقع پر موجود ایک اور نوجوان بھی اس جھگڑے کی زد میں آ گیا۔ اسی دوران ایک نوجوان نے مخالف پر حملہ کرنے کی کوشش میں اپنے پاس موجود پستول سے فائرنگ کر دی۔ فائر کی گئی گولی قریب کھڑے ایک نوجوان کے پیر میں جا لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔زخمی نوجوان کو فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کولسے واڑی پولیس حرکت میں آ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے اس واقعہ میں ملوث ۴؍ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھئے: دھاراوی: میونسپل عمارتوں کے مکینوں کو ایک ہفتے میں مکان خالی کرنے کا نوٹس

تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب کلیان مشرق کے آتمارام نگر میں پریم عرف گنڈا راجپوت اور بوندی بھائی نامی نوجوانوں کے درمیان گاڑی کو کٹ مارنے کے معمولی تنازع پر تلخ کلامی ہوئی۔ بات بڑھنے پر دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا اور گالم گلوچ کی۔اسی دوران ایک مشتعل نوجوان نے اپنے پاس موجود غیر قانونی پستول سے تین سے چار راؤنڈ اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

عینی شاہدین کے مطابق جب یہ جھگڑا چل رہا تھا تو وہاں سے گزرنے والا ایک تیسرا نوجوان راہل ورما، جو کہ ایک سینئر صحافی اشوک ورما کا بیٹا ہے اس کی زد میں آ گیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسمارٹ واچ کی قیمت اور مجموعی رقم بتانے میں حج کمیٹی کی آناکانی

ملزمین کی جانب سے چلائی گئی گولیوں میں سے ایک گولی راہل کے پیر میں جا لگی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر زمین پر گرگیا۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) اتل  جھنڈے اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ( اے سی پی ) اشوک ہونمانے بھاری نفری کے ساتھ خود جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے مقامی کولسے واڑی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ہیمنت گرو کو ناکہ بندی کرکے ملزمین کو فوری پکڑنے کا حکم دیا۔ پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے چاروں ملزمین کو چند ہی گھنٹوں میں حراست میں لے لیا۔جرائم پیشہ عناصر میں قانون کا خوف پیدا کرنے کے لئے پولیس نے روایتی سخت رویہ اپنایا۔ گرفتاری کے بعد چاروں نوجوانوں کو آتمارام نگر کے اسی علاقے کی سڑک پر لایا گیا جہاں انہوں نے فائرنگ کی تھی اور ان سے بیچ سڑک پر کان پکڑوا کر اٹھک بیٹھک کروائی گئی۔ شدید گرمی اور سخت سزا کی وجہ سے ملزمین تھکن سے نڈھال ہو گئے اور ہاتھ جوڑتے نظر آئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK