• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان : تجاوزات ہٹانے کی مہم سے ہاکرس فاقہ کشی کے دہانے پر!

Updated: November 16, 2026, 10:54 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

کے ڈی ایم سی کی کارروائیوں سے ہزاروں ہاکرس بے روزگار، شہری انتظامیہ کے دوہرے معیار پر سوالات۔

Hawkers are facing severe financial difficulties following their removal from the footpath. (File photo)
فٹپاتھ سے ہاکروں کو ہٹائے جانے سے انہیں سخت مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔(فائل فوٹو)

فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے نام پر جاری مہم کے درمیان کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کے ہزاروں خوانچہ فروشوں کے سامنے روزگار کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔

ایک جانب میونسپل انتظامیہ عدالتی احکامات کا حوالہ دے کر روزانہ چھوٹے ہاکروں کے خلاف کارروائی کررہی ہے تو دوسری جانب شہر میں کئی مقامات پر مبینہ غیر قانونی تجاوزات اور بااثر دکان داروں کے قبضوں پر خاموشی اختیار کئے جانے کے  الزامات سامنے آرہے ہیں۔صورت حال یہ ہے کہ محنت مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے والے عام خوانچہ فروش فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔مزید تشویش ناک امر یہ ہے کہ ہاکرس کمیٹی کے باقاعدہ انتخابات اور اراکین کے انتخاب کے باوجود میونسپل کمشنر نے اب تک کمیٹی کے ساتھ ایک بھی میٹنگ نہیں کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ممبئی کے ساحلوں پر چھٹھ پوجا سے متعلق اشیاءکے وسرجن پر پابندی کا مطالبہ

کے ڈی ایم سی کی جانب سے عدالتی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے فٹ پاتھوں پر کاروبار کرنے والے غریب ہاکرس کے خلاف مسلسل کریک ڈاؤن جاری ہے۔متاثرہ خوانچہ فروشوں کا الزام ہے کہ کارروائی کے دوران قانونی ضابطوں اور لازمی پنچ نامہ کی پابندی کئے بغیر نہ صرف ان کا سامان ضبط کر لیا جاتا ہے بلکہ مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کر کے انہیں بھاری مالی نقصان بھی پہنچایا جاتا ہے۔اس صورت حال نے پہلے ہی معاشی بدحالی کا شکار چھوٹے تاجروں کے لئے ۲؍ وقت کی روٹی کا حصول مزید مشکل بنا دیا ہے۔ 

ہاکرس کا مؤقف ہے کہ میونسپل انتظامیہ نے برسوں قبل متبادل ہاکرس زون بنانے کا اعلان کیا تھا جو آج تک کاغذوں تک محدود ہے۔متبادل جگہ نہ ملنے کے باعث وہ مجبوراً فٹ پاتھوں پر کاروبار کر رہے ہیں۔دوسری جانب خوانچہ فروشوں نے میونسپل انتظامیہ کے دوہرے معیار پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل اسکولوں میں سی بی ایس ای انگریزی میڈیم شروع کرنے کی تجویز

ڈومبیولی مشرق کے مدھوبن گلی علاقے میں مبینہ طور پر اسکائی واک کی دیوار اور سیڑھیوں کے نیچے غیر قانونی دکانیں قائم کر کے کاروبار جاری ہے مگر متعلقہ وارڈ افسران اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے۔کلیان شہر کے مختلف علاقوں میں بااثر دکان داروں کی جانب سے فٹ پاتھوں سے آگے دو پہیہ گاڑیاں کھڑی کرکے سڑکوں پر قبضہ کرنے اور لوہے کی جالیاں رکھ کر غیر قانونی سیڑھیاں تعمیر کرنے کی شکایات عام ہیں۔ہاکرس کا کہنا ہے کہ جب چھوٹے کاروباریوں کے خلاف کارروائی کی بات آتی ہے تو ہر بار میونسپل کمشنر کے احکامات کا حوالہ دیا جاتا ہے لیکن انسداد تجاوزات دستے کو شہر کے بڑے اور مستقل قبضے دکھائی نہیں دیتے۔ ان کی تمام تر کارروائیاں محض غریب اور بے سہارا ہاکروں تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK