Inquilab Logo Happiest Places to Work

لکشمن ہاکے کا ’او بی سی جنتا پارٹی‘ کے قیام کا اعلان

Updated: July 21, 2026, 10:03 AM IST | Pune

نوجوان او بی سی لیڈر نے کہا ’’مہاراشٹر میں او بی سی سماج کا کوئی لیڈر نہیں ہے۔‘‘

Laxman Hake. Photo: INN
لکشمن ہاکے ۔ تصویر: آئی این این

او بی سی لیڈر پروفیسر لکشمن ہاکے نے بارامتی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے او بی سی جنتا پارٹی کے نام سے نئی پارٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ لکشمن ہاکے نے واضح کیا کہ وہ او بی سی سماج کی نمائندگی کیلئے ا س نئی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ لکشمن ہاکے کا کہنا ہے کہ  او بی سی( دیگر پسماندہ جماعتیں) روایتی طور پر بی جے پی کے ساتھ رہی ہیں۔  لہٰذا بی جے پی نے  او بی سی کے ووٹ لئے لیکن بی جے پی کا بنیادی ڈھانچہ اب او بی سی نہیں رہا بلکہ وہ اب صنعتکاروں کا ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ رائے بھی ظاہر کی کہ بی جے پی کو این سی پی کے ساتھ اتحاد کی ضرورت نہیں تھی نہ ہی شیو سینا کو توڑنے کی ضرورت تھی۔

یہ بھی پڑھئے: طلبہ پر کریک ڈاؤن کیخلاف اپوزیشن کا شدید رد عمل

لکشمن ہاکے نےکہا او بی سی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے او بی سی جنتا پارٹی بنائی گئی ہے۔  مہاراشٹر میں او بی سی  سماج کے مسائل حل کرنے کیلئے یہ پارٹی کام کرے گی۔ ہاکے سوال کیا’’ اگر اسمبلی کے اجلاس میں او بی سی کے مسائل پر ایک بھی سوال نہیں اٹھایا گیا یا ریزرویشن پر کوئی بحث نہیں ہوئی تو (مہاراشٹر کے) ۶۰؍ فیصد او بی سی کو کیا کرنا چاہئے؟ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس مہاراشٹر میں ہمارا کوئی لیڈر نہیں ہے۔ اسلئے مستقبل میں ہمیں او بی سی برادری کو ذہن میں رکھتے ہوئے کچھ فیصلے کرنے ہوں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ہمارا نعرہ رکن اسمبلی ، وزیر یا وزیر اعلیٰ بننا نہیں ہے، بلکہ او بی سی جنتا پارٹی عام لوگوں کے مسائل پر کام کرےگی۔ یہ کسی کے ذاتی مفاد کیلئے پارٹی نہیں بنائی گئی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کریٹ سومیا کا مالیگاؤں کے تعلق سے نیا شوشہ

 یاد رہے کہ لکشمن ہاکے سب سے پہلے مراٹھا کارکن منوج جرنگے کی تحریک کے خلاف بھوک ہڑتال کرکے سرخیوں میں آئے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ بی جے پی نے منوج جرنگے کی تحریک کو کمزور کرنے کیلئے  انہیں کھڑا کیا ہے۔ لکشمن ہاکے کل تک چھگن بھجبل کی تعریفیں کیا کرتے تھے جنہیں مہاراشٹر میں او بی سی سماج کا سب سے بڑا لیڈر تصور کیا جاتا ہے لیکن پیر کے روز انہوں نے واضح طورپر کہہ دیا کہ  حکومت یا حکومت کے باہر او بی سی سماج کا کوئی لیڈر نہیں ہے۔ ان کے اس بیان سے او بی سی قیادت میں ہلچل مچ سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK