Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہر اسکول اور وارڈ میں چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی بنانے کی تجویز

Updated: May 22, 2026, 3:31 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں نابالغ طالب علموں کے جنسی استحصال، بدسلوکی، ہراساں کئے جانے اور اسی طرح کےدیگر واقعات روکنے کیلئے ایم ایل سی چتراواگھ نے میئر ریتو تائوڑے کو میمورنڈم دیا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ اسکول کے احاطے ، داخلی راستوں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔

MLC Chitra Wagh and Mumbai Mayor Ritu Tawde met to discuss important issues related to education. Photo: INN
ایم ایل سی چترا واگھ اور ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے کی ملاقات میں تعلیم سے متعلق اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ تصویر: آئی این این

اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں نابالغ طلبہ کے جنسی استحصال، بدسلوکی، ہراساں کرنے اور اسی طرح کےدیگر واقعات روکنے کیلئے میونسپل کارپوریشن نے ہر اسکول میں چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی اور شہر کے ۲۲۷؍ وارڈوں میں وارڈ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی قائم کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں ۔اس سلسلےمیں سے جلد پالیسی بنائی جائے گی اور اس کا مسودہ میئر کو پیش کیا جائے گا۔ایم ایل سی چترا واگھ نے حال ہی میں ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے سے ملاقات کی جس میں اسکولوں میں طلبہ کی حفاظت، جنسی استحصال سے تحفظ، جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ کے قانون کے نفاذ ، اسی طرح کےجرائم کو روکنے کیلئےموثر اقدامات کرنے اوردیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔

یہ بھی پڑھئے : غریب نگر میں انہدامی کارروائی سے متاثرین کا برا حال

اس تعلق سے میئر نے متعلقہ عہدیداروں کو مختلف تجاویز دی ہیں،مثلاً میونسپل کارپوریشن کو اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں بدعنوانی کو روکنے اور قانون کے نفاذ کو مضبوط بنانے کیلئے کچھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان اقدامات کی نوعیت محکمہ تعلیم کو پیش کریں۔

یہ بھی پڑھئے : باندرہ غریب نگر : دوسرے دن انہدامی کارروائی میں زبردست ہنگامہ

دریں اثناء بی ایم سی کے ایجوکیشن کمیٹی کی چیئر پرسن راج شری نے کہاہےکہ ’’ممبئی کے تمام ۲۲۷؍وارڈوں میں چائلڈ سیفٹی کمیٹیاں اور وارڈ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کرنے کیلئے جلد ہی ایک پالیسی تیار کی جائے گی۔‘‘

چترا واگھ کےمطابق ’’طلبہ کی حفاظت ہی تعلیمی نظام کا اصل مقصد ہے۔ میں پچھلے کئی برس سے طلبہ کی حفاظت کے شعبے میں کام کر رہی ہوں۔ اگرشہری انتظامیہ ،اسکول انتظامیہ، والدین اور معاشرے کے متعلقہ ذمہ داران کے ساتھ مل کر کام کرے تو بچوں کے استحصال اور زیادتی کو روکنا ممکن ہے۔‘‘

انہوںنے میئر ریتو تائوڑے کو ایک میمورنڈم بھی دیاہے جس میںتمام اسکولوں میں بچوں کے تحفظ کی پالیسیوں کو لازمی بنانے ، اسکولوں میں تمام اساتذہ، عملے، بس ڈرائیوروں اور ہیلپروں کی پولیس تصدیق کی جائے ۔ اسکول کے احاطے ، داخلی راستوں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں اور ان کا باقاعدگی سے آڈٹ کیا جائے۔ طلبہ کو اچھے اور برے رابطے کے درمیان فرق بتایاجائے۔ سائبر سیفٹی اور بچوں کے حقوق کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے۔ تمام اسکولوں میں طلبہ کیلئے سیلف ڈیفنس ٹریننگ کو لازمی قرار دیا جائے۔ 

یہ بھی پڑھئے : این سی پی کے دونوں گروپ ایک نہیں ہوں گے

میئر کو پیش کئے جانے والے میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا کہ اسکولوں میں خواتین کی حفاظت کیلئے افسران یا کونسلرز کا تقرر کیا جائے۔ پاکسو جرائم کے بارے میں معلومات چھپانے والے اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائےاور متاثر طلبہ کو مشاورت، سائیکو تھراپی اور قانونی مدد فراہم کی جانی چاہئے۔اس طرح کےمطالبات کئے گئے ہیں۔

اس تعلق سے مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے ترجمان عابد شیخ نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ طلبہ کے تحفظ کیلئے شہری انتظامیہ اگر اس طرح کے اقدامات کرتا ہے تو اس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں ۔ اس سے طلبہ اور والدین کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔ والدین اور سرپرست اپنے بچوں کے تحفظ کے تئیں مطمئن ہوں گے۔ ‘‘

دیگر تعلیمی تنظیموں نے بھی طلبہ کےتحفظ کیلئے ان تجاویز پر عمل کرنےکی اپیل کی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK