Inquilab Logo Happiest Places to Work

غریب نگر میں انہدامی کارروائی سے متاثرین کا برا حال

Updated: May 22, 2026, 10:55 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Bandra

وکلاء سے صلاح و مشورہ۔ پرائیویٹ سروے کے ذریعے قانونی کارروائی کی کوشش۔ شہید کردہ مسجد کے ٹرسٹی نے کہا: ایسا ہوجائے گا، کبھی سوچا نہیں تھا۔ آج جمعہ کے سبب انہدامی کارروائی کے دوران پولیس کی خصوصی چوکسی۔ اب تک ۱۵؍ گرفتار، ریلوے کی جانب سے ۸۰؍ فیصد سے زائد جھوپڑوں کو منہدم کرنے کا دعویٰ۔

This is what the homeless people look like with their families after 3 consecutive days of demolition. (Photo: PTI)
لگاتار ۳؍ روز کی انہدامی کارروائی کے بعد بے گھر افراد اپنے اہل خانہ کے ساتھ کچھ اس طرح نظر آرہے ہیں۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

غریب نگر (باندرہ مشرق) میں تیسرے دن بھی انہدامی کارروائی جاری رہی۔ ریلو ے کی جانب سے ۸۰؍فیصد سے زائد جھوپڑوں کو منہدم کرنے کا دعویٰ کیا گیا اوراس بات کااعادہ کیا گیا کہ یہ کارروائی ۲۳؍مئی تک جاری رہے گی۔پتھربازی کرنے اورسرکاری کام کاج میں رخنہ اندازی کرنے کے الزا م میں اب تک ۱۵؍افراد کوگرفتار کیا جاچکا ہے ۔ 

اس کارروائی کے سبب متاثرین بے یار و مددگار اورسخت پریشان ہیں، ان کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ وہ کیا کریں؟ پہلے کچھ متاثرین ملبے کے قریب بیٹھے ہوئے تھے لیکن پولیس نے انہیں وہاں سے ہٹادیا۔ کچھ متاثرین تو اپنے رشتہ داروں کے یہاں پناہ لئے ہوئے ہیں ،کچھ کرایہ کے مکان میںمنتقل ہوگئے ہیں جبکہ کئی ایسے ہیں جو اب بھی مجبوراً بریج کے نیچے یا فٹ پاتھ پر پناہ لئے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ادھورے ممبئی۔ گوا ہائی وے پر ٹول وصولی کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

مسجد کے ٹرسٹی نےکہاکہ ایسا کبھی سوچا نہیں تھا

دوسرے دن کی انہدامی کارروائی کے دوران شہید کردہ غریب نگرسنّی مسجد کے ٹرسٹیان بھی قانونی صلاح ومشورہ کررہے ہیں کہ کس طرح اس انہدامی کارروائی کے خلاف آواز بلند کی جائے اور انصاف مل سکے۔ اس تعلق سے مسجد کےٹرسٹی سلیم سید نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ ’’ کبھی سوچا نہیں تھا کہ ایسا ہوجائے گا اورمسجد شہید کردی جائے گی ۔ اب تو صرف ملبہ پڑا ہوا ہے ، نماز ادا کرنے کی گنجائش نہیں رہ گئی ہے۔‘‘ 

انہوں نےیہ بھی کہا کہ’’ اس انہدامی کارروائی پرخاموش کیسے رہا جاسکتا ہے؟ اس تعلق سےباہمی صلاح ومشورہ کے بعد قانونی معاملے کو آگے بڑھایا جائے گا اورانصاف کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔‘‘ 

وکلاء کے ذریعے جائزہ اور قانونی مدد

کچھ تنظیموں اور ذمہ دار اشخاص کی جانب سے متاثرین کی راحت رسانی اور قانونی مدد اور پہلے کرائے گئے پرائیویٹ سروے کی بنیاد پرآگے کی قانونی کارروائی کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس تعلق سے عبدالقدیر شیخ اور محمدصدیق تارا پور والا نے انقلاب کوبتایا کہ’’ متاثرین کی راحت رسانی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ اسی لئے وکلاء کے ہمراہ جائزہ لیا جائے گا اورضروری کاغذات جمع کرنے کے ساتھ وہ لوگ جو اس کارروائی میں بے گھرکئے گئے ہیں اور ان کے لئے کوئی انتظام نہیں ہوسکا ہے ،ان کے لئے کھانے پینے کا نظم کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے ۔ ‘‘

عبدالقدیر شیخ نے یہ بھی بتایاکہ’’ یہ معاملہ ۲۰۱۷ء سے چل رہا تھا۔ اس تعلق سے ۳۶۲؍ جھوپڑوں کا پرائیویٹ سروے کرایا گیا ہےجبکہ ۱۹۸؍ جھوپڑوں کا جو پٹری سے ۱۰؍ میٹر کی دوری پر تھے، ویسٹرن ریلوے کی جانب سے سروے کرایا گیا تھا ۔ پہلے اتنی ہی زمین ریلوے کو درکار تھی اور بقیہ ریاستی حکومت کی زمین ہونے کا حوالہ دیا گیا تھا مگر اب صورتحال بالکل مختلف ہوگئی ہے۔ اسی لئے پرائیویٹ سروے کی رپورٹ تیار کی جارہی ہے تاکہ اس سے قانونی کارروائی میں مدد ملے اور سرکاری سطح پر آواز بلند کرنے میں آسانی ہو ۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: این سی پی کے دونوں گروپ ایک نہیں ہوں گے

وزیراعلیٰ نے کیا کہا؟ 

وزیراعلیٰ دویندر فرنویس نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہاکہ’’باندرہ میں غیرقانونی قبضہ جات ہٹانے کی کارروائی جاری ہے۔ اس دوران کچھ لوگوں نے پتھربازی کی، اس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور پتھربازی کرنے والوں کوحراست میں لیا گیا ہے۔‘‘ 

آج بھی کارروائی اور جمعہ کے سبب پولیس الرٹ

۲۲؍مئی کو چوتھے دن بھی انہدامی کارروائی جاری رہے گی ۔آج جمعہ کادن ہونے کے سبب یہ بتایا گیا کہ پولیس کواحتیاطاً الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حالانکہ لوگوں کے جمع ہونے کا اندیشہ نہیں ہے ۔اس کے باوجود اضافی فورس کی تعیناتی اور خصوصی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایوت محل کے کارکن کا بھیونڈی میں۱۵۰؍فٹ اونچے موبائل ٹاور پر چڑھ کر احتجاج

پولیس ،ریلوے عملہ اور مشینیں

غریب نگر میں جاری انہدامی کارروائی کے دوران ۵۰۰؍ سٹی پولیس کے جوان، ۲۰۰؍ گورنمنٹ ریلوے پولیس کے جوان، ۲۵۰؍ ریلوے پروٹیکشن فورس کے جوان، ۱۳؍ جے سی بی، گیس کٹر اور دیگر مشینوں کے علاوہ ۳۰۰؍ ریلوے عملہ موجود رہا۔یہ تفصیلات ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے انقلاب کو بتائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK