Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ، ایران جنگ مزید شدت اختیار کر گئی، تازہ فضائی حملے اور جوابی کارروائیاں

Updated: July 17, 2026, 4:01 PM IST | Tehran

امریکہ اور ایران کے درمیان تصادم جمعہ کو مزید شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران تازہ فضائی حملے، میزائلوں کی روک تھام، ڈرون کارروائیاں اور بحری نقل و حمل میں رکاوٹیں سامنے آئیں۔ چین اور پاکستان نے فوری جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کی اپیل کی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی محاذ آرائی جمعہ کو مزید شدت اختیار کر گئی، جب مشرقِ وسطیٰ میں تازہ فضائی حملوں، میزائلوں کی روک تھام، ڈرون حملوں اور بحری جہازوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ذیل میں تازہ پیش رفت کا خلاصہ پیش ہے۔ 
جنوبی ایران میں امریکی فضائی حملوں کا دائرہ وسیع
جمعہ کی صبح امریکہ نے جنوبی ایران میں فضائی حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا، جس میں فوجی تنصیبات کے علاوہ دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق خمیر کاؤنٹی میں واقع گیریوہ پل اور کاہورستان پل، جو بندر عباس کو شیراز سے ملاتے ہیں، حملوں کی زد میں آئے۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ایک ریلوے اسٹیشن پر بھی حملہ کیا گیا۔ حملوں سے بندر عباس اور اس کے نواحی علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں متاثر ہوئیں، جس کے بعد مقامی حکام نے شہریوں سے بجلی کی بچت اور خاص طور پر ایئر کنڈیشنرز کا کم استعمال کرنے کی اپیل کی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کے مطابق جنوبی ایران میں تازہ حملوں میں کم از کم سات افراد جاں بحق ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے: نیٹ یوجی ۲۰۲۶ء: نتائج جاری، ۲۱ء۱۱؍ لاکھ امیدوار میڈیکل داخلوں کیلئے اہل قرار

امریکی فوج کی مسلسل چھٹی رات کارروائیاں 
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے تصدیق کی کہ اس نے ایران کے خلاف مسلسل چھٹی رات بھی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں۔ امریکی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی فوجی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔ اس کے جواب میں ایران نے خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حملے کئے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ 
قطر نے ایرانی میزائل تباہ کیا، ایک بچہ زخمی
ایران کی جانب سے خلیج میں امریکی اہداف پر حملوں کے چند گھنٹوں بعد قطر کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جمعہ کی صبح ایک ایرانی میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ بعد ازاں قطر کی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ میزائل کے ملبے کے ٹکڑے گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’بلڈوزر انصاف‘ پر توہین عدالت کی اپیلوں پر سماعت سے انکار

اربیل کے اوپر آٹھ ڈرون مار گرائے گئے
کشیدگی عراق تک بھی پھیل گئی، جہاں امریکی قیادت میں قائم اتحاد نے عراق کے کردستان کے دارالحکومت اربیل کے اوپر آٹھ بارود سے لدے ڈرون تباہ کر دیئے۔ کرد انسدادِ دہشت گردی فورس کے مطابق تمام ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرائے گئے، جس کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ رواں ہفتے اربیل میں ڈرون روکنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ 
امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ٹینکروں نے راستہ تبدیل کر لیا
جنگ کے اثرات خلیج میں تجارتی بحری نقل و حمل پر بھی پڑے۔ کھانے کے تیل اور ایندھن لے جانے والے دو امریکی پابندیوں کا شکار ٹینکروں نے خلیجِ عمان اور بحیرۂ عرب میں غیر معمولی طور پر اپنا راستہ تبدیل کیا اور کئی بار یو ٹرن اور زگ زیگ انداز میں سفر کیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق نئی مہم کے آغاز کے بعد امریکی افواج تین تجارتی جہازوں کا رخ موڑ چکی ہیں، ایک جہاز کی تلاشی لے چکی ہیں، جبکہ ایک ایسے ٹینکر کو ناکارہ بنا دیا گیا جس نے امریکی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھئے: اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش کی رباب فاطمہ کو افغانستان کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کیا

چین اور پاکستان کا فوری جنگ بندی کا مطالبہ
بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر چین اور پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ دوبارہ سفارتی مذاکرات کی میز پر آئیں اور بات چیت کا سلسلہ بحال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل فوجی کارروائیاں پورے مشرقِ وسطیٰ کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر سکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: شیخ حسینہ و خاندان سے وابستہ تقریباً ۶؍ ہزارکروڑ روپئے کے اثاثے منجمد

ایران نے تقریباً تین ہفتوں کی لڑائی کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کے نئے اعداد و شمار جاری کئے
۲۲؍جون سے دوبارہ شروع ہونے والی جھڑپوں کے تقریباً تین ہفتے بعد ایران کی وزارتِ صحت نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملوں میں اب تک کم از کم ۳۸؍افراد جاں بحق اور۴۰۰؍ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمان پور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا:’’۲۲؍جون سے امریکی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد۴۰۰؍ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ۳۸؍ ہم وطن شہید ہوئے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں ۲۲؍ خواتین شامل ہیں، جبکہ تین خواتین شہید ہوئیں۔ اسی طرح۱۸؍ سال سے کم عمر کے نو بچے زخمی اور ایک کم عمر بچہ جاں بحق ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK