Inquilab Logo Happiest Places to Work

منفرد طریقے، جشن ِآزادی منانے کیلئے۱۶؍ آئیڈیاز

Updated: August 14, 2026, 8:27 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

کل قومی پرچم لہرایا جائے گا، قومی ترانہ گایا جائے گا، تقریریں ہوں گی اور مٹھائی تقسیم کی جائے گی مگر جین زی، جین الفا اور نئے دَور کا طالب علم ہونے کے ناطے آپ کو کچھ الگ طریقہ سے یہ جشن منانا چاہئے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ہر سال یوم آزادی کے موقع پر لوگ پرچم کے رنگوں یا سفید لباس میں، قومی گیت پڑھ کر اور مٹھائیوں کی تقسیم وغیرہ جیسے عمل کرکے جشن مناتے ہیں۔ یہ اور ایسی تمام روایات خوبصورت ہیں۔ آزادی کا مطلب صرف یہ یاد رکھنا نہیں کہ ملک کب آزاد ہوا تھا۔ آزادی ایک نعمت ہے جس کے ساتھ ذمہ داریاں بھی آتی ہیں۔ خاص طور پر نوجوانوں کے لیے یومِ آزادی کو صرف ماضی کی یادگار بنا دینا شاید اس دن کی روح کو محدود کردینا ہے۔ جن لوگوں نے آزادی کی جدوجہد کی، انہوں نے ایک ایسے ہندوستان کا خواب دیکھا تھا جو آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ہو۔ اب یہ سوال ہماری نسل کے سامنے ہے کہ ہم اس خواب میں اپنا حصہ کیسے شامل کریں گے؟ اس ۱۵؍ اگست کو اپنے آپ سے سوال کریں کہ ’’میری آزادی کسی دوسرے انسان کی زندگی میں کیا بہتری لا سکتی ہے؟‘‘ 
انفرادی طور پر کچھ بہتر کرنے کی جانب ایک قدم ملک کی تعمیر میں اہم حصہ ڈالتا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر عہد کریں کہ ’’اے وطن! ہم تجھے مضبوط بنانے میں اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔ ‘‘

(۱) Create an “India I Want” Project
’’مَیں ایسا ہندوستان چاہتا ہوں ‘‘
آپ پروجیکٹ بناسکتے ہیں کہ ’’مَیں ایسا ہندوستان چاہتا ہوں ‘‘ یا ’’مَیں ایسے ہندوستان کا خواب دیکھتا ہوں۔ پھر ایک صفحے پر مسئلہ لکھئے، مثلاً بہتر سڑکیں، ماحول کی حفاظت وغیرہ۔ اگلے صفحہ پر لکھئے کہ یہ مسئلہ کیوں اہم ہے؟ مَیں کیا کرسکتا ہوں ؟ وغیرہ۔ اور پھر عملی اقدام کرنے کی کوشش کریں۔

(۲) Create a “Museum of Ordinary India”
گھر میں ’’چھوٹا میوزیم‘‘ بنائیں 
گھر میں موجود معمر افراد سے پرانے خطوط، تصاویر، ٹکٹ، اسکول کی کاپیاں یا دوسری یادگار چیزیں حاصل کریں اور ان کے پیچھے مخفی کہانیاں لکھیں۔ اس سے آپ کو معلوم ہوگا کہ تاریخ صرف کتابوں اور عجائب گھروں میں نہیں بلکہ ہمارے گھروں میں بھی محفوظ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ۲۲؍ جولائی، پائی اپروکس ڈے: ایک ایسا دِلچسپ نمبر جس کا سفر کبھی ختم نہیں ہوتا!

(۳) Write a Letter to India
ہندوستان کے نام ایک خط
اپنے وطن کے نام ایک خط لکھیں مگر وہ ایسا نہ ہوکہ جس میں صرف تعریفیں ہوں۔ لکھیں : ’’پیارے وطن! مجھے تجھ پر فخر ہے، لیکن میری خواہش ہے کہ...‘‘ پھر ۱۰؍ مسائل لکھیں اور ساتھ ہی یہ لکھیں کہ ان میں سے کسی ایک کو حل کرنے کیلئے آپ خود سے، یا دوستوں کی مدد سے کیا کرسکتے ہیں۔

(۴) Make a “Freedom From Fear” List
’’خوف سے آزادی‘‘ کی فہرست
تین ایسی چیزیں لکھیں جن سے آپ بلاوجہ ڈرتے ہیں ؛مثلاً لوگوں کے سامنے بولنا، ناکامی، سوال پوچھنا یا اپنی رائے کا اظہار کرنا۔ ان میں سے ایک خوف کا اسی دن سامنا کریں۔ بہادر بنیں۔ کبھی کبھی آزادی باہر کی زنجیروں سے نہیں، اندر کے خوف سے حاصل کرنی پڑتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: یہ صرف کتابیں نہیں، آپ کی Mentor ہیں، اِن سے ہر دن کچھ نیا سیکھیں

(۵) Make Your First “Citizen’s Audit”
اپنے محلے کا ’’شہری آڈٹ‘‘ کریں 
ایک گھنٹہ اپنے علاقے میں گھوم کر تین حقیقی مسائل تلاش کریں ؛ مثلاً خراب اسٹریٹ لائٹس، کچرے کا ڈھیر، صاف صفائی کا فقدان یا غیر محفوظ سڑک۔ ان کی تصاویر اور تفصیلات متعلقہ شہری ادارے تک پہنچائیں۔ شکایت کرنے والے نہیں، مسئلہ رپورٹ کرنے والے شہری بنیں۔

(۶) Plant Something, and Give It a Name
پودا لگائیں، ذمہ داری قبول کریں 
پودا لگانے کے بعد تصویر کھینچ کر اسے یونہی نہ چھوڑیں۔ ایسا پودا لگائیں جس کی آپ باقاعدگی سے دیکھ بھال کرسکیں۔ اس کا نام رکھیں، اس کی افزائش نوٹ کریں اور اسے ہمیشہ ’زندہ‘ رکھنے کا عہد کریں۔ آزادی کا جشن ایک مستقل وعدے میں بدل جائے گا۔ اور آپ کی یادوں میں محفوظ رہیگا۔

یہ بھی پڑھئے: آپ مشین کو سکھائیں گے کہ وہ ڈیٹا سے کیسے سیکھے اور فیصلے کرے!

(۷) Sotry of an Unsung Indian
گمنام ہندوستانیوں کی کہانی سنیں 
صفائی کارکن، ڈرائیور، نرس، کسان، سیکوریٹی گارڈ، میکینک یا کسی دوسرے محنت کش سے بات کریں۔ ان کی زندگی، مشکلات اور خوابوں کے بارے میں پوچھیں۔ آزادی کا جشن منانے کے ساتھ اس کو روزانہ چلانے والے لوگوں کو جاننا بھی حب الوطنی ہے۔

(۸) Forgotten Freedom Fighter
گمنام مجاہد آزادی کی تلاش
اپنی ریاست، شہر یا علاقے کے کسی ایسے مجاہدِ آزادی کے بارے میں پڑھیں جس کا نام عام طور پر کتابوں میں نمایاں نہیں ہوتا۔ گھر کے بڑوں سے بھی استفسار کریں۔ پھر ان کی کہانی کم از کم ۵؍ دوستوں کو سنائیں۔ یومِ آزادی کو تاریخ کی تلاش کا دن بنائیں۔

یہ بھی پڑھئے: چھٹیوں کو بامعنی بنائیں، یہ سرگرمیاں آپ کی صلاحیتیں نکھاریں گی

(۹) Organise a Tiny Free Library
محلے میں مفت لائبریری قائم کریں 
دوستوں اور پڑوسیوں سے ۲۰؍ یا ۵۰؍ کتابیں جمع کریں اور ایسی جگہ رکھیں جہاں سے لوگ انہیں پڑھنے کیلئے لے جاسکیں۔ اس کا نام رکھیں : آزادی لائبریری۔ یہ منصوبہ پورا سال علم بانٹ سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ مستقبل میں بڑی لائبریری بھی بن جائے۔

(۱۰) Spend an Hour on the Constitution
ایک گھنٹہ آئین کو سمجھنے میں لگائیں 
آئین کو امتحان کا موضوع سمجھ کر نہیں، اپنی روزمرہ زندگی سے جوڑ کر پڑھیں۔ کوئی ایک بنیادی حق یا شہری ذمہ داری منتخب کریں اور معلوم کریں کہ اس کا آپ کی زندگی سے کیا تعلق ہے۔ آزادی صرف ۱۹۴۷ء کی تاریخ نہیں ؛ یہ آج کی شہری ذمہ داری بھی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آسان طریقے سے تھیوری کے ساتھ پریکٹیکل، یہ ہے اس کورس کی خصوصیت

(۱۱) Do an Anonymous Good Deed
نیکی کریں، مگر کسی کو نہ بتائیں 
کسی کی مدد کریں، کسی ضرورت مند کیلئے کھانا خریدیں، کسی بزرگ کا کام کردیں یا کسی بچے کو کتاب دے دیں، لیکن اس کا فوٹو نہ کھینچیں اور سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں۔ اس نیکی کی اصل خوبصورتی یہی ہوگی کہ اس پر آپ کو کوئی ’’لائیک‘‘ نہیں ملے گا۔

(۱۲) “No Hate” Pledge
’’نفرت سے آزادی‘‘ کا عہد
اس دنیا کو آپ جیسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو محبت کو فروغ دیتے ہیں۔ نفرت انگیز پوسٹس دیکھیں نہ آگے بڑھائیں، نہ مذہبی یا لسانی مذاق، نہ آن لائن ٹرولنگ اور نہ کسی اجنبی سے بدسلوکی کریں۔ اپنے اس عہد پر عمر بھر قائم رہیں، اور سبھی کو محبت کا درس دیں۔

یہ بھی پڑھئے: چھٹیوں کو بامعنی بنائیں، یہ سرگرمیاں آپ کی صلاحیتیں نکھاریں گی

(۱۳) Talk to Another Generation
اپنی پیش رَو نسل سے بات چیت
والدین، دادا دادی، نانا نانی یا کسی بزرگ کے ساتھ بیٹھیں اور ان سے ان کے زمانے کے ہندوستان کے بارے میں پوچھیں۔ خاص طور پر یہ سوال کریں کہ جب وہ آپ کی عمر کے تھے تو آزادی ان کیلئے کیا معنی رکھتی تھی۔ صرف سنیں، فوراً بحث نہ کریں۔

(۱۴) Eat Like Your Grandparents Did
روایتی ہندوستانی پکوان
اپنے خاندان یا علاقے کا کوئی پرانا روایتی کھانا خود بنائیں اور کسی بزرگ سے اس کی تاریخ پوچھیں۔ یہ سرگرمی آپ کو ہندوستان کی ثقافت سے جوڑ سکتی ہے۔ بزرگوں سے پوچھیں کہ وہ اپنے زمانے میں کیا کھاتے تھے، وہی پکوان بنائیں اور سبھی کو کھلائیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایس ایس سی طلبہ؛ چند ایسے کورسیز جن کی مانگ ۵؍ سال بعد بھی ہوگی

(۱۵) Exchange Skills With a Friend
کسی دوست سے اِسکل کا تبادلہ
آپ فوٹوگرافی، ویڈیو ایڈیٹنگ، کوڈنگ، کھانا پکانا یا کوئی زبان جانتے ہیں تو دوست کو سکھائیں اور بدلے میں اس سے کوئی نیا ہنر سیکھیں۔ علم جتنا بانٹتے ہیں، اتنا ہی بڑھتا ہے۔ ایک دن میں جو کچھ نیا سیکھ سکتے ہیں، سیکھ لیں۔ دونوں کو فائدہ ہوگا۔

(۱۶) Adopt a Public Place for One Day
علاقہ کی کسی جگہ کو ایک دن کیلئے اپنائیں 
محلے کا کوئی گندہ گوشہ، کھیل کا میدان، بس اسٹاپ یا فٹ پاتھ منتخب کریں اور اسے صاف کریں۔ اسے صرف تصویر کھینچنے کا منصوبہ نہ بنائیں ؛ کوشش کریں کہ وہ جگہ آئندہ بھی صاف رہے۔ یاد رہے کہ شہری ذمہ داری صرف شکایت کرنے کا نام نہیں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK