• Fri, 09 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اس سال کچھ ایسے ہدف طے کریں جو چھوٹے ہوں مگر کھوٹے نہیں

Updated: January 08, 2026, 5:55 PM IST | Rashmi Bansal | Mumbai

اس سال عزم کریں کہ قسطوں پر کچھ نہیں لینا ہے۔ گھر کی ای ایم آئی چل رہی ہے، ٹھیک ہے۔ مگر لیٹیسٹ ماڈل کا فون لینا ضروری نہیں۔ کسی برانڈ کے دم پر جو اپنی شخصیت بناتا ہے، وہ کھوکھلی شخصیت ہوتی ہے۔ اس چکر میں نہ پڑیئے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

چھوڑو کل کی باتیں، کل کی بات پُرانی۔ نئے سال میں لکھیں گے، مل کر نئی کہانی.... ہر سال ایسے ہی خیال آتے ہیں۔ دس دن بعد چلے جاتے ہیں۔ وہ اس لئے کہ آپ پہاڑ چڑھنے کی سوچتے ہیں جبکہ آج کی تاریخ میں چار سیڑھی چڑھنے میں سانس پھول جاتی ہے۔ تو اس سال ایسے ریزولیشن یعنی ہدف طے کریں جو چھوٹے ہوں مگر کھوٹے نہیں۔ ہر انسان تین قسم کا سکھ چاہتا ہے (۱) دولت (۲)خوشحال کنبہ اور (۳) صحت۔ تو آئیے کچھ ننھے قدم بڑھائیں، جن سے زندگی کا سفر تھوڑا اور آرام دہ ہو۔

یہ بھی پڑھئے: نرم و ملائم جلد کیلئے رات کو سونے سے قبل یہ تین تدابیر کارآمد ہوسکتی ہیں

’نو ای ایم آئی‘
اس سال عزم کریں کہ قسطوں پر کچھ نہیں لینا ہے۔ گھر کی ای ایم آئی چل رہی ہے، ٹھیک ہے۔ مگر لیٹیسٹ ماڈل کا فون لینا ضروری نہیں۔ کسی برانڈ کے دم پر جو اپنی شخصیت بناتا ہے، وہ کھوکھلی شخصیت ہوتی ہے۔ اس چکر میں نہ پڑیئے۔

اصلی بچت
دُنیا میں ایک ہی چیز ہے جو آپ کے اور امبانی کے پاس ایک ہی مقدار میں ہے.... اور وہ ہے وقت۔ اکثر ہم تھوڑا پیسہ بچانے کے چکر میں اپنا وقت برباد کر دیتے ہیں۔ پیسہ آپ اور کما سکتے ہیں، وقت واپس نہیں آئے گا۔
مسئلہ ہے تو حل بھی ہے
فرض کرلیجئے کہ گھر میں مالی تنگی ہے۔ کیوں نہ ہر ممبر تعاون کرے؟ دسویں کا بچہ بھی شام کو چھوٹے بچوں کو ٹیوشن پڑھا کر کچھ کما سکتا ہے۔ خاتونِ خانہ اپنے محلے میں ٹفن سروس شروع کرکے اچھی آمدنی کرسکتی ہے۔ جان لیجئے، ہر کسی میں صلاحیت ہے، موقع تو دیجئے۔

یہ بھی پڑھئے: بچوں کی پرورش، تخلیقی صلاحیت اور ذہنی صحت کیسے محفوظ ہو؟

باڈی کا ری چارج
آپ کے معمولات میں کوئی ایسی سرگرمی ہونی چاہئے جو صرف آپ کی خوشی کے لئے ہو۔ یوگا، موسیقی، شاعری.... اپنے دل کو لبھانے والی کوئی ایک سرگرمی اپنا لیں۔ جیسے ہم موبائل کا ری چارج کرتے ہیں، ویسے ہی اپنے آپ کو تازہ دم کرنا بھی ضروری ہے۔
سونے سے پہلے
پرانے زمانے میں جب کارواں چلتا تھا، رات کو سرائے میں آرام کرتا تھا۔ اپنی پریشانیوں کے کارواں کو بھی رات میں آرام دیجئے۔ ’لوئس ہے‘ کی کتاب ’یو کین ہیل یور لائف‘ پڑھئے، آپ سمجھ جائیں گے کہ ’نگیٹیویٹی ایموشنس‘ (منفی جذبات) کا جسم پر کتنا اثر پڑتا ہے۔
عشائیہ جلدی کریں
سات بجے کھانا، نہیں کوئی بہانا۔ یہ آج کے آفس روٹین میں تھوڑا مشکل ہے مگر ناممکن نہیں۔ ۱۲؍ سے ۱۴؍ گھنٹے خالی پیٹ رہنا جو ’انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ‘ کے نام سے مشہور ہے۔ ویسے ہماری دادی بھی ایسا ہی کرتی تھیں۔ ہفتے میں تین دن کرکے دیکھئے، فرق محسوس ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: تحفہ دینے کے تین شاندار آئیڈیاز

خاموش بھی رہیں
جھگڑے میں جب تلخ کلامی کا دل چاہے تب گہری سانس لیں۔ اپنے اندر کا غصہ کاغذ پر لکھ دیں۔ اگر دو دن بعد بھی کہنے کا دل ہو تو نرمی سے بات چیت کریں۔ آپ دانشمندانہ رویہ اپنائیں گے تو عزت بھی بڑھے گی۔
جو دِکھتا ہے وہ بکتا ہے
وقت پر اٹھیں، بڑوں کا احترام کریں، موبائل کم استعمال کریں.... آپ چاہتے ہیں کہ بچے ایسی اچھی عادتیں اپنائیں تو پہلے آپ کو ان کے سامنے یہ سب کرنا پڑے گا۔ سمجھئے ’بائے ون گیٹ وَن فری آفر‘ کی سہولت حاصل کر رہے ہیں۔ بچوں کے لئے آپ مثال بنیں گے اور اس سے آپ کی بھی اصلاح ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: نئے سال کے آغاز کے ساتھ چند صحتمند عادتیں اپنائیے

ملنا جلنا ضروری ہے
زندگی کی بھاگ دوڑ میں دوست، بھائی، بہن، چاچا، پھوپھی.... سارے رشتے ہم وہاٹس ایپ پر نبھاتے ہیں۔ لیکن یہ کافی نہیں۔ بالمشافہ ملاقات کریں۔ اُن سے اپنی بات کا اظہار کریں۔ یہ ہرگز نہ سوچیں کہ پہلے وہ فون کریں گے یا آپ۔ نہیں تو تنہائی کا عذاب ملے گا۔
یقیناً کہنا آسان، کرنا مشکل مگر کوشش کیجئے۔ اس سال چھوٹے مگر قابل ِ عمل ہدف طے کرکے نئی کہانی لکھئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK