اس مقدس مہینے میں ہر گھر کی فضا بدل جاتی ہے، معمولات میں نظم آ جاتا ہے اور دل عبادت کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔ ایسے میں خواتین کا کردار سب سے نمایاں اور اہم ہوتا ہے، کیونکہ وہی گھر کی بنیاد، سکون کی علامت اور محبت کی امین ہوتی ہیں۔ اگر وہ منظم منصوبہ اور بر کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تو سب کچھ ٹھیک رہتا ہے۔
اگر خاتون صبر، محبت، سادگی اور شکر کو اپنے معمول کا حصہ بنا لے تو وہ اسے سکون اور تازگی میسر ہوگی۔ تصویر: آئی این این
رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں اور انسانی تربیت کا وہ مہینہ ہے جو انسان کے دل کو نرم، نگاہ کو پاک اور زندگی کو بامقصد بنا دیتا ہے۔ یہ صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ صبر، شکر، محبت اور خدمت کا عملی درس ہے۔ اس مقدس مہینے میں ہر گھر کی فضا بدل جاتی ہے، معمولات میں نظم آ جاتا ہے اور دل عبادت کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔ ایسے میں خواتین کا کردار سب سے نمایاں اور اہم ہوتا ہے، کیونکہ وہی گھر کی بنیاد، سکون کی علامت اور محبت کی امین ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: گاجر بینائی تیز کرنے کیساتھ ساتھ حسن بھی نکھارے
عورت گھر کا چراغ ہوتی ہے۔ اگر وہ خوش مزاج، پُرسکون اور باحوصلہ ہو تو پورا گھر روشن اور ہشاش بشاش رہتا ہے، اور اگر وہ تھکی ہوئی، پریشان یا بوجھل ہو تو گھر کا ماحول بھی بوجھل ہو جاتا ہے۔ رمضان المبارک میں خواتین کی ذمہ داریاں عام دنوں سے بڑھ جاتی ہیں.... سحری کی تیاری، افطار کا انتظام، گھر والوں کی خدمت اور عبادات.... لیکن اگر یہ سب کام صحیح عادتوں کے ساتھ انجام دیئے جائیں تو یہی مصروفیات سکون اور خوشی کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔
* سب سے پہلی اور بنیادی عادت نیت کی پاکیزگی ہے۔ جب عورت ہر کام اللہ کی رضا کے لئے کرتی ہے تو روزمرہ کے معمولات بھی عبادت کا درجہ اختیار کر لیتے ہیں۔ سحری بناتے وقت کی تھکن، افطار کی تیاری میں لگنے والی محنت اور گھر والوں کی دیکھ بھال.... یہ سب اعمال ثواب میں بدل جاتے ہیں اور دل میں ایک روحانی مسرت پیدا ہوتی ہے۔
* دوسری اہم عادت سادگی اور اعتدال ہے۔ رمضان کا اصل پیغام نفس پر قابو پانا ہے، نہ کہ کھانوں کی کثرت میں الجھ جانا۔ اگر خواتین کم وقت طلب، سادہ، متوازن اور صحت بخش غذا کو ترجیح دیں تو نہ صرف جسم تندرست رہے گا بلکہ ذہن بھی ہلکا اور مطمئن رہے گا۔ اس سے عبادت میں دل لگے گا اور طبیعت میں چستی برقرار رہے گی۔
* تیسری عادت وقت کی بہترین ترتیب ہے۔ رمضان میں وقت بہت قیمتی ہو جاتا ہے۔ اگر نماز، تلاوت، گھریلو کام اور آرام کے درمیان مناسب توازن قائم کر لیا جائے تو نہ گھبراہٹ ہوتی ہے اور نہ تھکن غالب آتی ہے۔ منظم زندگی انسان کو ذہنی سکون عطا کرتی ہے اور یہی سکون گھر کے ماحول میں بھی جھلکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سحری میں اِن غذاؤں کا استعمال دن بھر توانا رکھتا ہے
* چوتھی عادت خوش اخلاقی اور نرم گفتگو ہے۔ گھر کا سکون زیادہ تر عورت کے رویے سے وابستہ ہوتا ہے۔ اگر وہ پیار سے بات کرے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر صبر کرے اور شکر کے الفاظ زبان پر رکھے تو گھر میں محبت اور اپنائیت کی فضا قائم رہتی ہے۔ یہی ماحول گھر والوں کو ہشاش بشاش رکھتا ہے۔
* پانچویں عادت اپنی صحت کا خیال رکھنا ہے۔ رمضان میں مناسب آرام، پانی کا متوازن استعمال اور سادہ غذا خواتین کو کمزوری سے بچاتی ہے۔ جب عورت خود جسمانی طور پر مضبوط اور ذہنی طور پر مطمئن ہوتی ہے تو وہ پورے گھر کے لئے توانائی کا سرچشمہ بن جاتی ہے۔
* چھٹی عادت کچھ وقت گھر والوں کے ساتھ گزارنا۔ بچوں کے ساتھ بیٹھ کر قرآن سننا، ان کی رہنمائی کرنا، شوہر اور بزرگوں کا احترام کرنا اور چھوٹی چھوٹی خوشیاں بانٹنا.... یہ سب اعمال گھر کو زندہ اور خوشگوار بناتے ہیں۔ رمضان میں محبت اور رشتوں کی مضبوطی بھی عبادت ہی کا حصہ ہے۔
* ساتویں اور سب سے اہم عادت شکر گزاری ہے۔ جو عورت ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہے، اس کے دل میں اطمینان پیدا ہوتا ہے اور چہرے پر نور جھلکتا ہے۔ ایسا دل نہ صرف خود مطمئن رہتا ہے بلکہ اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی سکون عطا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رمضان میں نعمتوں سے سجے دسترخوان کی قدر کیجئے
* آٹھویں عادت پرفیکٹ نہ بننا ہے۔ انسان پرفیکٹ نہیں ہے اس لئے کمی بیشی ہونے پر گھبرائیں نہیں، خود کو سمجھائیں ایسا ہوسکتا ہے۔
رمضان دراصل خود کو سنوارنے، بنانے اور تربیت کا مہینہ ہے۔ یہ عورت کے لئے آزمائش نہیں بلکہ اعزاز ہے کہ وہ اپنے گھر کو عبادت گاہ بنا سکتی ہے، اپنی محنت کو صدقہ اور اپنی مسکراہٹ کو دعا میں بدل سکتی ہے۔ اگر وہ صبر، محبت، سادگی اور شکر کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لے تو رمضان اس کے لئے بھی اور اس کے گھر والوں کے لئے بھی خوشیوں، تازگی اور روحانی مسرت کا پیغام بن جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بچوں کی تربیت کے دوران ماؤں کا رویہ نہ تو سخت ہو نہ بہت زیادہ نرم
یوں رمضان کی اصل خوبصورتی انہی چھوٹی چھوٹی عادتوں میں پوشیدہ ہے جو عورت کی زندگی کو سنوارتی اور گھر کے ماحول کو مہکاتی ہیں۔ جب وہ صبر کو اپناتی ہے، سادگی کو اختیار کرتی ہے، محبت کو عام کرتی ہے اور عبادت کو اپنی ترجیح بناتی ہے تو اس کی ذات سے سکون اور تازگی پھوٹنے لگتی ہے۔ یہی عادتیں اس کے اپنے دل کو ہلکا، چہرے کو پُرنور اور مزاج کو خوشگوار بناتی ہیں، اور یہی کیفیت گھر کے ہر فرد تک منتقل ہو جاتی ہے۔ یوں رمضان میں اپنائی گئی یہ خوبصورت عادتیں واقعی نہ صرف عورت کو بلکہ اس کے پورے گھر کو ہشاش بشاش، مطمئن اور خوشحال بنا دیتی ہیں۔