Updated: January 29, 2026, 6:48 PM IST
| Mumbai
خوبصورتی کے حوالے سے خواتین زیادہ اہمیت چہرے کو دیتی ہیں اور اس خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ کے لئے ہر ممکن ترکیب سے نبردآزما ہوتی ہیں جبکہ ہاتھوں پر ان کی توجہ بہت کم ہوتی ہے۔ چہرے کے ساتھ ساتھ ہاتھ بھی ہماری بھرپور توجہ اور دیکھ بھال کے طالب ہوتے ہیں۔
قدرتی اشیاء سے تیار ہینڈ لوشن ہاتھوں کو نرم و ملائم بناتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
خوبصورتی کے حوالے سے خواتین زیادہ اہمیت چہرے کو دیتی ہیں اور اس خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ کے لئے ہر ممکن ترکیب سے نبردآزما ہوتی ہیں جبکہ ہاتھوں پر ان کی توجہ بہت کم ہوتی ہے۔ چہرے کے ساتھ ساتھ ہاتھ بھی ہماری بھرپور توجہ اور دیکھ بھال کے طالب ہوتے ہیں۔ خاص طور پر سرد اور خشک موسم میں ان کی حفاظت کا باقاعدہ خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ ہاتھوں کی جلد خشک اور بے رونق ہو جاتی ہے لہٰذا ہاتھوں کی خشکی اور روکھا پن دور کرنے کے لئے قدرتی اجزاء کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس ضمن میں یہاں چند ہینڈ کریم اور لوشن کے متعلق بتایا جا رہا ہے۔ جن سے استفادہ کرکے آپ اپنے ہاتھوں کی نگہداشت بھرپور انداز سے کرسکتی ہیں:
انڈا اور روغن بادام لوشن:
ایک عدد انڈے میں ۲؍ بڑے چمچے روغن بادام اور ایک بڑاچمچہ عرق گلاب اچھی طرح ملا لیں۔ جب یہ اجزاء مکمل طور پر مکس ہوجائیں تو آدھے چھوٹا چمچہ Tincture Benzoin (اینٹی سیپٹک) کو قطرہ قطرہ کرکے اس آمیزے میں شامل کرلیں۔ اس لوشن کو اپنے ہاتھوں پر لگائیں اور دو گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں، پھر دھو لیں۔ ہاتھوں کی جلد نرم و ملائم ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: غذا اور صحت: موسم سرما، آلودگی اور غذائیت
مِلک تھیراپی:
اس لوشن کی تیاری کے لئے ۲؍ کپ گرم دودھ کو ایک کھلے منہ کے برتن میں نکال لیں (تاکہ ہاتھ بآسانی ڈِپ ہوسکیں) پھر اس میں ایک چھوٹا چمچہ بھر کے نمک شامل کرکے پھینٹ لیں۔ اب ہاتھوں کو اس آمیزے میں ڈِپ کرکے ان کا مساج کریں، خصوصاً انگلیوں کے جوڑوں اور کلائیوں پر۔ ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ مساج کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھولیں۔ یہ لوشن ہاتھوں کی بے رونق جلد کو تروتازہ کردے گا۔
عرق گلاب ہینڈ لوشن:
۲؍ تہائی کپ عرق گلاب میں ایک تہائی کپ گلیسرین شامل کریں۔ دونوں اجزاء کو ملا کر یکجان کرلیں اور ایک بوتل میں رکھ لیں۔ یاد رہے کہ اس لوشن کو خشک اور ٹھنڈی جگہ پر رکھنا ہے۔ دن میں جتنی مرتبہ وقت ملے، اس لوشن سے اپنے ہاتھوں کا مساج کریں۔ اس کے استعمال سے ہاتھ نرم ہوجائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ’ریٖل‘ والی زندگی نے اصل زندگی کا حسن چھین لیا ہے
دہی اور لیموں کا رس لوشن:
ہاتھوں کی نگہداشت کے لئے ایک کپ دہی میں تھوڑی سی مقدار لیموں کا رس شامل کریں۔ پھر اس آمیزے کو خوب پھینٹیں اور ایک کھلے منہ کے برتن میں نکال لیں۔ اس برتن میں اپنے ہاتھ ڈال کر ہاتھوں کا مساج کریں۔ ۱۰؍ منٹ مساج کے بعد ہاتھ سادے پانی سے دھولیں۔ یہ لوشن نہ صرف دھوپ کی تمازت سے جھلسنے والی جلد بلکہ صابن، ڈٹرجنٹ کے زائد استعمال سے نمی کھو دینے والوں ہاتھوں کے لئے بھی مفید ہے، اس کی خاصیت ہے کہ یہ جلد پر بام کی طرح کام کرتا ہے اور ہاتھوں کی رنگت بھی نکھارتا ہے۔
کیلے اور شہد کی کریم:
ایک عدد کیلے کو میش کرلیں۔ اب اس میں ایک چھوٹا چمچہ شہد، ایک عدد لیموں کا رس اور ایک بڑا چمچہ مکھن شامل کرکے ان تمام اجزاء کو بلینڈ کرلیں۔ پھر ہاتھوں پر اس کا مساج کریں اور ۲؍ گھنٹے لگا رہنے دیں، پھر دھولیں، اس کے استعمال سے ہاتھ نرم و ملائم محسوس ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے: خواتین اپنے مشغلے کو کاروبار کی شکل دے سکتی ہیں
سنگترہ اور شہد لوشن:
تقریباً آدھا کپ سنگترہ کے رس میں ایک بڑا چمچہ شہد ملا کر دونوں اجزاء کو خوب اچھی طرح مکس کرلیں۔ مکس کرنے کے بعد ہاتھوں کے ساتھ ساتھ یہ لوشن ناخنوں پر بھی ملیں۔ ۱۰؍ منٹ ہاتھوں کی جلد پر یہ لوشن لگا رہنے دیں، اس کے بعد اچھی طرح دھو لیں۔ یہ لوشن ہاتھوں کی پھٹی جلد اور خشکی دور کرنے کے علاوہ بے رونق ناخنوں میں بھی چمک پیدا کر دے گا۔