Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ایس آئی آر‘ کے تعلق سے شہریوں میں بیداری کیلئے کوششیں

Updated: March 30, 2026, 12:22 PM IST | Saeed Ahmed Khan, Iqbal Ansari And Shahab Ansari | Mumbai

ملاڈ، کرلا، سانتا کروز اور گولی بار علاقوں میں رہنمائی اور مدد کیلئے کیمپ اور مہم جاری۔ کیمپ کے تعلق سے مسجدوں سے اعلان کرایا گیا۔ مالونی میں مل جل کر کام کرنے پر اتفاق۔

People are being guided regarding ‘SIR’ in Santacruz. Photo: Inquilab
سانتاکروز میں ’ایس آئی آر‘ کے تعلق سے لوگوں کی رہنمائی کی جارہی ہے۔ تصویر: انقلاب

اپریل میں مہاراشٹر میں ’اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر)‘ شروع ہونے کے پیش نظر شہر و مضافات میں مختلف تنظیمیں اور سماجی رضاکار اس تعلق سے عوام میں بیداری، رہنمائی اور مختلف دستاویز کے حصول کیلئے مدد کرنے کیلئے مہم چلا رہے ہیں اور گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی آتی جارہی ہے۔ البتہ کئی مقامات پر اب تک اس تعلق سے کوئی سرگرمی نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ سمجھ نہیں پارہے کہ انہیں کیا کرنا چاہئے۔فی الحال ملاڈ، مالونی، کرلا، سانتا کروز اور گولی بار جیسے علاقوں میں ایس آئی آر کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ چیتا کیمپ اور دھاراوی جیسے علاقوں میں آئندہ چند روز میں اس تعلق سے سرگرمیاں شروع ہوسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سرکاری زمینوں پر۲۰۱۱ء تک کی تعمیرات کو قانونی حیثیت دینے کا اعلان

مالونی، کرلا اور سانتاکروز میں بیداری مہم اور کیمپ

مالونی (ملاڈ) میں مختلف تنظیموں کے ذمہ داران سے رابطہ قائم کرنے پر یہ بتایا گیا کہ تمام ملّی وسماجی تنظیموں کے ذمہ داران کے باہمی رابطے کے بعد دو تین دن میں کام شروع کریں گے۔ اس کا طریقہ یہ ہوگا کہ ہر ذمہ دار شخص علاقے کے حساب سے ’بی ایل او(بوتھ لیول آفیسر) ‘کے ساتھ مل کر خدمات انجام دے گا اور بی ایل او کا نمبر بھی عام کیا جائے گا تاکہ ہر شہری کی اچھی طرح مدد کی جاسکے اور کسی کا نام چھوٹنے نہ پائے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ذمہ دار اشخاص اور ملّی نمائندوں کی تفصیلات بھی عام کی جائیں کی تاکہ مزید آسانی کے ساتھ یہ کام ہوسکے۔

اس کے علاوہ علاقے کی سطح پر مساجد سے، اداروں کی جانب سے اور دیگر طریقے سے یہ پیغام بھی عام کیا جائے گا کہ کوئی بھی شخص پریشان نہ ہو، خوفزدہ نہ ہو، وہ پہلے کی طرح ووٹ دے سکے گا،اس کا ووٹ محفوظ رہے گا، اسے گھبرانے یا کسی طرح بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

کرلا میں گزشتہ دن سے کیمپ لگایا گیا ہے عبدالمتین خان (کرلا) نے بتایا کہ وہ لوگ گزشتہ ۴۰؍ دن سے کام کررہے ہیں، مساجد کے باہر کیمپ اور کرلا نرسنگ ہوم میں گراؤنڈ فلور پر کیمپ لگا ہوا ہے۔ اس میں ارشد بھائی اور ان کی دو بیٹیاں اور جماعت اسلامی کے کارکنان مل کر لوگوں کی رہنمائی کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لوگوں کو ۲۰۰۲ء کی فہرست سے نام تلاش کرکے دینا اور بی ایل او کے نمبرات فراہم کرانے کے ساتھ بی ایل او کا تعاون بھی کیا جارہا ہے۔ اس طرح یہ کام مستقل طور پر فارم جمع ہونے کی آخری تاریخ تک جاری رہے گا۔

آل کرلا کمیٹی کے صدر عبدالکریم شیخ نے بتایا کہ وہ لوگ ماہرین سے رابطہ میں ہیں اور ان کا وقت ملنے پر جلد ہی کرلا شالیمار اور یہاں کے آس پاس کی عوام کو ایس آئی آر کی تیاری میں دستاویز بنانے میں مدد کرنے کیلئے جلد ہی کیمپ کا انعقاد کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: پراپرٹی ٹیکس وصولی مہم تیز، ضبطی اور کنکشن منقطع کرنے کی کارروائی جاری

سانتا کروز میں جماعت اسلامی کے ذمہ دار اشفاق احمد اسماعیل شیخ نے بتایا کہ رمضان المبارک کے بعد ان لوگوں نے میٹنگ لے کر ایس آئی آر کے تعلق سے عوام کی رہنمائی اور مدد کیلئے کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہاں باقاعدہ مہم شروع کردی گئی ہے اور جب جیسے جگہ اور وقت دستیاب ہوتا ہے، ویسے عوام کی مدد کی جارہی ہے مثلاً گزشتہ ۲؍ دن سے سانے گروجی اسکول کے قریب گرین پارک سوسائٹی میں کیمپ لگایا گیا تھا اور اب دولت نگر نمبر ایک پر کام شروع کیا جارہا ہے۔ اس تعلق سے دولت نگر نمبر ایک میں مسجد سے اعلان کروایا گیا تھا اور سوسائٹیوں میں جہاں ان کی ٹیم کام کرتی ہے، وہاں بھی عوام کو مطلع کرنے کیلئے مائیک پر اعلان کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک دیگر ٹیم سانتاکروز مشرق کے علاقے گولی بار میں اسی طرز پر کام کررہی ہے۔ یہ لوگ ۲۰۰۲ء کی فہرست میں نام تلاش کرنے میں مدد کرنا، اس میں نام نہ ہو تو کیا دستاویز کی ضرورت پیش آئے گی اس تعلق سے رہنمائی کرنے کا کام کررہے ہیں۔

چیتا کیمپ کے سماجی کارکن رفیق شیخ نے بتایا کہ مقامی سماجی رضاکار اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندے مل کرکام کررہے ہیں اور عوام کی رہنمائی کیلئے ایڈوکیٹ لارا جیسانی سے گفتگو کی گئی ہے جو ۲؍ روز بعد چیتا کیمپ میں آکر عوام سے بات کریں گی۔

دھاراوی کے مکین اور تاجر امام اعظم نے بتایا کہ ان کے علاقے میں اب تک اس تعلق سے کوئی سرگرمی نہیں ہورہی ہے اور وہ خود بھی اس تعلق سے فکر مند ہیں اس لئے جلد ہی کچھ سماجی ذمہ داران سے مل کر عوام کی رہنمائی کیلئے کیمپ وغیرہ کے انعقاد کے تعلق سے گفتگو کرنے والے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان: بی ایل اوز کے عدم تعاون سے میپنگ کا کام متاثر، شہری پریشان

ممبرا میں ایس آئی آر سے متعلق رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک

ممبرا کوسہ میں چند غیر سرکاری تنظیموں اور چند سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ایس آئی آر کیلئے شہریوں کی رہنمائی اور مدد کرنے کا کام شروع کیا گیاہے۔ ان میں جماعت اسلامی ہند آفس (تنور نگر اور شریفہ روڈ)، رحمہ فاؤنڈیشن( رحمہ مسجد، ممبرا بازارروڈ) کے ساتھ ساتھ این سی پی (شرد پوار) کے کارپوریٹر یاسین قریشی اور دیپالی موتی رام بھگت کے دفترواقع ممبرا دیوی روڈ، کارپوریٹر منیشا بھگت کے رابطہ دفترواقع دتو واڑی اور ریتی بندر، سنگھرش آفس مقابل ممبرا پولیس اسٹیشن، ایم ایل اے آفس(تنور نگر)، تنظیم علما ء و ائمہ دفتر گریس اسکوائر اوریونیورسل کمپلیکس شامل ہیں۔ ان مراکز پر شہریوں کو پرانی ووٹر لسٹ سے نام تلاش کرنے اور بی ایل اے کے ذریعے کس طرح میپنگ کرنا ہے، اس کی رہنمائی کی جارہی ہے۔

جماعت اسلامی ہند (ممبرا یونٹ ) کی جانب سے اتوار کو تنور نگر میں واقع مسجد اقصیٰ میں ایس آئی آر کے تعلق سے ایک تربیتی پروگرام منعقد کیاگیا جس میں حاضرین کو بتایا گیا کہ ایس آئی آر میں کون کون سے تفصیل درکار ہے، ۲۰۰۲ء کی لسٹ کس طرح تلاش کرنا ہے اور بوتھ لیول افسر( بی ایل او) کو میپنگ کیلئے کون کون سی تفصیل اور کس ترتیب میں بھیجنا ہے۔ اس تربیتی کیمپ میں تقریباً ۵۰؍ افراد نے شرکت کی جن میں سے ۲۰؍ نے اپنے اپنے علاقے میں شہریوں کی رہنمائی کرنے کیلئے رضا کار بننے کا خواہش بھی ظاہر کی ہے۔ یہ تفصیل جماعت اسلامی ہند ( ممبرا) کے ترجمان پرویز شیخ نے بتائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK