جنرل باڈی میٹنگ میں کارپوریٹر نے افسران کے ڈرائیوروں اور پھیری والوں کے درمیان گٹھ جوڑ کا ثبوت پیش کیا۔
EPAPER
Updated: March 29, 2026, 1:06 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
جنرل باڈی میٹنگ میں کارپوریٹر نے افسران کے ڈرائیوروں اور پھیری والوں کے درمیان گٹھ جوڑ کا ثبوت پیش کیا۔
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کی بدانتظامی کا جِن ایک بار پھر بوتل سے باہر آگیا ہے۔ اس بار کسی اپوزیشن لیڈر نے نہیں بلکہ خود برسر اقتدار شیو سینا کی کارپوریٹر نے انتظامیہ کی بدعنوانی کو بےنقاب کیا ہے۔ جنرل باڈی میٹنگ کے دوران انہوں نے جو انکشافات کئے اس سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر پھیری والوں کا راج انتظامیہ کی ناہلی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی منظم ہفتہ خوری کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے: محکمہ صفائی کو تھری اسٹار! اپوزیشن لیڈر نے مذاق اڑایا
کارپوریشن کے جنرل باڈی میٹنگ کے دوران شندے گروپ کی کارپوریٹر پرمیلا پاٹل نے کہا کہ شہر میں پھیری والوں کی غنڈہ گردی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ عام شہریوں کا سڑکوں پر چلنا دوبھر ہو گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کئی اعلیٰ افسران کے ڈرائیور ہاکرس سے باقاعدہ طور پر پیسے وصول کرتے ہیں جس کی ویڈیو کلپ ان کے پاس موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیسہ وصولی کی وجہ سے پھیری والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرائیور اپنے افسران کے نام کا غلط استعمال کرتے ہوئے اس غیر قانونی دھندے کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: پاور لوم سیکٹر پر بحران کے بادل، مزدور اور مالکان دونوں متاثر
انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقے کو فوری طور پر پھیری والا مکت علاقہ قرار دیا جائے۔جب تک بدعنوان ملازمین اور ڈرائیوروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی نہیں ہوگی تب تک شہر کی سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کرنا ناممکن ہے۔حکمراں پارٹی کی کارپوریٹر کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات نے میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی کی پول کھول کر رکھ دی ہے۔ اس معاملے کے بعد ہاؤس میں کافی ہنگامہ آرائی دیکھی گئی اور اپوزیشن نے بھی اس نکتے پر انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔