Inquilab Logo

غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری، ۱۰۰؍ افراد ہلاک

Updated: October 31, 2023, 5:02 PM IST | Gaza

فلسطین اسرائیل تنازع ۲۵؍ ویں دن میں داخل۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں اسارئیلی جارحیت جاری۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ ’’فوری جنگ بندی‘‘ پر عمل درآمد اشد ضروری ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق اسرائیلی ٹینک شمالی اور مرکزی غزہ میں داخل وہرہے ہیں۔ مختلف مقامات پر حماس اور اسرائیلی فوج میں تصادم۔ وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق علی بابا اور بائیڈو جیسی چینی کمپنیوں نے اپنے ڈجیٹل نقشوں سے اسرائیل کو نکال دیا ہے۔

A bulldozer removes rubble in Gaza. Photo: PTI
ایک بلڈوزر غزہ میں ملبہ ہٹاتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

فلسطین اسرائیل تنازع: آج پیش آنے والے اہم واقعات ایک نظر میں
(۱) اقوام متحدہ کے رفیوجی چیف نے کہا کہ جنگوں میں بنیادی قوانین کی خلاف ورزی معمول بنتا جارہا ہے
(۲) نصیرات کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں ۱۵؍ فلسطینی جاں بحق
(۳) ۷؍ اکتوبر سے اب تک ۸؍ہزار ۵۲۵؍ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب، اسرائیل کے ۱۴۰۰؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں
(۴) جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری، ۱۰۰؍ افراد ہلاک 
(۵) شمالی اور مرکزی غزہ میں اسرائیلی فوج داخل
(۶) علی بابا اور بائیڈو نے اپنے نقشے سے لفظ اسرائیل نکال دیا
(۷) کویت کی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت، جنگ بندی کا مطالبہ
(۸) یو این آر ڈبلیو اے کا ۷؍ اکتوبر سے غزہ میں ہلاک ہونے والے اپنے ۶۳؍ ارکان کا سوگ 

جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری، ۱۰۰؍ افراد ہلاک
 غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں کم از کم ۱۰۰؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔بیان کے مطابق کیمپ میں چھ بلاک کا رہائشی محلہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی  بہت ضروری ہے۔ خیال رہے کہ جبالیہ، غزہ پٹی کے آٹھ مہاجر کیمپوں میں سب سے بڑا کیمپ ہے۔محصور انکلیو کے شمال میں گنجان آباد کیمپ صرف۱ء۴؍ مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق کیمپ میں تقریباً۱۱۶۰۰۰؍ رجسٹرڈ مہاجرین ہیں۔ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوج نے کیمپ پر بار بار حملے کئے ہیںجن میں سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔کیمپ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام تین اسکول ہیں، جنہیں سیکڑوں بے گھر خاندانوں کیلئے پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق کیمپ کو زیادہ ہجوم اور رہنے کی جگہ کی کمی کا سامنا ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ ’’پناہ گاہیں ایک دوسرے کے قریب بنائی گئی ہیں اور تفریحی اور سماجی جگہ کی عمومی کمی ہے۔ بہت سے معاملات میں، باشندوں کو اپنے خاندانوں کو رہنے کیلئے اپنی پناہ گاہوں میں اضافی منزلیں جوڑنا پڑی ہیں۔ اکثر، ان میں مناسب ڈیزائن کی کمی ہوتی ہے۔ بہت سے لوگ غیر معیاری حالات میں رہتے ہیں۔‘‘

غزہ۔اسرائیل کا ترتیب وار کوریج پڑھنے کیلئے کلک کیجئے:

پہلا دن (۷؍ اکتوبر)، دوسرا دن (۸؍ اکتوبر)، تیسرا دن (۹؍ اکتوبر)، چوتھا دن (۱۰؍ اکتوبر)، پانچواں دن (۱۱؍ اکتوبر)، چھٹا دن (۱۲؍ اکتوبر)، ساتواں دن (۱۳؍ اکتوبر)، آٹھواں دن (۱۴؍ اکتوبر)، نواں دن (۱۵؍ اکتوبر)، دسواں دن (۱۶؍ اکتوبر)، گیارہواں دن (۱۷؍ اکتوبر)، بارہواں دن (۱۸؍ اکتوبر)، تیرہواں دن (۱۹؍ اکتوبر)، چودہواں دن (۲۰؍اکتوبر)، پندرہواں دن (۲۱؍ اکتوبر)، سولہواں دن (۲۲؍ اکتوبر)، سترہواں دن (۲۳؍ اکتوبر)، اٹھارہواں دن (۲۴؍اکتوبر)، انیسواں دن (۲۵؍ اکتوبر)، بیسواں دن (۲۶؍ اکتوبر)، ۲۱؍ واں دن (۲۷؍ اکتوبر)، ۲۲؍ واں دن (۲۸؍اکتوبر)، ۲۳؍ واں دن (۲۹؍اکتوبر)، ۲۴؍واں دن (۳۰؍اکتوبر)

شمالی اور مرکزی غزہ میں اسرائیلی فوج داخل
غزہ کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی ٹینک شمالی اور وسطی غزہ کی طرف بڑھ رہی ہیں۔وزارت کے ترجمان ایاد البزم نے غزہ کی سڑک کا حوالہ دیتے ہوئے انادولو کو بتایا کہ ’’صلاح الدین ہائی وے پر اسرائیلی فوجی گاڑیاں مغرب کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘‘ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فورسیز ہائی وے سے گزر کر مغرب کی طرف بڑھ رہی ہیں۔البزم نے کہا کہ ’’اسرائیلی افواج بھی شمال مغربی غزہ پٹی میں داخل ہوئی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب غزہ کے شمال میں الکرام ضلع میں ٹینک دیکھے گئے ہیں۔‘‘ 

فلسطینی ملبوں میں اپنے ساتھیوں کو تلاش کررہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

علی بابا اور بائیڈو نے اپنے نقشے سے لفظ اسرائیل نکال دیا
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر افواہیں تھیں کہ چینی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا نے اپنے آن لائن ڈجیٹل نقشوں سے لفظ ’’اسرائیل‘‘ ہٹا دیا ہے۔ تاہم، آج اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم، کمپنی کی جانب سے اس کے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ وال سٹریٹ جرنل نے گزشتہ دنوں رپورٹ کیا تھا کہ ’’بائیڈو‘‘(Baidu) اور ’’علی بابا‘‘ (Alibaba) کے آن لائن ڈجیٹل نقشوں پر اب اسرائیل کا نام نہیں ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے کہا کہ ’’بائیڈو کے چینی زبان کے آن لائن نقشے اسرائیل کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی علاقوں کے علاوہ اہم شہروں کی بھی نشاندہی کرتے ہیں، لیکن واضح طور پر نام سے ملک کی شناخت نہیں کرتے۔‘‘ اخبار نے نوٹ کیا کہ لکسمبرگ جیسے چھوٹے ملک کے نام بھی ان ڈجیٹل نقشوں پر مکمل طور پر لکھے ہوئے ہیں۔ وال اسٹریٹ نے اس ضمن میں ان کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے کہ وہ اس کی وضاحت کریں کہ اسرائیل کا نام نقشوں سے کیوں ہٹا دیا گیا ہے لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ 
خیال رہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک کی یکجہتی فلسطینی عوام کے ساتھ ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ غزہ میں اسرائیل کے مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پورے مشرقی ایشیا میں ہزاروں لوگ احتجاج کر رہے ہیں اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تمام افراد فلسطینیوں کو انسانی امداد کی اجازت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

کویت کی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت، جنگ بندی کا مطالبہ
کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔ علی الصباح، امیر کی جانب سے پارلیمنٹ کے باقاعدہ دوسرے اجلاس کے آغاز میں پارلیمنٹ سے خطاب کر رہے تھے۔

یو این آر ڈبلیو اے کا ۷؍ اکتوبر سے غزہ میں ہلاک ہونے والے اپنے ۶۳؍ ارکان کا سوگ 


اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) نے ۷؍ اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اپنے عملے کے۶۳؍ ارکان پر سوگ منایا۔ ادارے نے اپنے ایکس پر کہا کہ ’’۷؍اکتوبر سے غزہ میں مارے گئے ہمارے ۶۳؍ ساتھیوں کے غم کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔یہ مسلسل تکلیف جو روزانہ ہورہی ہے، اب اسے رُک جانا چاہئے۔‘‘ اس میں کہا گیا ہے کہ عملے کو شدید خطرات کے باوجود ایجنسی غزہ میں ضرورت مندوں کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔واضح رہے کہ یو این آر ڈبلیو اے غزہ میں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی سب سے بڑی ایجنسی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK